سرینگر// حریت (ع)نے متعدد مزاحمتی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف پی ایس ائے کے اطلاق کو سراسر انتقام گیرانہ سیاست کاری قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔ بیان میں سرکردہ مزاحمتی خاتوں رہنما آسیہ اندرابی کو گرفتار کرکے جیل میں مقید کرنے اور مزاحمتی کارکنوں سراج الدین میر اور عبد الرشید مغلو کو گرفتار کرکے ان کیخلاف پی ایس ائے عائد کئے جانے کے عمل کو حکمرانوں کی اس پالیسی کا حصہ قرار دیا ہے جس کے تحت وہ آئے روز کسی نہ کسی بہانے مزاحمتی رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرکے ان کو اپنی جارحانہ پالسیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک طرف مزاحمتی قیادت کو گھروں اور تھانوں میں نظر بند اور مقید کرکے ان کی پُر امن سرگرمیوں پر طاقت کے بل پر قدغنیں عائد کی جارہی ہے اور دوسری طرف مزاحمتی کارکنوں کیخلاف کریک ڈاون کرکے ان کو تعزیبی حربوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ بیان میں حکمرانوں کی اس روش کو سراسر استعماری حربے قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ اس طرح کے غیرجمہوری عمل سے مزاحمتی کارکنوں اور رہنمائوں کے حوصلوں کو نہ شکست دی جاسکتی ہے نہ انہیں اپنے مبنی برحق موقف سے دستبردار کیا جاسکتا ہے۔