کشتواڑ میں لوک عدالت کا انعقاد9نومبر کو ہوگا
کشتواڑ//لیگل سروس دن کو منانے کے لئے ضلع لیگل سروسز اتھارٹی کشتواڑ کی جانب سے ضلع کورٹ کمپلیکس میں مورخہ9نومر کو ایک لوک عدالت کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔لوک عدالت میں پرنسپل ڈسٹرکٹ کشتواڑ/سب ۔جج،۔چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کشتواڑ اور منصف /جے ایم آئی سی کشتواڑ سے متعلق التوا میں پڑے فوجداری کیسوں ، دفعہ 138کے تحت این آئی ایکٹ کیسز، بینکوں کی وصولی،ایم اے سی ٹی کیسوں،میٹریمونیل، بجلی اور پانی کے بلوں (ماسوائے چوری کے کیسوں)،ریوینیو کیسوں و دیگر سول کیسوں کا افہام و تفہیم سے نپٹارہ کیا جائے گا۔تمام خواہشمند افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ عدالتوں/ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے ساتھ رابطہ کرکے اپنے کیس 31-10-2017سے قبل بھیجیں۔
ڈی سی نے شکایتی ازالہ کیمپ منعقد کیا
بھدرواہ//ضلع تررقیاتی کمشنر بھوانی رکوال نے گزشتہ روز ایک عوامی شکایتی ازالہ کیمپ منعقد کیا ۔کیمپ میں ایس ایس پی محمد شبیر ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امام دین، تحصیلدار ،ایس ڈی پی او نے ضلع و سب ڈویژنل افسروں کے ہمراہ شرکت کی۔کیمپ کے دوران مکینوں نے کئی سائل اُبھارے جن میں پانی، بجلی ،صحت، سڑک ،ٹریفک منیجمنٹ و غیرہ جیسے بنیادی مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے موقعہ پر موجود متعلقہ افسروںکو یہ مسائل حل کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے ٹریفک اور پولیس افسروںکو میونسپل حدود کے اندر پارکنگ کی جگہ تلاش کرنے کی ہدایت دی تا کہ غلط پارکنگ کی وجہ سے لوگوں کو در پیش مشکلات سے چھٹاکرہ دلایا جا سکے۔انہوں نے پی ایچ ای محکمہ سے بھی ہر گھر میں پینے کاپانی مہیا کرنے کیلئے کہا۔انہوںنے لوگوں سے علاقہ کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے کی تلقین کی۔
چیرجی میں فوج نے مشاعرہ کا انعقاد کیا
کشتواڑ//طلاب میں اعتماد پیدا کرنے اور ان میںبولنے کا ہنر فروغ دینے کے لئے فوج نے دیدنا ہائی سکول ،چیر جی خطہ میں ایک مشاعرہ کا انعقاد کیا ۔سکول کے بچوں نے اس مشاعرہ میں شوق سے شرکت کی۔انہوں نے فوج کو طلاب میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے ایسا موقعہ فراہم کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا ۔مشاعرہ میں کل ملاکر 07 ۔اساتذہ اور 76 طلاب نے شرکت کی۔مقابلہ کا اختتام فاتح میں انعامات اور شرکا میں حوصلہ افزائی انعامات کی تقسیم کاری سے کیا گیا ۔اساتذہ اور طلاب نے فوج کی جانب سے طلاب میں اعتماد پیدا کرنے کی پہل کی کافی سراہنا کی اور کہا کہ اس سے طلاب میں خود اعتماد ی پیدا ہوگی اور وہ کہیں بھی بول سکیں گے
غلام قادر غنی پوریؒ کی اہلیہ کی وفات
مختلف دینی ،سماجی اور سیاسی شخصیات کا اظہاررنج
محمداسحق عارف
ڈوڈہ//الحاج غلام قادر غنی پوریؒ کی اہلیہ زینہ بیگم کی موت پر ضلع بھر کی مختلف دینی ،سماجی اور سیاسی شخصیات نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔اپنے اپنے تعزیتی پیغامات میں اُنہوں نے کہا ہے کہ مرحومہ کی موت نہ صرف پسماندگان بلکہ تمام اہلیانِ بھلیسہ اور الحاج غنی پوریؒ کے عقیدت مندوں کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ہے جس بھلایا نہیں جا سکتا۔ جامعہ غنیۃ العلوم کے منتظمین،تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کے اراکین،جامہ میں زیرِ تعلیم طلباء و طالبات و دیگر متعلقین،علاقہ پنگل کی عوام اور الحاج غنی پوری ؒ کے مریدین اور عقیدت مند مرحومہ کی قیمتی دُعائوں سے ہمیشہ کے لئے محروم ہو گئے ہیں۔اُنہوں نے دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔تعزیت کنندگان میں سابق ریاستی وزیر اورایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی،سابق ریاستی وزیر محمد شریف نیاز،سابق ایم ایل سی محمد اقبال بٹ،پی ڈی پی کے ضلع صدر ڈوڈہ شہاب الحق بٹ اور ضل صدر کشتواڑ شیخ ناصر،امیرِ جماعتِ اسلامی تحصیل گندو مولوی غلام رسول بٹ،الحاج غنی پوری ؒ کے خلیفہ الحاج محمد امین متو،نیشنل کانفرنس لیڈر ریاض احمد زرگر،مہتمم مدرسہ اسرارالعلوم نیلی مولانا شوکت علی،الحاج گل محمد میر،شاد فرید آبادی،مشتاق فریدی، مسرت حسین نیائک سابق سرپنچ،فیروز دین ملک سابق سرپنچ،یونس رشید ملک سابق سرپنچ،عبد الطیف بانیاں سابق سرپنچ،الحاج دوست محمد وانی اخیار پور،محمد شفیع بٹ لیکچرر،بزرگ شاعر شمس الدین شمس،ہیڈماسٹر جامہ غنیۃ العلوم عبدالمجید وانی،صدر مدرس مفتی عبدالطیف بٹ، الحاج غلام نبی وانی تیندلہ،کانگرسی لیڈر مشتاق احمد ملک، ایجوکیشنل سوسائٹی آف بھلیسہ کے چیئرمین محمد ایوب زرگر اور جنرل سیکریٹری محبوب اقبال بٹ،انجمن اسلامیہ نیلی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عرفان ندوی،مولوی الطاف حسین خاکی،عاشق حسین ملک ٹیچر،رہبرِ تعلیم ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ضلع صدراسحق رشید ملک ،ٹیچرس فورم کے صوبائی سیکریٹری جمات علی آگاہ،کانگریس کارکن جان محمد نیائک،ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ارشد حسین میر،یونس میر،سابق ہیڈ ماسٹر جامعہ غنیۃ العلوم غلام حسین گنائی،الحاج عبدالغنی متو وغیرہ شامل ہیں۔
ڈوڈہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا اہتمام
ڈوڈہ //ڈوڈہ میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ۔ضلع کے ایس ایس پی محمد شبیر نے ایڈیشنل ایس پی آپریشنز رویندر پال سنگھ، ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈوڈہ افتخار احمد کے ہمراہ ضلع کے کاستی گڑھ علاقہ میںایک پولیس ۔پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کاستی گڑھ کے معزز اشخاص نے شرکت کی۔میٹنگ کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان رشتے مستحکم بنانا تھا ۔میٹنگ میں 60سے70لوگوں نے شرکت کرتے ہوئے پولیس کیجانب سے یہ کیمپ منعقد کرنے کی سراہنا کی۔میٹنگ کے دوران شراک نے اپنے مسائل جیسے کہ بجلی/ اور پانی کی سپلائی ضرروت کے مطابق جاری رکھنے ،چھیلی موڈسے کاستی گڑھ تک پی ایم جی ایس وائی کے تحت زیر تعمیر سڑک کی فوری تکمیل ، پی ایچ سی کاستی گڑھ میں میڈیکل افسر کی عدم دستیابی،کاستی گڑھ میں ڈگری کالج کھولنے وغیرہ کے مطالبات پیش کئے۔شرکا کو یقین دلایا گیا کہ جو مسائل محکمہ پولیس کے ساتھ تعلق رکھتے ہوں، انکا فوری طور سے ازالہ کیا جائے گا جبکہ دیگر مطالبات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھائے جائیں گے۔ اس موقعہ پرایس ایس پیڈوڈہ محمدشبیر نے شرکا پر تعاون دینے اور ضلع پولیس ڈوڈہ کومستحکم بنانے کی تلقین کی ،تاکہ سماجی جرائم ،منشیات کی بدعت، غیر قانونی شراب،جنگلاتی پروڈکشن کو غیر قانونی طور سے سمگل کرنے کو ختم کیا جاسکے۔شرکا کو یقین دلایا گیا کہ ضلع پولیس سماج سے جرائم کو ختم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور جرائم سے پاک ایک سماج بنانے میں پولیس کو تعاون دینے کی اپیل کی گئی۔