سرینگر //ڈاکٹر مظفر احمد کو انڈین سو سائٹی آف ایمرجنسی میڈیسن نے جے پور کے برلا آڈوٹوریم میں سنیچر کوIKONایوارڈ سے نوازا۔ راجستھان کے وزیر صحت نے انہیں آفات سماوی کیلئے یہ ایوارڈ پیش کیا۔ ڈاکٹر مظفر احمد کو انعام شعبہ آفات سماوی میں ترقی اور ایمرجنسی میڈیسن میں انکے رول کیلئے دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر مظفر احمد نے بھارت میں آفات سماوی کیلئے نئے 6قومی رہنمائی اصولوں کو ترتیب دینے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ ڈاکٹر مظفر احمد کو آفات سماوی کا ماہر تصور کیا جاتا ہے جو نہ صرف بھارت بلکہ بیرون ممالک میں بھی کافی معروف ہے۔ انہوں نے ملیشیا ء کے کولالمپور میں خطاب بھی کیا ہے۔
شیخ یعقوب پیپلز لیگ کے چیئرمین منتخب
سرینگر//پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں تنظیمی اور سیاسی صورتحال پر بحث کی گئی ۔بیان کے مطابق اجلاس میں آئندہ ایک سال کیلئے مرکزی باڈی کو منتخب کیا گیا۔ اتفاق رائے سے شیخ محمد یعقوب چیئرمین ، محمد یاسین عطائی سینئر وائس چیئرمین ، غلام نبی درزی جنرل سکریٹری ، شیخ ظہور احمد صوبائی صدر، عبدالحمید الٰہی ترجمان اعلیٰ ، نذیر احمد خان چیف آرگنائزر اور حاجی قدوس کارڈنیٹرمنتخب ہوئے ۔اجلاس میںحریت (گ)چیئرمین کی سالہاسال سے خانہ نظر بندی اور دیگر قائدین و اراکین کی مسلسل نظربندی کی مذمت کی گئی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی دہرایا گیا ۔
دو طرفہ مذاکرات ناقابل قبول :یاسمین راجہ
سرینگر//مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے دو طرفہ مذاکراتی عمل کو فضول مشق اور وقت کا زیاں قرار دیا ۔انہوں نے مذاکرات کار دنیشورشرما کی کشمیر آمد کو زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے ہر کشمیری کو ان سے دور رکھنے کی صلاح دی، جس میں مسئلہ کشمیر کو مرکزی حیثیت نہ دی جائے۔
محبوسین کی حالت تشویشناک:حریت (جے کے)
سرینگر//حریت (جے کے) نے سیاسی قیدیوں کی حالت زار اور ان کی غیر انسانی نظر بندی کو طول دینے کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے رحمانہ پالیسیا ں صرف اور صرف انتقامی گیری ہیں ۔انہوں نے ریاست اور بیرون ریاست جیلوں میں محبوسین کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیل حکام کا رویہ ان کے تئیں انتہائی غیر انسانی ہے۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کے نام نوٹس بھیجنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتقام گیری سے تعبیر کیا ہے۔
پی ڈی پی کو دورِحکومت میں
کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا:نظام الدین
عازم جان
بانڈی پورہ//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری نظام الدین بٹ نے کہا کہ پی ڈی پی کو ان برسوں کے دوران زبردست مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا ۔ نظام الدین بانڈی پورہ کی سرکاری رہائش گاہ پرکارکنوںکے ایک کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں پارٹی سرپرست مفتی محمد سعید کو کھودیا اور جب محبوبہ مفتی نے اقتدار سنبھالا توحالات کو اس قدر بگاڑ دیا گیا کہ تعمیر و ترقی کے سبھی راستے مسدود ہوگئے۔انہوں نے کہاکہ بانڈی پورہ میں ترقیاتی پروجیکٹوں پر سست رفتاری سے کام جاری ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرڈسٹیشن وٹہ پورہ ،ڈگری کالج اور ضلع ہسپتال بانڈی پورہ پربھی کام نامکمل ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سرکار اسکی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔
لیگ کا اظہار تعزیت
سرینگر//پیپلز لیگ نے غلام قادر ہاگرو کی والدہ کی وفات پر رنج وغم کا اظہارکیا۔پارٹی نے اس سلسلے میں ایک تعز یتی اجلاس چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا کی صدارت میںمنعقد ہوا۔ اجلاس میں حاجی محمد فاروق وانی،ملک منظور احمد،صوفی محمد مقبول،منیرالاسلام اور منظور احمد بٹ کے علا وہ دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی گئی۔
بڈگام میںچور گرفتار ، 6موٹر سائیکلیں برآمد
سرینگر//بڈگام پولیس نے موٹر سائیکل چرانے والے ایک شخص کوگرفتار کر کے اُس کی تحویل سے6 موٹر سائیکلیں بر آمد کر لی ہیں ۔ بڈگام پولیس کی اسپیشل تحقیقاتی ٹیم نے کیس زیر نمبر 61/2017,U/s 379 RPc کے سلسلے میں چند مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی کہ اس دوران پولیس نے ایک مشتبہ شخص طارق احمد کو گرفتار کیا۔ دوران پوچھ تاچھ اُس نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اُس نے سرینگر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چرالیں ۔ بڈ گام پولیس نے پانچ موٹر سائیکلیںبرآمدکرلیں جنہیں سرینگر کے مختلف علاقوں سے چرایا گیا تھا۔ان موٹر سائیکلوں میںJKO1R-9423،JKO1M-8220، JKO4A-8614،JKOIG-7056اور JK04A-6773 شامل ہیں ۔پولیس اسٹیشن بیروہ میں موٹر سائیکل چرانے کے ایک کیس زیر نمبر 80/2017,U/S 379 RPC میں بھی پولیس نے موٹر سائیکل زیر نمبر JK04D/MD2A11CZ6EC59375 کو بھی بر آمد کیا گیا ۔