پارٹی صدر منتخب ہونے پر محبوبہ مفتی کو یاور میر کی مبارکباد
سرینگر //ممبر اسمبلی رفیع آباد یاور دلاور میر نے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو دوبارہ پارٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔یاور میر نے سرکار کے اس فیصلے کی بھی سراہنا کی جس میں انہوں نے NEET امتحانات کے 2مراکز کو کشمیر وادی میں قائم کرانے کیلئے دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔اپنے ایک بیان میں میر نے کہا کہ ریاستی وزیرعلیٰ کی ذاتی مداخلت کے بعد یونین ہیلتھ منسٹر جی پی نڈا نے ریاستی بورڈ آف پروفیشل امتحانات اتھارٹی کو ہدایت دی کہ وہ سرینگر اور بارہمولہ میں NEETامتحانات کیلئے دو سنٹروں کو قائم کریں ۔یاور میر نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ ریاست کے بیروزگار نوجوانوں کیلئے ملازمت کے پیکیج کی تلاش کریں جس سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو سکے ۔انہوں نے مرکزی سرکار پر زور دیا کہ وہ ریاست کے بیروگار نوجوانوں کیلئے ریاستی اور مرکزی محکمہ جات میں ملازمت کیلئے کسی پیکیج کا علان کرنا چاہئے تاکہ بیروگار نوجوانوں کے چہروں سے بے چینی اور ناامیدی کو دور کیا جا سکے ۔ یاور میرنے کہا کہ ریاست کے نوجوان کو ریاستی وزیر اعلیٰ اور اُن کی قیادت پر بھروسہ ہے اوروہ اُن کے مستقبل کیلئے ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کریں گی ۔انہوں نے محبوبہ مفتی کو چھٹی بار پارٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔
نیشنل کانفرنس کا جسٹس ملک کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر // نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق دہلی ہائی کورٹ جج جسٹس ملک شریف الدین کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جنت نشینی کے لئے جنت دعا کی ۔ پارٹی کے کارگزار صدر عمر عبداللہ نے بھی تعزیت کا اظہا ر کیا جبکہ پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر قانون ایڈوکیٹ میر سیف اللہ نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی ۔
رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کا کنونشن منعقد
۔35اے اور اردو زبان کے تحفظ پر زور
سرینگر//جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کے چیئرمین خواجہ محمد شفیع نے کہا ہے کہ رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی شمالی کشمیر کا ایک روزہ کنونشن ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر و چیئرمین جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی مبارک گل اور مہمان ذی وقار معاون جنرل سیکریٹری نیشنل کانفرنس ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال تھے۔ کنونشن میںA 35اور اردو زبان کے تحفظ پر مقررین نے دوشنی ڈالی۔ ڈاکٹر کمال اور مبارک گل نے اپنے خطاب میں کہا’’ 35Aہماری شناخت ہے اور اسکی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ‘‘۔انہوں نے کہا’’ اردو زبان ریاست کی سرکاری زبان ہے اس کوختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کا تحفظ ہم سب کو کرنا ہے‘‘۔کنونشن سے سماجی شخصیات غلام حسن راہی، ایڈوکیٹ شاہد علی شاہ، محمد یعقوب وانی، سوسائٹی کے ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون، صوبائی چیئرمین حاجی محمد مقبول میراور ایڈوکیٹ ظہور احمد نے بھی خطاب کیا۔
محکمہ لائبریریز کے اہتمام سے 6اور7؍ دسمبر کوکیئریر کونسلنگ پروگرام
جموں/ /لائبریریز اور ریسرچ محکمہ سرینگر اور جموںمیں بارہویں جماعت کے طلاب کے لئے خصوصی کیئریر کونسلنگ پروگراموں کا انعقاد کر رہا ہے ۔ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ مختار العزیز جو اس خصوصی پروگرام کے کوآرڈنیٹر ہیں ،نے کہا کہ ٹیچرس بھون گاندھی نگر جموں میں 6؍ دسمبر کو صبح 10بجے سے 4بجے تک جبکہ کنووکیشن ہال یونیورسٹی کشمیر میں 7؍ دسمبر ساڑھے دس بجے صبح سے ساڑھے چار بجے شام تک کیئریر کونسلنگ کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔میکنیکل پارکنگ لالچوک کے پاس 7؍ دسمبر کو صبح ساڑھے 9بجے مفت ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم ہوگی ۔ڈپٹی ڈائریکٹر لائبریز نے کہا کہ طلاب اور والدین ڈپٹی ڈائریکٹر س لائبریز جموں کے دفتر میں 0191-2547269اور 0191-2566735پر اپنا نام رجسٹرکریںجبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر لائبریز سرینگر کے دفتر میں 0194-2482452اور 0194-2481571نمبرات پر ساڑھے دس بجے سے ساڑھے چار بجے تک اپنے نام درج کرائیں۔
اپنے اندر اسلامی صفات پیدا کریں
تحریک حریت کا پارٹی کارکنان پر زور
سرینگر// تحریک حریت نے اپنے کارکنان کو اپنے اندر وہ صفات پیدا کرنے پر زور دیا جو رسول رحمتؐ کے مشن کے علمبرداروں کے ہونے چاہئیں۔ بیان کے مطابق ضلع سرینگر کے ایک تربیتی اجتماع میں صدرِ ضلع سرینگر محمد رفیق اویسی نے اپنے صدارتی خطاب میں ارکان پر زور دیا کہ وہ تحریک حریت کو مزید فعال بنانے کیلئے اس کے مقدس اہداف اسلام، آزادی اور اتحاد ملّت کو ریاست کے چپے چپے تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔اجتماع میں صدرِ ضلع گاندربل معراج الدین ربانی نے درس قرآن کے فرائض انجام دیتے ہوئے رسول رحمتؐ کی مقدس زندگی کے کئی گوشوں پر بات کی۔رمیز راجہ نے مسئلہ کشمیر اور موجودہ حالات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت بیان کرتے ہوئے تاریخ سے باخبر رہنے پر زور دیا۔
کنگن کے کئی علاقوں میں ناصاف پانی کی فراہمی کا الزام
کنگن/غلام نبی رینہ/کنگن کے بیشتر علاقوں میں محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے فراہم ہورہے پانی سے بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ لاحق ہوا ہے جس کی وجہ سے عوامی حلقوں میں کافی تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ تحصیل گنڈ کے کُلن اور گنڈ علاقوںمیں لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں مضر صحت پانی فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے کئی طرح کی بیماریاں پیدا ہو گئی ہیں ۔ کُلن کے ایک شہری مظفر احمد وانی نے بتایا کہ مضر صحت پانی کے استعمال کی وجہ سے اُن کے دو بچے یرقان کی بیماری میں مبتلا ہوئے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار اس معاملے سے متعلقہ حُکام کو آگاہ کیا تاہم ابھی تک کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔واضح رہے کہ کُلن میں فلٹریشن پلانٹ موجود ہے تاہم کئی سال پہلے تکنیکی خرابی کی وجہ سے ابھی تک اس کی مرمت نہیں کی گئی جس کی وجہ سے عوامی حلقوں میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ادھر گنڈ کے لوگوں کا بھی کہنا تھا کہ انہیں مضر صحت پانی استعمال کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے اس علاقے میں بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خدشہ لاحق ہے۔
اوڑی کے2آنگن واڑی سنٹرایک سال سے بند
اوڑی/ظفر اقبال/اوڑی کے ماچھی کرنڈ نامی گائوں میں 2 آنگن واڑی سنٹر گزشتہ ایک سال سے مکمل طور بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق وارڈ نمبر 2 اور نمبر 4 میں قائم آنگن واڑی مراکز گزشتہ ایک سال سے مکمل بند ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ دونوں سنٹر علاقے میں دوالگ الگ رہائشی مکانوں میں قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ محکمہ آئی سی ڈی ایس ان سنٹروں کو علاقے کے قریب بچوں کیلئے راشن فرہم کرتا ہے مگر گزشتہ ایک سال سے ان سنٹروں سے کسی بھی بچے کو راشن فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔ دسٹرکٹ پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس بارہمولہ عاشق حسین نے کہا کہ انہیں اس معاملے کی کوئی جانکاری نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرعلاقے کے لوگ تحریری طور انہیں آگاہ کریں گے تو وہ ملوثین کے خلاف کارروائی ہوگی۔