سوپور// سینئر کانگریس لیڈر طاروق حمید قرہ نے موئے تراشی کے واقعات کو ریاستی حکومت کی طرف سے ذہنوں کو دہشت زدہ کرنے کا حربہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے واقعات ذہنی دہشت گردی ہے ۔اانہوں نے کہاکہ یہ وہ سازش ہے جو اسرائیل نے فلسطینیوں کے خلاف آزمائی تھی۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی سازش اسرائیل سے حاصل کی گئی ہے تاکہ جموں وکشمیر کے عوام کو زیر کیا جاسکے ۔انہوں نے موئے تراشی واقعات کو معاشی و جذباتی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ پی ڈی پی ،بی جے پی اور آر ایس ایس کی منصوبہ بند سازش ہے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ پولیس افسران زیادہ ہی اچھل رہے ہیں اور وہ سابق پولیس آفیسرفاروق خان کی طرح ترقی پانے کے خواب دیکھ رہے ہیں ۔ادھر ریاستی کانگریس نے موجودہ غیر یقینی صورتحال کیلئے مخلوط سرکار کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ پی ڈی پی اور بی جے پی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ پردیش کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے عدم تحفظ کی لہر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ملی جلی سرکار کو ضرور عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ سابق وزیر تاج محی الدین نے گیسو تراشوں کو امن و سماج دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرکار حالات پر اپنا کنٹرول کھو چکی ہے ۔ اپوزیشن جماعت پردیش کانگریس کے سینئرلیڈروں اور کارکنوں و ذمہ داروں کا ایک اہم اجلاس اتوار کو ڈاک بنگلہ سوپور میں منعقد ہوا ، جس کی صدارت کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کی جبکہ اس موقعہ پر تاج محی الدین ، طارق حمید قرہ ، عبدالرشید ڈار ، گلزار احمد وانی ، غلام نبی مونگا اور محمد مظفر پرے کے علاوہ دیگر کئی لیڈر اور ذمہ دار بھی موجود تھے ۔ کانگریس لیڈروں نے اپنی تقاریر کے دوران موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی ملی جلی سرکار ریاستی عوام کے جان و مال اور عزت کی حفاظت کرنے میں ناکام ثابت ہوچکی ہے ۔ پردیش کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سربراہی والی سرکار عوام اور ریاست کے تئیں اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ریاست بھر کے عوام کو طرح طرح سے پریشان کیا جارہا ہے تو دوسری جانب گیسو تراشی کے واقعات پر قابو پانے کیلئے سرکار کچھ نہیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شرمناک واقعات کے نتیجے میں ریاستی عوام بشمول کشمیریوں میں عدم تحفظ کی لہر دوڑ چکی ہے اور مجموعی طور پر پوری ریاست میں غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط سرکار میں شامل دونوں جماعتوں کو عام لوگوں کے خدشات ، تحفظات ، مسائل ، مشکلات اور مطالبات کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ کانگریس کے ریاستی صدر کا کہنا تھا کہ ریاست میں تب سے صورتحال مزید بگڑ گئی ، جب سے پی ڈی پی او بی جے پی کے درمیان اتحاد ہوا ۔ پردیش کانگریس صدر نے خبردا ر کیا کہ کشمیری عوام اپنی مائوں ، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ موجودہ توہین آمیز سلوک کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری مشینری عوام کا اعتماد بحال کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے ، جس کے نتیجے میں اب عوامی سطح پر اس سرکار کے خلاف سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ اجلاس سے جن دیگر لیڈروں نے خطاب کیا ان میں ممبر اسمبلی سوپور عبدالرشید ڈار ، کانگریس کے نائب صدر غلام نبی مونگا ، ممبر اسمبلی گلزار احمد وانی ، محمد مظفر پرے ، محمد انور بٹ ، فاروق اندرابی اور شعیب نبی لون بھی شامل ہیں ۔