بانہال میں حزب پوسٹر چسپاں
ہڑتال کرنے کی اپیل
محمد تسکین
بانہال // بانہال کے مختلف علاقوں میں جمعہ کی صبح حزب المجاہدین کے لیٹر پیڈ پر پوسٹر دیکھے گئے ہیں جن میں آج یعنی 8 جولائی کو حزب کمانڈر برہان وانی کی پہلی برسی پر مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل اور دھمکی دی گئی ہے۔ جنوبی کشمیر میں سرگرم حزب کمانڈر ریاض احمد نائیکو کے نام سے جاری کئے گئے پوسٹر میں لوگوں کے علاوہ تاجروں اور دوکانداروں سے اپیل کی گئی کہ و ہ 8جولائی کو مکمل ہڑتال رکھیں اور دکانیں بند رکھیں ۔ اس کے علاوہ پوسٹر میں لوگوں کو بے راہ روی اور منشیات سے دور رہنے کی وارنگ دی گئی ہے اور باز نہ آنے کی صورت میں سخت نتائج بھگتنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
اننت ناگ کے منتخب عازمین
۔10جولائی کو ٹیکے لگائے جائینگے
اننت ناگ//اننت ناگ کے منتخب عازمین حج 2017ء کے لئے اس ترتیب سے ٹیکہ کاری پروگرام مرتب کیا گیا ہے۔تحصیل شانگس اوراچھہ بل کے عازمین کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کوکرناگ میں 10جولائی کو ٹیکے لگائے جائیں گے جب کہ تحصیل سلر اورملحقہ سب تحصیلوں کے عازمین کو 11جولائی کو پی ایچ سی سلر میں ٹیکے لگائے جائیں گے ۔دریں اثنأ تحصیل پہلگام اورمٹن کے عازمین حج کو پی ایچ سی عشمقام میں 11جولائی اورتحصیل بیجبہاڑہ اوراس کے ملحقہ علاقوں ڈورو،ویری ناگ کے عازمین کے لئے بالترتیب ایس ڈی ایچ بیجبہاڑہ میں اورایس ڈی ایچ ڈورو میں 12جولائی کو ٹیکے لگانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔جب کہ تحصیل اننت ناگ کے عازمین کے لئے ٹی بی ہسپتال اننت ناگ میں 13اور14جولائی کو ٹیکے لگانے کا پروگرام ہے۔
ہندوارہ کا نو جوان دو ہفتوں سے لاپتہ
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ میں ایک 17سالہ نوجوان گزشتہ دو ہفتوں کے دوران لاپتہ ہے جس کے نتیجے میں لو احقین میں سخت تشویش پائی جارہی ہے ۔امجد احمد شیخ ولد عبدلمجید ساکن شیخ کالونی ہندوارہ 28جون کو گھر سے کسی ضروری کام کے لئے بازار گیا لیکن شام تک واپس نہیں لو ٹا ۔لو احقین نے بتا یا کہ انہو ں نے اس سے قبل بتا یا کہ وہ کسی کام سے بازار جارہا ہے اور اس کے بعد وہ اپنے ماما کے گھر جائیں گے لیکن جب امجد واپس نہیں آ یا تو ہم نے اپنے رشتہ دارو ں سے امجد کے بارے میں رابطہ کیا لیکن امجد وہا ں بھی نہیں گیا تھا ۔لو احقین کا مزید کہنا ہے کہ امجد ہندوارہ قصبہ میں عارضی دکانداری کر تا ہے جس سے گھر کا گزارا چلتا ہے لیکن ہمیں امجد کی سلامتی سے سخت تشویش لا حق ہوگئی ۔امجد کی گمشدگی کے حوالے سے پولیس تھانہ ہندوارہ میں ایک تحریری شکایت بھی درج کی گئی ہے لیکن دو ہفتے گزر جانے کے با وجود بھی امجد کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔
۔8دنوں میں ایک لاکھ یاتری وادی وارد
سرینگر//40روزہ سالانہ امر ناتھ یاترا2017جاری ہے اور29جون سے اب تک ایک لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے امر ناتھ گپھا کے در شن کئے ۔اس دوران جموں کے بگوتی نگر بیس کیمپ سے2ہزار199یاتریوں کا ایک اور جھتا سرینگر کی طرف روانہ ہوا۔29جون کوق40روز پر محیط سالانہ امر ناتھ یاترا 2017شروع ہوئی ۔اب تک ایک لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے سطح سمندر سے ساڑھے تین ہزار فٹ کی بلندی پر واقع شیو لنگم کے درشن کئے جو امر ناتھ پوتر گپھا کے نام سے مشہور ہے ۔یہاں ایک قدرتی غار ہے اوراسکے بیچ و بیچ پانی بہتا ہے جو منفی درجہ حرارت کی وجہ سے منجمد ہوجاتا ہے ۔ہندئوں مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے یہ اُنکے کئے مقدس مقام ہے۔برفیلی شیو لنگم کا درشن کر نے کیلئے بھارت بھر سے یاتریوں کی بڑی تعداد ہر سال کشمیر وارد ہوتی ہے ۔گزشتہ کئی برسوں سے یاتریوں کی تعداد میں کافی اضافہ دیکھنے کو ملا ،جس دوران انکی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی ۔امسال اب تک ایک لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے برفیلی شیو لنگم کے درشن کئے جبکہ یاتریوں کا آنا جانا جاری ہے ۔40روز پر محیط امر ناتھ یاترا بھائی بہن کے تہوار رکشھا بندھن پر اختتام کو پہنچ جائیگی ۔
بال تل میں ایک اور یاتری فوت
غلام نبی رینہ
کنگن / / بالہ تل بیس کیمپ سے جمعہ کو سخت سیکوررٹی کے بیچ 9860یاتریوں پر مشتمل ایک اور قافلہ کو گھپا کی طرف روانہ کیا گیا جبکہ گذشتہ شب ایک اور یاتری حرکت قلب بند ہونے سے لقمہ اجل بن گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ شب کو پنجترنی کے مقام پر 22سالہ ششیل کمار بییگا ولد منا لال بئیگا ساکنہ سنجے نگر مدھیا پردیش حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوگیا ۔8 روز سے جاری یاترا کے دوران مرنے والوں کی تعداد 10 تک پہنچ چکی ہے جن میں سے آٹھ افراد کی موت حر کت قلب بند ہونے سے واقع ہوئی ہے جبکہ دورکی موت پتھر لگنے سے واقع ہوئی ۔
معیشت میں مثبت تبدیلی رونما ہوگی: نائب وزیر اعلیٰ
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جی ایس ٹی بِل کو منظور کرنے کو ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے جس سے ریاست کی معیشت میں مثبت تبدیلی رونما ہوگی۔اپنے ایک تہنیتی پیغام میں ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ایکٹ کی عمل آوری سے ریاست میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صارفین کے لئے بھی یہ ایکٹ سود مند ثابت ہوگا اور اس سے ریاست کی اقتصادی حالت میں بہتری آئے گی۔
اننت ناگ میں5بچوں کا باپ درخت سے گر کر لقمہ اجل
ملک عبدالسلام
اننت ناگ//اننت ناگ میں اُس وقت صف ماتم بچھ گئی جب پانچ بچوں کا باپ ایک غریب مزدور اخروٹ کے درخت سے گر کر لقمہ اجل بن گیا۔45سالہ بشیر احمد وانی داماد غلام حسن حجام ساکن گنڈ جعفراننت ناگ جمعرات کی شب اخروٹ کے ایک درخت سے گر کر بری طرح سے زخمی ہوا۔اسے فوری طورضلع اسپتال اننت نا گ منتقل کیا گیاجہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔بشیر احمد 5بچوں کا باپ تھا جن میں سے ایک بچی دماغی طور معذور ہے۔ وہ محنت مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتا تھا اور اس کے جاں بحق ہونے سے اس کا کنبہ مکمل طور بے سہارا ہوگیا ہے۔بشیر احمد کی حادثاتی موت سے پورے علاقے میں ماتم کا ماحول ہے۔
سیکرٹری قانون ساز کونسل نے اسمبلی سے موصول پیغام پڑھ کر سُنائے
سرینگر//سیکرٹری قانون ساز کونسل عبدالمجید بٹ نے کل جے کے جی ایس ٹی اورجموں اینڈ کشمیر سوک لائز سپیشل پرویثرن امینڈمنٹ بِل سے متعلق اسمبلی سے موصول شدہ پیغام پڑھ کر سُنائے۔انہوں نے دونوں بِلوں کی کاپیاں بھی ایوان میں پیش کیں۔
اسمبلی اور کونسل کے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
سرینگر//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے لئے کاروائی کے قواعد و ضوابط کے رول16 کے تحت حاصل اختیارات کے تحت ایوان کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کیا ہے۔اس دوران جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنائت علی نے جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی کاروائی کے قواعد و ضوابط کے رول16 کے تحت حاصل اختیارات کے تحت ایوان کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کیا ہے۔
ایڈز کے علاج و معالجہ اور احتیاطی تدابیر پر تبادلہ خیال
سرینگر//پروجیکٹ ڈائریکٹر جموں وکشمیر سٹیٹ ایڈز کنٹرول سوسائٹی ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے کل ایک میٹنگ کے دوران سوسائٹی کی طرف سے ایچ آئی وی اور ایڈز کے علاج کے لئے دستیاب رکھی گئی سہولیات اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر بلڈبینکوں ، مربوط کونسلنگ مراکز اور انٹی ریٹرو وائرل تھراپی مراکز کے احسن کام کاج کے حوالے سے کئی اہم فیصلے لئے گئے اور متعلقین پر زور دیا گیا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے اس بات کو یقینی بنائیں کہ متاثرین کو دِقتوں اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقعہ پر میٹنگ میں کئی دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔