سرینگر//آزادی پسند قائدین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک نے کاکہ پورہ میں تین عسکریت پسندوں کو جاں بحق کرنے کے بعدمعصوم نوجوان کو ٹارگیٹ بناکر مارنے اور 40سے زائد افراد کو زخمی کرنے کی مذمت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں مزاحمتی قائدین نے اس طرز عمل کو کشمیری بچوں کی منصوبہ بند نسل کشی سے تعبیر کیا ہے اور 23جون یعنی آج نماز جمعہ کے بعد احتجاج کرنے کی کال دی ہے۔اس دوران جماعت اسلامی،فریڈم پارٹی،تحریک مزاحمت، دختران ملت، پیپلز لیگ کے دھڑوں، کشمےر تحرےک خواتےن ،لبریشن فرنٹ ( آر )، مسلم لیگ،پیپلز پولیٹکل فرنٹ،ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ ، ماس مومنٹ، پیپلز فریڈم لیگ، مسلم کانفرنس ،محاز آزادی ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ،ینگ مینز لیگ ، تحریک استقامت، مسلم خواتین مرکز،پیروان ولایت،ووئس آف وکٹمز اور جموں کشمیر سیول رایٹس نے جاں بحق کئے گئے جنگجوﺅں اور ایک عام شہری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔متحدہ مزاحمتی قیادت نے کہا ہے کہ بھارت کے فوجی سربراہ بِپن راوت کی دھمکی کے بعد جموں کشمیر میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کا گراف بہت بڑھ گیا ہے اور فورسز اہلکاروں کو قتل عام کی باضابطہ لائسنس حاصل ہوگئی ہے۔ مشترکہ بیان میں مزاحمتی قائدین نے کہا کہ اس نوعیت کے سانحات کے خلاف اگرچہ ہڑتال بُلانے کا معمول رہا ہے، البتہ شبِ قدر اور جمعة الوداع کی مقدس تقریبات کے پیشِ نظر اب کی بار ایسا ممکن نہیں ہے۔ مشترکہ قیادت نے کشمیریوں کی نسل کُشی پر عالمی برادری کی خاموشی کو مجرمانہ اور بے رحمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی 10لاکھ کے لگ بھگ فوج نہتے شہریوں کے خلاف برسرِ جنگ ہے اور وہ انہیں چُن چُن کر قتل کررہی ہے۔ عالمی برادری اس قتل عام کا کوئی نوٹس نہیں لے رہی ہے ۔ قائدین نے جاں بحق کئے گئے عسکریت پسندوں اور سول نوجوان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ تلاشیوں کے بہانے فورسز نے وادی میں عوام کو ہراساں اور خوف زدہ کرنے کے علاوہ مکینوں کو مارنے پیٹنے اور گھریلو سامان کو تہس نہس کرنے کا جو سلسلہ شروع کررکھا ہے، وہ غیر انسانی، غیر مہذب اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق جھڑپوں کے دوران جس طرح مکانات کو بارود سے اُڑاکر زمین بوس کردیا جاتا ہے‘ یہ ایک انتقام گیرانہ کارروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ جماعت اسلامی نے اقوام عالم اور انسانی حقوق سے متعلق اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ عوام کو فورسز کے قیامت خیز مظالم سے نجات دلوانے کی خاطر ٹھوس اقدامات کریں۔فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے کاکہ پورہ میںجاں بحق ہوئے افراد کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک عرصہ سے مسلسل ایسے واقعات رونماہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے واقعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان عوامل پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ دیکھا جائے کہ وہ کون لوگ ہیں جو آستین کے سانپ بنے کس طرح ہمیں جانی نقصان پہنچارہے ہیں ۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مقصد آگے لے جانے کے لئے وعدہ بند ہیں ‘۔دختران ملت نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی پسند قیادت اور جنگجوﺅں کو اپنی صفوں کا فوری جائزہ لینا چاہئے اور جہاں کہیں کمزوریاں ہوں ان کا سدباب ہونا چاہئے تاکہ نقصان کو روکا جاسکے۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا ” نوجوانوں کی ہلاکتوں کا یہ سلسلہ تحریک کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اور اس پر ہر ذی شعور کا پریشان ہونا لازمی ہے“۔ پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری ، کشمےر تحرےک خواتےن کی سربراہ زمردہ حبےب ،لبریشن فرنٹ ( آر ) کے جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے جاں بحق ہوئے افراد کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان اپنی عزیز جانوں کی قربانیاں پیش کرکے ہمارے کندھوں پر عظیم ذمہ داریاں ڈال رہے ہیں ۔مسلم لےگ کے قائمقام چیئرمےن محمد ےوسف مےر، عبدالرشےد کولہ پوری، منظوراحمد للہاری اور عبدالرشےد خان پر مشتمل ایک وفد نے کاکہ پورہ پلوامہ اور سوپورمیں نماز جنازوں مےں شرکت کی ۔ترجمان کے مطابق محمد ےوسف مےر نے ٹےنگہ پورہ مےں توصےف کی نماز جنازہ کی پیشوائی کی۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے منتظم اعلیٰ میر غلام حسن، محمد اشرف، محمد ابراہیم اور برکت اللہ نے براٹ سوپور اور اندرگام پٹن جاکرگلزار احمد اورطاہر احمد کے گھر جاکر متعلقین کے ساتھ تعزیت،ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ کے چیئرمین ایڈوکیٹ محمدشفیع ریشی ، ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی، پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے عبوری چیئرمین محمد مقبول صوفی، پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان، مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاز آزادی کے صدر محمد اقبال میر،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار ، مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجا ، اسلامک پولٹیکل پارٹی جموں کشمیر کے سربراہ محمدیوسف نقاش نقاش اور جموں کشمیر سیول رائیٹس کی چیئر پرسن تنویر فاطمہ نے جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں اور عام شہری کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ ان ہی کے طفیل سے آزادی برائے اسلام کی مشعل روشن ہے‘۔