سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے ممتاز انسٹی ٹیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس (آئی ایم ایف اے) کے طلباء نے حال ہی میں منعقدہ مختلف مقابلوں میں اعزاز حاصل کیاہے ۔محکمہ سیاحت کی طرف سے پہلگام میں سرمائی کارنیول کے دوران منعقدہ خطاطی مقابلہ میں اپلائیڈ آرٹ کے صہیب احمد حکیم نے پہلی پوزیشن (50000 روپے کا نقد انعام اور ایک سند)حاصل کی جبکہ لارا لی فاؤنڈیشن کی طرف سے ایک مقابلے میںاپلائیڈ آرٹ کے نومیر قادری اور انیس راشد کو تخلیقی ایکٹیوزم ایوارڈ میں ایک ایک ہزار امریکی ڈالر کا ایوارڈ ملا۔ وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے سنیچر کو وی سی سیکرٹریٹ کے لان میں منعقدہ ایک تقریب میں ایوارڈحاصل کرنے والے طلباء کی عزت افزائی کی ۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر ، پرنسپل آئی ایم ایف اے ڈاکٹر محمد حسین اور خصوصی سکریٹری وی سی ڈاکٹر تنویر اے شاہ موجود تھے۔ طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پروفیسر طلعت نے آئی ایم ایف اے کی جانب سے اپنے طلباء کو مختلف مقابلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کی کوششوں کی تعریف کی۔ ڈاکٹر میر نے کہا کہ یونیورسٹی کی مسلسل کوشش ہے کہ وہ اپنے طلباء کو مقامی ، قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے حوصلہ افزائی کرے اور یونیورسٹی میں اس طرح کے مقابلوں کے لئے ایک پلیٹ فارم بھی پیش کرے۔پروفیسر حسین نے آئی ایم ایف اے کے اقدامات میں وائس چانسلر اور رجسٹرار کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تخلیقی فن اور اظہار خیال کے افق کو وسعت دینے کے لئے مزید طلبا کو اس طرح کے مقابلوں میں شرکت کے لئے حوصلہ افزائی کریں گے۔