سرینگر//حریت (گ)،حریت (ع)، پیپلز فریڈم لیگ،سالویشن مومنٹ اورڈیمو کر ٹیک پولیٹکل مو منٹ نے سانبورہ میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسند کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے، اس کیلئے صرف اور صرف بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی ذمہ دار ہے۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے، اس کے لیے صرف اور صرف بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی والی پالیسی ذمہ دار ہے۔ اپنے ایک بیان میںگیلانی نے کہا کہ بھارتی پالیسی ساز جموں کشمیر میں 1990 جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ یہاں کے لوگوں کو آزادانہ طور قتل وغارت گری کا نشانہ بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کوپشت بہ دیوارکررہے ہیں اور طاقت کے بے تحاشا استعمال کرکے انہیں ہر طرح سے بے بس بنانا چاہتے ہیں۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارتی حکمران اصل میں جموں کشمیر میں سیاسی اور پُرامن جدوجہد کے ماحول کو ختم کرکے غیر یقینی سیاسی صورتحال اور بے چینی کو بڑھاوا دینا چاہتے ہیں، تاکہ یہاں کے نوجوان سخت راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں۔ گیلانی نے ایک بار پھر یہ بات دہرائی کہ جموں کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور اس کو صرف اپنے تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے دہلی کے اربابِ اقتدار کو مشورہ دیا کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے زمینی حقائق قبول کریں اور کشمیریوں کے دیرینہ مطالبۂ حقِ خودارادیت کو پورا کرنے کے اپنے وعدے نبھائیں۔ بیان کے مطابق گیلانی کی ہدایت پر ایک وفد نے ترال جاکرکمانڈر نور الدین تانترے کو خراج عقیدت ادا کیا۔ وفد میں بشیر احمد قریشی، رمیز راجہ، مختار احمد اور جاسف احمد شامل تھے۔ حریت (ع) ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ ہمارے یہ جیالے اپنی چڑھتی جوانیوں کو قوم کی آزادی اور سربلندی کیلئے قربان کر رہے ہیں اور پوری قوم ان کی قرضدار ہے۔ ایک بیان کے مطابق حق و انصاف پر مبنی عوامی جدوجہد کو پائے تکمیل تک لے جانا قیادت اور قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس دوران ترجمان نے جموں کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی فوجوں کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری میں زبردست شدت آنے کی وجہ سے جنگ جیسی صورتحال پیدا ہونے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف کنٹرول لائن کے آرپار جانی و مالی نقصان اٹھانے کے علاوہ شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے بلکہ ان حالات کی وجہ سے ایک بڑے فوجی تصادم کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے جو پورے برصغیر کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ حریت کانفرنس نے بار بار اس امر کا اظہار کیا ہے کہ ہندوپاک کے درمیان مخاصمت اور کنٹرول لائن پر مسلسل کشیدگی اور گولہ باری کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر اور کشمیر میں ہو رہی انسانی حقوق کی مسلسل پامالیاں ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کی موجودگی میں دائمی امن اور ساز گار ماحول کا قیام ناممکن ہے۔ پیپلز فریڈم لیگ ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی پالیسیاں یہاں کے نوجوان نسل کو عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہی ہے۔ سالویشن مومنٹ نے خراج عقیدت ادا کیا۔بیان کے مطابق سالویشن مومنٹ کے عدنان سلفی،محمد اسحاق اورامتیاز احمد نے جاں بحق ہوئے جنگجو کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ڈیمو کر ٹیک پولیٹکل مو منٹ کے چیئر مین فر دوس احمد شاہ نے خر اج عقیدت پیش کر تے ہو ئے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام نے جو ما لی و جا نی قربانیاں دی ہیں ، اُن کی بد ولت ہی آ ج مسئلہ کشمیر عا لمی سطح پر اُجا گر ہو ا ہے ۔