عظمیٰ نیوزسروس
جموں //جموں و کشمیر کے ایک پوسٹ آفس سے چلنے والے مالیاتی ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نےجموں کے گاندھی نگر ہیڈ پوسٹ آفس میں پانچ پوسٹل ملازمین کے خلاف ایک فوت شدہ سینئر خاتون کے سیونگ اکاؤنٹس سے ہزاروں روپے چرانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ وفاقی ایجنسی نےصدف گلزار، سابق پوسٹل اسسٹنٹ؛ سریندر سنگھ،سابق پوسٹل اسسٹنٹ،کرون شرما،سابق پوسٹل اسسٹنٹ، جوگندر سنگھ، سابق پوسٹل اسسٹنٹ اور امیتا پوسٹل اسسٹنٹ، اور دیگر نامعلوم کو ملزم کے طور پر نامزد کیا ہے۔سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ دھوکہ دہی کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے ملزمین کی ایک فہرست تیار کی گئی ہے جس کی شروعات گزشتہ سال ستمبر میں رانی فوتیدارنامی کھاتہ دار کے تین اکاؤنٹس 0783869052، 0783869025اور 0783869007 کے غیر قانونی طور پر بند ہونے سے ہوئی تھی۔فوتیدار کا انتقال 23فروری 2011کو ہوا، اور اس کا اکاؤنٹ اس وقت غیر فعال تھا جب ڈاک کے ملازمین نے مبینہ طور پر غلط استعمال کی سازش کی تھی۔سی بی آئی ایف آئی آر نے دھوکہ دہی، سازش، کھاتوں میں جعلسازی اور مجرمانہ بدانتظامی کے جرم میں درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا”اکاؤنٹ بند کرنے کی رقم دھوکہ دہی سے سیونگ بینک کاؤنٹ نمبر 010031859539 میں رانی کے نام پر جمع کی گئی اور بعد میں نقد رقم نکال لی گئی”۔ایف آئی آر میں کہا گیا”شکایت، ابتدائی طور پرملزم پوسٹل اہلکاروں کے ذریعہ ایکٹ 120-B IPC معہ 420, 477-Aآئی پی سی ، سیکشن 13 (1) (a) معہ 13(2) ایکٹ 1988 (میں ترمیم شدہ) کے تحت قابل سزا جرائم کے کمیشن کو ظاہر کرتی ہے “۔سی بی آئی نے جموں ڈویژن کے پوسٹ آفس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ انکش بھگت کی شکایت موصول ہونے پر پیر کو پانچ پوسٹل ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔سی بی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ گاندھی نگر ہیڈ پوسٹ آفس حالیہ مہینوں میں ان کی زد میں آیا ہے کیونکہ اگست میں اس کے ملازمین کے خلاف اسی طرح کا دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جہاں اس سال مئی میں ایک صارف کا پبلک پراویڈنٹ فنڈ اکاؤنٹ غلط طریقے سے بند کر دیا گیا تھا۔ اس کیس میں 23.36 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم شامل تھی۔فوتیدار کیس اور پی پی ایف اکاؤنٹ کیس میں نامزد ڈاک ملازمین ایک جیسے ہیں۔ سی بی آئی نے اگست میں بھی ملزمان کے گھروں کی تلاشی لی تھی۔