ڈوڈہ میں یوم الحاق کے سلسلہ میں سیمنار
طاہر ندیم خان
ڈوڈہ //بی جے پی کی جانب سے وادی چناب کے لوگوں خصوصاً پارٹی کارکنوں کو یوم الحاق سے واقف کرنے کے لئے ڈوڈہ میں ایک سیمنار کا اہتما م کیا۔سیمنار کا اہتمام ضلع صدر ایڈوکیٹ منجیت رازدان نے کیا تھا ۔سیمنار میں تینوں اضلاع یعنی کہ ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن کے ورکروں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ ڈوڈہ حلقہ کے ایم ایل اے شکتی پریہار نے بھی شرکت کی۔سیمنار میں ورکروں کو مہاراجہ ہری سنگھ اور انڈین سٹیٹ کے درمیان ہوئے الحاق نامے کی جانکاری دی گئی۔سیمنار کا مقصد نوجوان نسل میں ریاست کے الحق کو لیکر انتشار کو دور کرنا تھا ۔اس موقعہ پر ضلع صدر ایڈوکیٹ منجیت رازدان نے دعویٰ کیا کہ کشمیر خصوصاً وادی چناب کی خاموش اور دبی ہوئی اکثریت قوم پرست اور حُب الوطن ہے۔اگر چہ انکی کوئی آواز نہیں ہے لیکن وہ اپنی جگہ پر کھڑے ہیں۔انہوِںنے کہا کہ پورابھارت بشمول کشمیر ہمارا ہے،مقررین نے سیمنار میں ورکروں کو دور دراز علاقون میں لوگون کو اصل حقیقت سے واقف کرنے کی ہدایت دی ۔اس موقعہ پر دیگر مقررین میں بی جے پی کے ایم ایل اے شکتی راج پریہار، سوامی راج ،راج سنگھ، اخلاق وانی اور بپن شرما بھی تھے۔.
ریاسی میں کسانوں کیلئے بیداری کیمپ کا اہتمام
ریاسی//محکمہ زراعت کی جانب سے ریاسی ضلع کے دو دراز علاقہ پاتین ٹھورومیں کسانوںکو سرکار کی مختلف سکیموںاور سائنسی کاشتکاری کی تکنیک سے واقف کرنے کیلئے ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کیمپ کے دوران محکمہ زراعت کے سٹاف، ماہروں اور فیلڈ سٹاف کے علاوہ باغبانی ٹیکنشنوں نے کسانوں سے تبادلہ خیال کیا ۔افسروں نے کسانوں کو نئے نئے تکنیک کا استعمال کرکے بہت فصل حاصل کرنے کی صلاح دی۔اس موقعہ پر کسانوں فصلوں کے مختلف اقسام اور زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے طریقوں سے واقف کیا گیا۔کسانوں کو پی ایم ایف بی وائی ،کے سی سی، سوئل سیمپلنگ ،سوئل ہیلتھ کارڈز و دیگر سبسڈی سے متعلق سکیموں کی جانکاری دی گئی۔ایس ڈی اے او انیل کول نے اپنے خطاب میں کئی سکیموں کی تفصیل پیش کی ۔انہوں نے کسانوں کو .بہتر پیداوار کے لئے آرگنک کھاد کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی صلاح دی۔
کشتواڑ میں غیر قانونی لکڑی ضبط
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//سر سبز درختوں کو کاٹنے کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے کشتواڑ پولیس نے دچھن علاقہ سے دیودار اور کیل کی لکڑی کا بھاری ذخیرہ ضبط کی۔پولیس کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق پولیس نے مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس اسٹیشن دچھن کی ایک پولیس ٹیم نے زیر قیادت انچارج پولیس اسٹیشن دیوی داس زیر نگرانی سینئر اسپرانٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ ابرار چودھری ایک اشوک کمار ولد دولت رام ساکنہ سوندر ،دچھن ،ضلع کشتواڑکے مکان کی تلاشی لی ۔دوران تلاشی مکان سے دیودار کے 29 شہتیر اور کیل کے16شہتیر برآمد کئے۔پولیس نے اس پر ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 8/2017درج کیا۔پولیس اس سلسلہ میں محکمہ کے اہلکارون کے ملوث ہونے کے امکانات پر بھی تحقیقات کر رہی ہے۔
سنتھن حادثہ پرعلاقہ میں صف ماتم
شبیر نائیک
چھاترو //گزشتہ شب کشتواڑ سنتھن روڈ پر ہوئے حادثہ کی خبر ملتے ہی چھاترو علاقے میں ماتم کا ماحول پیدا ہوا اور ہر آنکھ نم ہر دل غمگین تھا ۔ اس حادثہ میں جاں بحق ہوئے 21سالہ نوجوان عبدالرشید کی لاش ان کے آبائی گاوں میں سہ پہر چار بجے بذریعہ ایمبولینس پہنچائی گئی اور پانچ بجے شام نماز جنازہ ادا کیا گیا نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی اس موقع پر کئی لوگوں نے مرحوم کی حادثاتی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا غمزدہ لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی ضلع صدر کشتواڑ شیخ ناصر حسین نے غمزدہ خاندان سے ملاقات کر کے ہمدردی کا اظہار اور انہوں کہا کہ مرحوم ایک دیانتدار اور نیک سیرت نوجوان تھا انہوں نے مرحوم کی ایصال ثواب کیلئے دعا کی جبکہ غمزدہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی بھی دعا کی۔ اس موقع کئی دیگر شخصیات نے بھی غمزدہ لواحقین کے ساتھ ملاقات کر کے تعزیت کی ہے جن میں کانگریس کے ریاستی نائب صدر و ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نیشنل کانفرنس کے یوتھ لیڈر تنویر احمد بابزادہ پی ڈی پی لیڈر محمد عمر ملک بی جے پی لیڈر روشن لعل شرما وغیرہ شامل ہیں ۔
منشیات فروش گرفتار، چرس برآمد
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم کے تحت ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا اور اسکے قبضہ سے چرس برآمد کیا ۔پولیس کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر ایس آئی غلام حُسین نے زیر نگرانی انسپلکٹر سمیر جیلانی انچارج ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز منوج کمار نے بندرا بن ، کشتواڑ کے مقام پر ایک خصوصی ناکہ لگایا ۔دوران چیکنگ پولیس نے ارشاد احمد ولد خوشی محمد ساکنہ سرگوائی ٹھکڑائی سے گرفتار کیا ۔پولیس نے ساکی تلاشی پر اسکے قبضہ سے110گرام چرس برآمد یا اور اس سلسلہ میںایک کیس زیر ایف آئی آر 211/2017درج کیا ۔پولیس اس کیس کی باریک بینی سے تحقیات کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
مہور میں کمسن لڑکی کی خود کشی
زاہد ملک
مہور //سب ڈویژن مہور کے ٹکسن علاقہ سے ایک کمسن لڑکی کی خود کشی کی اطلاع فراہم ہوئی ہے۔ایس ایچ او مہور جاوید لون کے مطابق ساکنہ ٹکسن کی ایک 14سالہ لڑکی روبینہ بانو دُختر محمد قاسم نے ایک کھائی میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ۔پولیس نے نعش کو گوتھہ نالہ جبار موڑ سے برآمد کیا گیا ہے۔نعش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نعش لواحقین میں آخری رسومات ادا کرنے کے لئے سپرد کی گئی۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔