ڈائریکٹر ایگریکلچر کی 30غیر حاضر ملازمین کیخلا ف کارروائی
سرینگر//ملازمین کی باقاعدہ حاضری اوردفاتر میں بہتر کام کاج کو یقینی بنانے کے لئے ناظم زراعت کشمیر سید الطاف اعجاز اندرابی نے اپنے کئی ماتحت دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔جس دوران انہوں نے 30ملازمین کو غیر قانونی طور ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا۔چنانچہ ناظم زراعت نے جے اینڈ کے سروسز رولز کے تحت اُن کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میںلائی۔ دریں اثنأ ایسے ملازمین اورآفیسران جنہیں اپنے دفاتر میں پایا نہیں گیا اورباضابطہ اجازت کے بغیر اسٹیشن چھوڑ گئے تھے اور رجسٹرمیں اپنا اندراج کیا تھا کو متعلقہ کنٹرولنگ آفیسران کے سامنے تین دن کے اندر اندر وضاحت پیش کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔
تنویر صادق نے بیروہ میں پارٹی سرگرمیوں کا جائزہ لیا
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر اور ممبراسمبلی بیروہ عمر عبداللہ کے سیاسی صلح کار تنویر صادق نے حلقہ انتخاب بیروہ کا دورہ کیا اور وہاں جاری مختلف تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ اُن کے ہمراہ بلاک صدور اور دیگر عہدیداران بھی تھے ۔انہوں نے حلقہ انتخاب بیروہ میں تعمیر و ترقی کے کاموں کے علاوہ پارٹی سرگرمیوں اور پروگراموں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات بھی دریافت کئے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخابات بیروہ کی ہر لحاظ میں تعمیر و ترقی عمر عبداللہ کا مشن ہے۔تنویر صادق نے تعمیر و ترقی کو صحیح ڈھنگ میں انجام دینے میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے علاوہ لوگوں کے اشتراک کو سراہا ۔
بانڈی پورہ مخلوط حکومت کی نظروں سے اوجھل:ایڈوکیٹ ملک
سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈر اور سینئر ایڈوکیٹ نذیر احمد ملک نے کہا کہ ضلع بانڈی پورہ جغرافیائی اور سیاحتی اعتبار سے نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے تاہم ترقیاتی لحاظ سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ اسمبلی حلقہ منتخب ممبران کی عدم توجہی کا شکار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خطہ اکیسویں صدی کی دُنیا سے کوسوں دور ہے۔سڑک ، پانی اور بجلی کی عدم دستیابی موجودہ حکمرانوں کی ناکامی کا کھلا ثبوت دے رہاہے ۔ طبی سہولیات کا دور دور تک اندیشہ نہیں ، محکمہ امورِصارفین و عوامی تقسیم کاری میں راشن اور دیگر اشیاء کی کمی ، وغیرہ منتخب عوامی نمائندوں کی نا کامی کا اظہار کرتے ہیں ۔ ایڈوکیٹ ملک نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ اُن کی جماعت عوامی نمائندوں کا محاسبہ کرے گی اور عام آدمی کی عدالت میں ایسے نمائندوں کو جوابدہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا اس حلقہ انتخاب میں سیاحت کے فروغ کے لئے ایک ریسٹ ہاوس کا قیام بھی عمل میں نہ لا یا جاسکا۔
رام باغ کے تاجر کا انتقال،ٹریڈرس ایسوسی ایشن کا اظہار تعزیت
سرینگر// ٹریڈرس ایسوسی ایشن رام باغ ْنٹی پورہ نے مقامی تاجر عبدالرشید ڈار کی وفات پر گہرے رنج وغم کااظہار کیا ہے ۔عبدالرشید ڈار ولد عبدالغنی ڈار ساکن رام باغ بالا سرینگر گذشتہ روز مختصر علالت کے بعد اس دار فانی سے رحلت کرگئے ۔مرحوم کی فاتحہ خوانی ان کے آبائی مقبرہ واقع اولڈ برزلہ میں صبح9:30بجے انجام دیا جائے گا بروز جمعہ انجام دی جائے گی ۔ٹریڈرس ایسوسی ایشن نے اپنے ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت اعجاز احمد بٹ سینئر وائس پریذیڈنٹ ،شوکت احمد بٹ جنرل سیکریٹری اور دیگر زعماء ایسوسی ایشن کی موجودگی میں مرحوم عبدالرشید کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہا ر کیا ۔اجلاس میں مرھوم کے حق میں دعائے مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
نظربندوں کی حالت پر تشویش
سرینگر//محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صد ر محمد اقبال میرنے ایک بیان میں تہاڑاور دیگر جیلوں میں مقید مزاحمتی قائدین اور کارکنوں کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تہاڑ اور دیگر جیلوں میں مقید سیاسی نظربندوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا جارہاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ چیئرمین مسرت عالم کوعدالت عالیہ نے تقریباً سبھی کیسوں میںرہا کرنے کے احکامات صادر کئے لیکن پھر بھی اُن کی رہائی عمل میں نہین لائی جارہی ہے جوقانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی نظربندوں کو فوری طور رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
دھیرج گپتا کے اعزاز میں الوداعی پارٹی منعقد
جموں// پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ دھیرج گپتا کے اعزاز میں منگل کوسول سیکریٹریٹ میں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، وزیر مملکت برائے بجلی سید فاروق اندرابی، کمشنر سیکریٹری پاور ہردیش کمار، ڈیولپمنٹ کمشنر پاور، سیکرٹری ٹیکنیکل( پاور) چیف انجینئر اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سنگھ نے اس موقعہ پر دھیرج گپتا کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی پوسٹنگ میں اور بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔