سرینگر //جمعیت اہلحدیث نے سلفیہ بائز عربک کالج مومن آباد بٹہ مالو میں مرکز ابن مسعود لتحفیظ القرآن کی عمارت کا افتتاح کیا گیا۔ایک بیان کے مطابق جموں و کشمیر کے ہر خطے سے جمعیت کے ذمہ داروں، اساتذہ اور سول سوسائٹی ارکان نے اس محفل میںشرکت کی۔تنظیم کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عمارت کی تعمیر میں سبھی حصہ لینے والے لوگوں کو دعائیں دیں۔انہوں نے تنظیم کے نائب صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی کی محنت اور تگ و دو کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملت کا ہر طبقہ جس طرح جمعیت کے ہر منصوبہ کو کامیاب بنانے کے لئے توقع سے بڑھ کے تعاون دے رہا ہے وہ یہ آس بندھارہا ہے کہ عنقریب ایک جامعہ کا قیام عمل میں لانا ممکن ہوسکتا ہے ۔ نائب صدر جمعیت اور سلفیہ مسلم ایجوکیشنل و ریسرچ ٹرسٹ کے سیکرٹری ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے بھی اس کام میں حصہ لینے والے سبھی افرادکو دعائیں دیں۔ مرحوم ناظم تعمیرات شکیل احمد زرو کی خدمات کا ذکر کیا ۔