جموں //مرکزی حکومت نے ضلع کشتواڑمیں دریائے چناب پر تعمیر کئے جانے والے کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی تعمیر کو منظوری دے دی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مالی معاملات سے متعلق کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں 624میگا واٹ کے صلاحیت والے اس پروجیکٹ کی تعمیر کو منظوری دی گئی ہے ، چناب ویلی پائور پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ (M/s CVPPPL) کی طرف سے تعمیر کئے جانے والے اس پروجیکٹ کا ابتدائی لاگت کا تخمینہ 4287.59 کروڑ روپے لگایا گیا تھا۔ جولائی 2018کے انڈیکس کے مطابق لگائے گئے تخمینہ میں دوران تعمیر سود (IDC) ، غیر ملکی کمپوننٹ426.16 کروڑ روپے اوراین ایچ پی سی کی انفیوژن آف ایکوٹی 630.28کروڑ روپے شامل ہے ۔ پروجیکٹ 156میگا واٹ کے چار حصوں پر مشتمل ہوگا اور قبل از تعمیر کی سرگرمیوں کے لئے 70کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ چناب ویلی پائور پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ (M/s CVPPPL) این ایچ پی سی، ریاستی پائور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (JKSPDC) اور PTCکی مشترکہ فرم ہے جس میں ان تینوں کے حصص بالترتیب 49%, 49%اور 2%ہیں۔کیرو پروجیکٹ کو سندھ طاس معاہدہ میں 135طے شدہ ضوابط کے مطابق ڈیزائین کیا گیا ہے ، اس میں 135میٹر اونچا کنکریٹ ڈیم تعمیر کے علاوہ ایک زیر زمین پائور ہائوس ، 4ٹنل تعمیر کئے جائیں گے جن کا قطر7میٹر جب کہ لمبائی 165اور 190میٹر کے درمیان ہے ۔ اس پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے ساڑھے چار سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔