یواین آئی
نئی دہلی // صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو اوروزیراعظم نریندر مودی نے ہولی کے مقدس تہوار پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے ۔صدرجمہوریہ محترمہ مرمو نے جمعرات ہولی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا، “ہولی کے پرمسرت موقع پر، میں ہندوستان اور بیرون ملک کے تمام لوگوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں انہوں نے کہا، “رنگوں کا یہ تہوار اپنے ساتھ خوشی اور جوش و خروش لے کر آتا ہے۔ یہ تہوار ہماری زندگیوں میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کے جذبات کو مضبوط کرتا ہے۔ ہولی کے بہت سے رنگ تنوع میں اتحاد کے جذبے کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہولی کا یہ تہوار برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت بھی ہے۔ یہ تہوار ہمیں سکھاتا ہے کہ ہمیں ہر ایک کے ساتھ محبت اور ہم آہنگی برقرار رکھنی چاہیے۔ میری خواہش ہے کہ یہ تہوار آپ سب کی زندگیوں میں خوشحالی اور خوشیاں لائے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سبھی کو ہولی کی مبارکباد دی۔ مودی نے کہا کہ خدا کرے کہ یہ تہوار سبھی کی زندگیاں نئے جوش و خروش اور توانائی سے بھردے اور اہل وطن کے درمیان یکجہتی کے رنگ کو بھی گہرا کرے۔وزیر اعظم کے دفتر نے ایکس پر پوسٹ کیا:’’آپ سبھی کو ہولی کی ڈھیروں مبارکباد! مسرت و شادمانی سے معمور یہ تہوار سبھی کی زندگی میں نیا جوش و خروش اور توانائی لے کر آئے اور اہل وطن کی یکجہتی کے رنگ کو مزید گہرا کرے، یہ تمنا ہے۔ ‘‘