عاصف بٹ
کشتواڑ//سب ڈویژن مڑواہ کی 40000سے زائد آبادی کو جموں کشمیر کے مختلف علاقہ جات سے جوڑنے والی واحد مرگن گاورن انشن سڑک گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے آمددفت کیلئے بند پڑی ہے۔سڑک پر برف ہٹانےکا عمل گزشتہ ایک ہفتہ سے تیزی سے جاری ہے اور اب محکمہ پی ایم جی ایس وائی مڑواہ نے مرگن سے انشن سڑک پر برف ہٹانے کا عمل بھی شروع کیا ہے۔ یہ سڑک دو ڈویژنوں کے ماتحت۔جہاں اننت ناگ انتظامیہ گاورن سے مرگن تک برف ہٹانے میں لگی ہوئی ہے وہیں کشتواڑ ڈویژن کے تحت آنے والے حصہ پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے برف ہٹانے کاعمل شروع کردیا ہے۔ یہ سڑک گزشتہ ماہ مرگن ٹاپ پر ہوئی برفباری کے سبب آمدورفت کیلئے بند ہوئی تھی جسکے بعد سے علاقہ جات کی عوام کا سڑک رابطہ منقطع ہوکررہ گیا ہے۔علاقہ کی عوام نے اس سڑک کو ماہ رمضان سے قبل آمدورفت کے قابل بنانے کی اپیل کی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں راشن ،ادویات و دیگر ضروری اشیاء کی کمی ہے ۔لوگوں کا کہناہے کہ چند روز بعد طلبا کے امتحان ہیںاور اب وہ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔محمد یاسین نامی مقامی شخص نے بتایا کہ ماہ رمضان کا مقدس مہینہ چند روز میں شروع ہونے جارہاہے، جہاں انتظامیہ کو اس کیلئے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں اورضروری اشیا ءکو علاقہ میں پہنچانا چاہئے لیکن انتظامیہ خواب غفلت میں ہے اور لوگوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں قائم دوکانوں پر سامان ختم ہوچکا ہے اور دوکانیں خالی پڑی ہیں۔ مقامی لوگوں نے مانگ کی کہ مرگن سڑک کو جلد از جلد آمدورفت کے قابل بنایا جائے تاکہ عوام کو ماہ رمضان کے متبرک ایام میں ضروری اشیائے خوردنی میسر ہوسکیں۔اس دوران حکام نے بتایا کہ بر ف ہٹانے کا عمل مسلسل جاری ہے اور کوکرناگ انتظامیہ نے مرگن ٹاپ تک برف ہٹانے کاعمل چند روز قبل ہی مکمل کرلیاہے جبکہ مڑواہ انتظامیہ سست روی سے کام کررہی ہے اور ابھی تک چند کلومیٹر سڑک پر ہی برف ہٹائی گئی ہے۔حکام کے مطابق اگر موسم بہتر رہاتو آنے والے ایک ہفتے تک سڑک پر برف ہٹاکر اسے آمدورفت کے قابل بنایا جائیگا۔