تاریگامی کی صدارت میں ماحولیاتی کمیٹی کی میٹنگ
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی کی ایک میٹنگ پیر کو ممبراسمبلی محمد یوسف تاریگا می کی صدارت میںمنعقد ہوئی اور اس میں مکانات و شہر ترقی سے جڑے ماحولیاتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ارکان قانون سازیہ جاوید احمد رانا، محمد یوسف بٹ، بشیر احمد ڈار ، انجم فاضلی ، عبدالرحیم راتھر ، شیخ اشفار جبار ، راجیش گپتا ، عثمان عبدالمجید اور ممتاز احمد خان نے میٹنگ میں شرکت اور ماحولیات کو تحفظ دینے کے حوالے سے اپنی آراء سامنے رکھیں۔کمیٹی نے ماحولیاتی معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر تمام اقدامات کئے جانے چاہئیں تاکہ ماحولیاتی توازن کو ہر صورت میں تحفظ بخشا جاسکے۔
مسلم لیگ مسرت کی مسلسل حراست پر برہم
سرینگر//مسلم لیگ نے پارٹی کے محبوس چیئرمین مسرت عالم بٹ کو کرالہ گنڈ کپوارہ پولیس اسٹیشن سے قلم آباد پولیس اسیٹشن میں مقید رکھنے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے لاقانونیت سے تعبیر کیا۔لیگ ترجمان نے کہا کہ بشری حقوق کا گلہ گھوٹنے کی اس سے بڑھ کر کیا ثبوت پیش کیا جاسکتا ہے کہ مسرت عالم بٹ کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ایک کیس میں بری ہونے کے بعد دوسرے من گھڑت کیس میں پھنسانے کی پالسیاں ترتیب دی جارہی ہیں جو انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے ۔ ترجمان کے مطابق مسرت عالم کو کرالہ گنڈ پولیس اسیشن سے ڈسٹرکٹ کورٹ کپوارہ لایا گیا جہاں جج نے انہیں مزید دو دن کی ریمانڈ میں دے دیا اور جب مسرت عالم عدالت سے باہر نکلے تو وہاں پہلے سے ہی موجود پولیس کی ایک پارٹی نے انہیںحراست میں لے کر قلم آباد تھانہ پہنچادیا ۔
بانڈی پورہ کے کئی علاقے پینے کے پانی سے محروم
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں میںپینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگوں میں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے۔اس تناظر میں وٹہ پورہ اور کلوسہ کی آبادی نے تین دن پانی سپلائی فراہم نہ ہونے کی وجہ سے بانڈی پورہ سوپور شاہراہ پر دھرنا دیا ۔ شیر گوجری محلہ قوئل کے لوگوں نے بتایا کہ پانی کے نلکے خشک ہونے سے ایک بڑی آبادی پانی کی بوند بوندکیلئے ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے افسران سے رجوع کیا لیکن کوئی سدباب نہیں ہوا۔ آلوسہ، اشٹنگو، کہنو سہ اور آلوسہ گھاٹ کے لوگوں نے بتایا کہ پینے کے پانی کی عدم فراہمی سے لوگوں کوسخت مشکلات درپیش ہیں ۔ آرہ گام گجر بستی میں بھی پینے کا پانی نایاب ہے۔ علاقے کے لوگوں نے بتایا کہ تیس لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی واٹر سپلائی سیکم محکمہ کی لاپرواہی سے بیکار پڑی ہے۔ بلال کالونی اہم شریف کے لوگ بھی پانی کی عدم دستیابی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ اس ضمن میں اے ڈی سی بانڈی پورہ خورشید احمد سنائی نے کہا کہ ایگزیکٹیوانجینئر کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان علاقوں میں پانی کی سپلائی فوری طور پر بحال کریں۔
ریچھ کے حملہ میں شہری زخمی
سوپور //غلام محمد // زینہ گیر سوپور میں ریچھ نے ایک شہری پر حملہ کر کے اُسے زخمی کر دیا ۔ چیرہارزینہ گیر سوپور کے ایک جنگل میں 26سالہ نوجوان شبیر احمد ساکن ہرد شیو اپنے مال میویشوں کو چروا رہا تھا کہ اس دوران اچانک ایک ریچھ نمودار ہوا جس نے اُس پر حملہ کر کے اُسے شدید زخمی کر دیا ۔زخمی شہری کی چیخ وپکار سن کر مقامی لوگ وہاں پہنچے اور انہوں نے اُسے سب ضلع ہسپتال سوپور پہنچایا جہاں اُس کا علاج ومعالجہ چل رہا ہے۔
تعمیراتی کارکنوں کیلئیلیبر کمشنر کپوارہ کی اطلاع
کپوارہ//اسسٹنٹ لیبر کمشنرکپوارہ نے جے کے بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن ورکرس ویلفیئر ایکٹ کے تحت اے ایل سی کپوارہ میں رجسٹرڈ شدہ بلڈنگ کنسٹرکشن ورکرس کو دفتر میں تعلیمی قابلیت سے متعلق جانکاری پیش کرنے کے لئے کہا ہے۔اس سلسلے میں آخری تاریخ 30نومبر2017مقرر کی گئی ہے۔متعلقین سے کہا گیا ہے کہ وہ اے ایل سی کپوارہ میں ذاتی طور فائلیں پیش کرکے رسید حاصل کریں۔
یجبہارہ میں 9دسمبر کو قومی لوک عدالت
اننت ناگ//چیئرمین تحصیل لیگل سروسز اتھارٹی (سب جج) یجبہاڑہ کے مطابق 9دسمبر2017کو سب جج بجبہاڑہ کے عدالتی احاطے میں 9دسمبر کو ایک قومی لوک عدالت کا انعقادہورہا ہے۔خواہشمند افراد کو مطلع کیا جارہا ہے کہ وہ 8دسمبر کو یا اس سے قبل اپنے معاملات کو افہام وتفہیم سے نمٹانے کیلئے تحصیل لیگل سروسز کمیٹی کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔قومی عدالت کے دوران کریمنل،بجلی اورازدواجی تنازعات کے علاوہ دیگر معاملات کو بھی نمٹایاجائے گا۔
’مسئلہ کشمیر سرحدی تنازعہ نہیں‘
سرینگر//محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صد ر محمد اقبال میراور نائب صدر قطب عالم نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جموں کشمیر ہند و پاک کے درمیان کوئی سرحدی تنازعہ نہیں ہے اور نہ ہی یہ کوئی نقص امن کا مسئلہ ہے بلکہ یہ جموں کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ عوام کے سیاسی مستقبل کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طور اور پُرامن طریقے سے حل کیا جائے ۔ادھر اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے ایک ایسا ماحول تیارکیا جائے جس سے کشمیری عوام کی خواہشات اور احساسات کے عین مطابق تنازعہ کشمیر کا دائمی حل نکالا جاسکے۔
گریٹر کشمیر کے اراکینِ ادارہ سے نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے گریٹر کشمیر کے سینئر سب ایڈیٹرعلی محمد ڈار کی والدہ اور اور سینئر رپورٹر شبیر ابن یوسف کے والد کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے ۔ انہوں نیجملہ سوگوران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی کہ اللہ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمانِ اعلیٰ آغا روح اللہ،ریاستی ترجمان جنید عظیم متو اور صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
جمعیت علماء کا ناظم تعلیمات دارالعلوم دیوبند کے انتقال پراظہار رنج
سرینگر//علماء دیوبند کے متحدہ فورم جمعیت علماء اہلسنت والجماعت جموں وکشمیرنے مولانا محمد اسلم قاسمی صدر المدرسین وناظم تعلیمات دارالعلوم وقف دیوبند کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیاہے ۔جمعیت کے سیکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے کہاہے کہ عالم اسلام کو بہت بڑا نقصان ہو اہے ۔انہوں نے کہا کہ مولانا بر صغیر کے ممتاز جید اسلامی اسکالر،عالم دین،مفسر قرآن اور صوفی بزرگ تھے ۔انہوں نے جمعیت کے تمام اراکین وممبران کی طرف سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پسماندگان خصوصاًمرحوم کے اہل خانہ،دارالعلوم وقف دیوبند،پوری دنیا میں پھیلے ہوئے انکے شاگردوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
سابق نیوی آفیسر کی کتاب گورنر کو پیش
جموں//کمڈور ریٹائرڈ دلبیر سنگھ سوڑھی نے یہاں راج بھون میں اپنی کتاب ” وومن آف سبسٹنشل کریکٹر “ گورنر این این ووہرا کو پیش کی ۔ اس کتاب میں مختلف مذہبی فن پاروں میں خواتین کے مقام کے بارے میں تحقیق شدہ ریفرنسز موجود ہیں ۔اس میں خواتین کو درپیش مختلف سطحوں کے مسائل کی بھی عکاسی کی گئی ہے ۔کمڈور سوڑھی نے گورنر کو جانکاری دی کہ یہ کتاب اقتصادی طور کمزور خواتین کو تعلیم حاصل کرنے میں کافی مدد دے گی ۔گورنر نے کمڈور سوڑھی کو اس طرح کی کتاب لکھنے کے لئے انہیں مبارک باد دی ۔انہوں نے کہا کہ یہ کتاب آج کل کے سماج میںمختلف بدعات کو دور کرنے میں بھی کلیدی رول ادا کرے گی۔انہوںنے مصنف کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
فرنٹ کارکن کی گرفتاری پر یاسین ملک سیخ پا
سرینگر// لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک نے صدر ضلع کولگام عبدالستار شیر گجری کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ۱۱ نومبر کو تھانے پر بلایا اور وہاں اُسے مطلع کیا گیا کہ موصوف کے خلاف متعدد مقدمات درج ہے،جبکہ عبدالساتر کو کچھ ہفتے قبل ہی بنا ان مقدمات سے مطلع کئے بغیر رہا کیا گیا تھا۔چیئرمین نے موصوف کی گرفتاری کو سیاسی عناد ،پولیس کی زور زبردستی و دہشت گردی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزکورہ ایک معروف سیاسی رکن اور فرنٹ کے ذمہ دار عہدہ دار ہے اور پولیس کے ہاتھوں انکی گرفتاری سیاسی عناد کے سوا اور کچھ بھی نہیں ،فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے مقامی پولیس کو مطلع کیا ہے کہ وہ عناد پر مبنی اقدامات سے بازرہے اور سیاسی ارکان کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بندکریں ۔