سرینگر// حریت کانفرنس (ع)نے کشمیری عوام کی اپنی مبنی برحق حدوجہد کے تئیں استقامت اور وابستگی کو ہر لحاظ سے قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو توڑنے کیلئے گزشتہ کچھ مہینوں سے سرکاری سطح پر جس ظلم و تشدد کا مظاہرہ کیا گیا،اس کے باوجود اہل کشمیر کی جانب سے عزم و ثبات کا مظاہرہ اس بات کی دلیل ہے کہ حالات کیسے بھی ہوں عظیم قربانیوں سے مزین تحریک یہاں کے عوام کے خون میں رچ بس گئی ہے ۔ حریت چیرمین میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر شمال کشمیر ،جنوبی کشمیر اور وسط کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی مہینوں کے دوران جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین اور متاثرہ لوگوں کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کے اظہار کیلئے حریت قائدین کی قیادت میں مختلف وفود نے ان علاقوں کے دورے کے دوران ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کی قربانیوں کو بے مثال اور رواں تحریک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔اس ضمن میں حریت رہنما محمد مصدق عادل کی قیادت میں وفد جس میںعبدالمجید وانی اور میر غلام حسن شامل تھے، نے کرالہ پورہ منی گام ،واگورہ اور ہندوارہ ، حریت رہنما مختار احمد وازہ کی قیادت میں وفد نے قاضی گنڈ اور چُرک جہاں دو خواتین اور ایک نوجوان جاں بحق ہوا تھا جبکہ اس موقعہ مہلوکین کے ورثاءکے ساتھ میرواعظ نے ٹیلیفون کے ذریعہ اپنی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ قربانیاں کبھی رائیگان نہیں جائیں گی اور ان قربانیوں کی ہر حال میں حفاظت کی جائیگی۔جبکہ حریت رہنما انجینئر ہلال احمد وار کی قیادت میںوفد نے بٹہ مالو اور پالہ پورہ عیدگاہ جاکرمہلوکین کے ورثاءکے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور حریت چیرمین اور جملہ حریت قیادت کی جانب سے ان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی عوام کی قربانیوں نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بنایا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حریت قیادت کی کوششیں ہر سطح پر جاری رہیں گی ۔