بات چیت محض وقت گزاری نہ ہو: سوپوری
سرینگر// پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے کہا ہے کہ حریت قیادت بات چیت کے خلاف نہیں ہے لیکن بات چیت محض فوٹو سیشن اور وقت گزاری نہیں ہونی چاہئے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف جبر و استبداد کا سلسلہ جاری ہے اوردوسری طرف بات چیت کا ڈھونڈورا پیٹا جا رہا ہے جس سے یہی اخذ کیا جساکتا ہے کہ بات چیت کے تازہ عمل میں کوئی سنجیدگی نہیں ہے۔خان سوپور نے کہا کہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے سرینگر کے لالچوک میں اعلان کیا تھا کہ جموں کشمیر سے فوج نکال کر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے گالیکن آج تک اُن وعدوں کو وفا نہیں کیا گیا۔
پٹن میں 9دسمبر کو لوک عدالت کا انعقاد ہوگا
بارہمولہ//چیئرمین تحصیل لیگل سروسز اتھارٹی پٹن کے مطابق عدالتی احاطہ پٹن میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی ضلع بارہمولہ کے اشتراک سے9دسمبر کو ایک لوک عدالت کا انعقاد کیاجارہا ہے۔جس میں مختلف نوعیت کے معاملات بشمول کریمنل،بنک،سول تنازعات،بجلی اورپانی کے علاوہ دیگر معاملات کو موقعہ پر ہی افہام وتفہیم سے حل کیا جائے گا۔ایسے عرض دہندان،جو کہ اس لوک عدالت میں معاملات اور تنازعات کو حل کرنے کے خواہاں ہیںسے کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ سے پہلے ہی افسران سے رجوع کریں۔
نصراللہ پورہ میں پانی کے رساو سے لوگ پریشان
بڈگام/نمائدہ عظمیٰ/ نصر اللہ پورہ بڈگام میں پانی کی پائپ لائنوں سے رساو کی وجہ سے مقامی آبادی انتہائی مشکلات سے دوچار ہے ۔مقامی لوگوں کے بقول اس گائوں کے چند محلوں سے پٹھان پورہ نامی گائوں کو پانی سپلائی کرنے والی ایک سکیم کی پائپ لائن میںگذشتہ کئی ہفتوں سے رساو جاری ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی طرح طرح کے مشکلات سے دو چار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانی رسنے کی وجہ سے حال ہی میں میکڈا مائزکی گئی سڑک کو بھی کافی نقصان پہنچ رہا ہے اور اب لوگوں کے صحن بھی پانی سے بھرے پڑے ہیں۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ پائپ لائن آئے روز لیک ہوجاتی ہے اور بار بار یہاں کی آبادی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میںکئی بارحکام کو مطلع کیا گیالیکن کوئی سد باب نہیں ہوا ۔
لیگ کا 2پارٹی کارکنوں کی رہائی پر اظہارِ اطمینان
سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے دیرینہ کارکنوں خورشید احمد لون ساکن نائد کھے حاجن اور عبدالطیف کلو ساکن سوپور کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور دونوں نوجوانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے صبرو استقامت کو سلام پیش کیا۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی کے مطابق مذکورہ نوجوانوں کو 2015 میں گرفتار کیا گیااورجموں اور کشمیر کی مختلف جیلوں میں نظربندرکھنے کے بعد بالآخر رہا کیا گیا ۔دریں اثناء لیگ کے قائمقام چیئرمین محمد یوسف میر کو شوپیان کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی اگلی پیشی 6 دسمبرکو رکھی گئی جس کے بعد انہیں دوبارہ تھانہ شوپیاں میں مقید رکھا گیا۔
تحریک مزاحمت کا اظہار تعزیت
سرینگر // تحریک مزاحمت ترجمان نے امتیاز احمد زاڈو کے والد محمد مقبول زاڈو کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔پارٹی وفد نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی ، مرحوم کے ایصال ثواب اور لواحقین کے صبرکیلئے دعاکی۔وفد میں بلال صدیقی ،سلیم زرگر،محمد حنیف کالس صوبائی صدر جموں اور شیخ مصعب شامل تھے۔
کونن بانڈی پورہ میں3 نومبر کو عرس
بانڈ ی پورہ// کونن بانڈی پورہ میں منگل کو صوفی شاعر شاہ حنیف قادری کی سالانہ تقریب منعقد ہوئی ۔اس سلسلے میں آج سے ختمات المعظمات ،درود ازکار اور نعت خوانی کی محفلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔عقیدتمندوں کو اس کانفرنس میں شرکت کر نے اور اجرعظیم حاصل کر نے دعوت دی جارہی ہے۔
پلوامہ میں پالتھین مخالف مہم
پلوامہ//پلوامہ میں منگل کو ترقیاتی کمشنر غلا م محمد ڈار کی صدارت میں ضلع افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ پلاسٹک بیگوں کے اثرات سے ماحولیاتی تواز ن بگڑ رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ پالتھین کی وجہ سے انسانی زندگی پر بھی مضر اثرات حائل ہورہے ہیں۔میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنر نے اس بدعت کے خلاف 7روزہ مہم چلانے پر زوردیا جس دوران لوگوں کو پالتھین کے منفی اثرات کے بارے میں بیدار کیاجائے گا۔انہوں نے میونسپل کمیٹی اورمحکمہ مال کو ہدایت دی کہ دکانداروں اور چھاپڑی فروشوں اورسبزیوں فروشوںسے پالتھین ضبط کیا جائے ۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران کے علاوہ متعلقہ تحصیلدار بھی موجود تھے۔
مولوی اخضر کو صدمہ، بھابی فوت ہوگئیں
سرینگر//انجمن علماء احناف کے سربراہ مولوی اخضر حسین کی بڑی بھابی اہلیۂ شریف الدین مرحوم ساکن واگوارہ حال نواکدل انتقال کر گئیں ہیں۔ اس موقع پر سماج کے مختلف طبقوں نے مولوی اخضر حسین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے حق میں مغفرت کی دعا کی ہے۔