عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے 119ویں یوم پیدائش پر اُن کے مقبرہ واقع نسیم باغ حضرت بل میں سخت سردی کے باوجود پارٹی کارکنان کے نمائندوں نے شرکت کی۔مرحوم کے مزارپر گلباری اور فاتحہ خوانی ادا کی گئی ، جبکہ صبح 9بجے شیر کشمیر ریڈنگ روم لائبریری میں قرآن خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی ۔ پارٹی لیڈران نے شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی تاریخ ساز اور ناقابل فراموش تحریک حریت کشمیر کے سلسلے میں مرحوم کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اِن کی کوششوں کی بدولت طویل جدوجہد اور بے پناہ مشکلات کی بدولت اہل کشمیر کو شخصی راج سے نجات ملا، 80فیصدی دیہی آبادی کو زمین پر مالکانہ حقوق حاصل ہوئے، مفت تعلیم، پریس پلیٹ فارم کی آزدی ، مذہبی آزادی اور ووٹ پرچی کا حاصل ہواجبکہ سود خوری ، چک داری، بے گاری اور کشمیریوں کو نجات ملی اور مرحوم شیخ صاحب کی عظیم قربانیاں تا قیامت اہل کشمیر کے دلوں میں یاد رہیں گی۔پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر و وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے صبح 11بجے مزار قائد پر آکر فاتحہ خوانی اور گلباری انجام دی۔ اس کے بعد مرحوم کے مرقد پر اجتماعی فاتحہ خوانی ادا کی گئی، جس میں دونوں قائدین کے علاوہ معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، عبدالرحیم راتھر، ناصر اسلم وانی،وزیر سکینہ ایتو، جاوید احمد ڈار، ٹریجرر شمی اوبرائے، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، چودھری محمد رمضان، شریف الدین شارق، ایڈوکیٹ شوکت احمدمیر، مبارک گل، نذیر احمد خان گریزی، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، الطاف کلو، مشتاق گورو، مدثر شاہ میری، پیر آفاق احمد، شمیمہ فردوس، عبدالمجید لارمی، علی محمد ڈار، غلام محی الدین میر، سلمان علی ساگر، سید توقیر، شوکت حسین گنائی، ڈاکٹر سجاد شفیع، سیف الدین بٹ، ہلال اکبر لون، ریاض بیدار، ارشاد رسول کار، ایڈوکیٹ ریاض احمد خان، ڈاکٹر محمد شفیع، پیرزادہ فیروز، جگدیش سنگھ آزاد، عفراء جان،امیت کول، شیخ اویس، میر غلام رسول ناز، شیخ محمد رفیع، انجینئر صبیہ قادری، ایڈوکیٹ نیلوفر مسعود، یونس مبارک گل، ناصر لون، ڈاکٹر سعید کے علاوہ عہدیداران، ضلع اور بلاک صدور نے شرکت کی ۔اس موقع پروزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کے بانی اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ شیخ محمد عبداللہ کو ان کی 119 ویں یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے نسیم باغ حضرت بل کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ کو ان کی دُور اندیش قیادت اور جموں و کشمیر میں ان کی بے مثال خدمات کے لئے یاد کیا جاتا ہے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نسیم باغ میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے ہمراہ شیخ محمد عبداللہ کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے نظریات کے تئیں اَپنی وابستگی کا اعادہ کیا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں شیخ محمد عبداللہ کے دیرپا اثرات کی عکاسی کرتے ہوئے کہا’’ شیر کشمیر کا نظریۂ ہمیں اَپنے لوگوں کی بہتری کے لئے انتھک محنت کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ آج ہم اُن کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں اور اِنصاف، مساوات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ان کے نظریات کے تئیں اَپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں‘‘۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے والد کی خدمات کا بھی احترام کرتے ہوئے اُنہیںایک رہنما رہنما قرار دیا جس کے اصول ہمیشہ ہمیں آگے لے جائیں گے ۔اس یادگاری پروگرام میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں ، کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی جو جموں و کشمیر کی تاریخ کی ایک قد آور شخصیت شیخ محمد عبداللہ کی زندگی اور میراث کو یاد کرنے کے لئے جمع ہوئے تھے۔ادھر پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگرنے پارٹی کارکنوں خصوصاً یوتھ نیشنل کانفرنس سے وابستہ عہدیداران اور کارکنوں کا تہیہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ٹھٹھری سردی نسیم باغ میں حاضری دی۔