عظمیٰ نیوز سروس
کیرالہ// صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کی سکیورٹی میں بدھ کے روز ایک بڑی لاپرواہی کا انکشاف ہوا، جب ان کا ہیلی کاپٹر کیرالا کے پتھنم تیتا ضلع میں واقع سبریمالا کے پرمدم اسٹیڈیم کے ہیلی پیڈ پر اترتے ہی کنکریٹ میں دھنس گیا۔ خوش قسمتی سے صدر محفوظ رہیں اور ایک ممکنہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گئیں۔ذرائع کے مطابق صدر کو سبریمالا کے دورے پر لے جانے والا ہیلی کاپٹر بدھ، 22 اکتوبر کو جس ہیلی پیڈ پر اترا، وہ آخری وقت میں تیار کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ہیلی پیڈ پر کنکریٹ کا کام اسی صبح مکمل ہوا تھا اور اس کے خشک ہونے کے لیے مناسب وقت نہیں ملا۔ نتیجتاً، جیسے ہی ہیلی کاپٹر نے زمین کو چھوا، اس کے پہیے نرم کنکریٹ میں دھنس گئے۔محکمہ انٹیلی جنس نے ایک روز قبل ہی ریاستی انتظامیہ کو خبردار کیا تھا کہ ہیلپ پیڈ کا کنکریٹ ابھی مکمل طور پر خشک نہیں ہوا ہے، اس لیے وہاں ہیلی کاپٹر نہ اتارا جائے لیکن یہ انتباہ نظرانداز کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہیلی پیڈ کی تعمیر کا فیصلہ منگل کی شام اچانک کیا گیا تھا، جس کے بعد راتوں رات کنکریٹ کا کام شروع کر دیا گیا۔ پائلٹوں کی ہدایت پر صبح تک اس کی سطح ہموار کر کے تیار سمجھ لی گئی۔جب ہیلی کاپٹر زمین پر اترا تو اس کے پہیے دھنسنے لگے، جس کے بعد فوراً پولیس، فائر بریگیڈ اور تکنیکی عملہ موقع پر پہنچا۔ کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد ہیلی کاپٹر کو نکالا گیا۔ صدر کے ہمراہ موجود افسران اور سکیورٹی اہلکاروں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ واقعہ میں کسی کو چوٹ نہیں آئی۔رپورٹس کے مطابق صدر مرمو کی سبریمالا یاترا کے حوالے سے صبح چار بجے تک یہ واضح نہیں تھا کہ وہ سڑک کے راستے جائیں گی یا ہیلی کاپٹر سے۔ ترواننت پورم سے پمبا تک سڑک راستے کی بھی تیاری کی گئی تھی اور اسی امکان کے پیشِ نظر پولیس کو راستے پر تعینات کیا گیا تھا۔صدر مرمو سبریمالا کے مشہور مندر میں بھگوان ایّپا کی پوجا کے لیے پہنچی ہیں۔ اس موقع پر ریاست میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔واقعے کے بعد ملک کی کئی اہم شخصیات نے صدر کی خیریت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا، ’’شکر ہے کہ ہماری صدر دروپدی مرمو جی آج صبح کیرالہ کے دورے کے دوران ایک بڑے حادثے سے بچ گئیں۔
میں ان کی طویل عمر اور صحت مند زندگی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘یہ واقعہ صدر کی سکیورٹی کے انتظامات پر سنگین سوال کھڑے کرتا ہے، خاص طور پر جب انٹیلی جنس کی جانب سے پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا۔ ریاستی حکومت نے پورے معاملے کی جانچ کے احکامات دے دیے ہیں۔