کشتواڑ//سالانہ سرتھل دیوی دو روزہ یاترا کی شروعات نہایت ہی مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ کی گئی۔اس موقعہ پر گوری شنکر مندر سرکوٹ سے ایک پُر وقار شوبھا یاترا نکالی گئی ،جو کہ چوگان گرائونڈ اور کشتواڑ کے مین مارکیٹ سے ہوتے ہوئے روائتی ڈرم بجا کر اوررقص کرتے ہوئے ا ور بھجن گا کر روانہ ہوئی۔یاترا میں شردھالووں، سکولی بچوں اور سماج کے مختلف طبقہ کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔سرتھل دیوی جی ٹرسٹ کشتواڑ کے ممبروںنے چھڑی مبارک کو لیکر یاترا کی قیادت کی جو کہ بس اسٹینڈ کشتواڑمیں اختتام پذیر ہوئی،جہاں سے شردھالوگاڑیوں میں سوار ہو کر ماں اشٹھدش بھوجا کے تاریخی خوبصورت مقام سرتھل کی جانب روانہ ہوئی۔ کل صُبح سرتھل میں ایک مہا یگیہ رچایا جائے گا،جہاں پر دیوی اشٹھ بھوجا ماتا کو چھڑی مبارک پیش کی جائے گی ۔ یہ یاترا کی کشتواڑ کی قدیم روایت کی ایک علامت ہے جسے عام طور سے ’’سرکاری یاترا‘‘ کے نام سے منسوب کیا جا رہا ہے کیونکہ اس یاترا کا اہتمام مہاراجائوں کی جانب سے ہر سال کیا جاتا تھا۔اب اس تواریخی یاترا کا اہتمام شری سرتھل دیوی جی ٹرسٹ کرتا ہے۔ضلع انتظامیہ نے یاترا کے سلسلہ میں سیکورٹی ،پینے کے پانی،بجلی کی سپلائی ،ٹرانسپورٹ و دیگر سہولیات کا معقول انتظام کیا ہے۔