سرینگر//کشمیر کی بگڑتی سیاسی صورتحال پر کانگریس نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے موجودہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔پردیش کانگریس کمیٹی نے اپنے ایک بیان میںجنوبی کشمیر میں ہوئی ہلاکتوں پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے موجودہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ ریاست کے وسیع مفاد کی خاطر یہاں خون خرابہ بند ہونا چاہئے۔ پارٹی نے مخلوط حکومت کی پالیسوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں سیاسی انارکی کی ذمہ دار بھی یہی جماعتیں ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیوں کو شہری ہلاکتوں سے اجتناب برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ فورسز کو ہر حال میں احتیاط سے کام لینا چاہیے تاکہ ریاست کے وسیع تر مفاد کے لیے انسانوں جانوں کو تلف ہونے سے بچایا جائے۔پارٹی نے مرکزی و ریاستی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے ریاست میں امن بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔اس دوران پارٹی کے سینئر لیڈر مشتاق احمد کھانڈے نے بھی شوپیان میں عام نوجوانوں کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے اسے بدقسمتی سے تعبیر کیا ہے۔