شبیر شاہ کو جیل میں دوائی لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی:ترجمان
سرینگر// فریڈم پارٹی نے شبیر احمد شاہ کے ساتھ جیل میں روا رکھے جارہے غیر انسانی سلوک پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہاڑ جیل میں حکام انہیں دوائی ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ۔اپنے بیان میں فریڈم پارٹی نے کہا کہ مسلسل تین دنوں سے انہیں کوئی دوائی لینے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس سے ان کی صحت کافی متاثر ہورہی ہے اور ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔بیان میں جیل میں موجود جرائم پیشہ افراد کی جانب سے ان کے ساتھ روا رکھے جارہے سلوک کو انتہائی غیر انسانی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ شبیر احمد شاہ جیسے مذاحمتی قائد کو آتنک وادی کہہ کر پکار رہے ہیں ۔ان کے اہل خانہ کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی ترجمان نے کہا کہ شبیر احمد شاہ چونکہ شوگر کے مریض ہیں البتہ انہیں اس سلسلے میں مخصوص اور تجویز کردہ غذابھی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود انہیں کوئی سہولیت میسر نہیں جس سے ان کی صحت کافی حد تک متاثر ہوچکی ہے ۔
ٹنگمرگ میں ٹپر ڈرائیور کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل
فیاض بخاری
بارہمولہ//ٹنگمرگ کے چھاندل علاقے میں اُس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایک ٹپرڈرئیورگاڑی دھونے کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا ۔ 28سالہ اعجاز احمد ڈار ولد محمدسلطان ڈار ساکنہ چھاندل ٹنگمرگ اپناٹپر نزدیکی گائوں ڈورو میںایک مقامی نالے میں دھو رہا تھا ۔اس دوران 11ہزار ولٹ ترسیلی لائن ٹپر سے ٹکرا گئی ۔جس دوران ڈرائیور کو بھی کرنٹ لگ گئی اور وہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔یہ خبر پھیل تے ہی اعجاز احمد کے آبائی گائوں چھاندل میںصف ماتم بچھ گئی ۔
بغیر پائلٹ طیارہ کھٹوعہ پر گر کر تباہ
نیوز ڈیسک
جموں //بھارتی فضائیہ کا ایک بغیر پائلٹ جاسوسی طیارہ پر اسرار حالات میںکٹھوعہ ضلع کے ایک جنگل میں گر کر تباہ ہوگیا۔فضائیہ نے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ جمعرات اوجمعہ کی درمیانی شب کے دوران کٹھوعہ ضلع میں تحصیل ہیرا نگر کے چھن اروریاں علاقے میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ اصل میں فضائیہ کا ایک بغیر پائلٹ چھوٹا طیارہ یعنیUAV علاقے میں پرواز کررہا تھا جس دوران وہ اچانک گر کر تباہ ہوگیا اور اسی کے نتیجے میں دھماکہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔طیارہ رات2بجکر30منٹ پر راڈار سے غائب ہوگیا تھا اور اس کا آخری مقام خانپورتھا۔ پولیس اور فضائیہ کی ٹیمیں جائے واردات پر پہنچنے میں کامیاب ہوئیں اور طیارے کا ملبہ اپنی تحویل میں لے لیا جس کا ایک حصہ جلا ہوا تھا۔اہلکاروں نے نزدیکی علاقوں میں بھی تلاشی کارروائی عمل میں لائی ،تاہم کوئی مشکوک چیز نظر نہیں آئی۔
عرفان احمد پر پی ایس اے کی مذمت
سرینگر؍؍تحریک حریت نے عرفان احمد لازبل اسلام آباد کو پبلک سیفٹی ایکٹ لگاکر کٹھوعہ جیل منتقل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کو یکم جولائی کو گرفتار کرکے ڈیڑھ ماہ تک حبس بے جا میں رکھا گیا اور اب سیاسی انتقام گیری کے تحت اُن کو PSAکے کالے قانون کے تحت کٹھوعہ جیل منتقل کیا گیا جبکہ موصوف کو اس سے پہلے بھی پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ تحریک حریت نے کہا موصوف ایک عام آزادی پسند نوجوان ہے اس پر پی ایس اے لگانا صرف اور صرف سیاسی انتقام گیری ہے۔
ڈاکٹر فاروق کا ڈوڈہ حادثے پر اظہارِ رنج
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے ضلع ڈودہ میں المناک سڑک حادثے میں 6قیمتی جانوں کے اتلاف پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہوئے شہریوں کی فوری صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے حق میں بھر پور مالی معاونت کی جائے اور زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ کی سہولیات بہم پہنچائی جائے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ آئے روز دلدوز سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔پارٹی کے صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا، سینئر لیڈران خالد نجیب سہروردی اور ایم ایل سی سجاد احمد کچلو نے بھی اس المناک حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
سوپور میں ماروتی وین آگ کی واردات میں خاکستر
غلام محمد
سوپور // شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں جمعہ کو ایک ماروتی وین آگ کی واردات میں جل کر تباہ ہو گئی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ گیس پر چلنے والی یہ ماروتی وین زیر نمبر JK01U7582جمعہ کو سوپور کی اندرونی سڑک سے کہیں جارہی تھی کہ اس دوران اچانک گاڑی میں موجود گیس سلنڈر لیک ہو گیا جس سے آگ نمودار ہوئی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے وین مکمل طور پرخاکستر ہو گئی ہے البتہ گاڑی میں سوار مسافر بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے تاہم گاڑی کا ڈرائیور فرقان عزیز معمولی طور پرجھلس گیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور صوبائی سیکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے وائل کرالہ پورہ ٹنگمرگ کی معروف شخصیت خواجہ عبدالعزیز بٹ کے برادر محمد صدیق بٹ کے انتقال پر سوگوران کے ساتھ تعزیت کی ۔ اس موقع پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کئے گئے۔ شوکت میر نے اس موقعہ پر پارٹی قیادت کی طرف سے بھی سوگوران کے ساتھ تعزیت کی۔
تحریک حریت کا ڈاکٹر شکیل شفائی کے ساتھ تعزیت
سرینگر//تحریک حریت نے اسلامک اسٹیڈی سرکل کے ڈاکٹرشکیل شفائی کی والدہ کے انتقال پر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ تحریک حریت کے محمد اویسی اور مدثرندوی پر مشتمل وفد مرحومہ کے گھرگیا جہاں انہوں نے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی اور دُعا کی اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے۔
ذوالفقار کا اظہار تعزیت
سرینگر//وزیر اطلاعات، خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین چوہدری ذوالفقار علی نے سبکدوش ہوئے گرداور اور درہال راجوری کے معروف سماجی کارکن محمد عبداللہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔
Contents
شبیر شاہ کو جیل میں دوائی لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی:ترجمان ٹنگمرگ میں ٹپر ڈرائیور کرنٹ لگنے سے لقمہ اجلبغیر پائلٹ طیارہ کھٹوعہ پر گر کر تباہعرفان احمد پر پی ایس اے کی مذمت ڈاکٹر فاروق کا ڈوڈہ حادثے پر اظہارِ رنجسوپور میں ماروتی وین آگ کی واردات میں خاکسترنیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیتتحریک حریت کا ڈاکٹر شکیل شفائی کے ساتھ تعزیت ذوالفقار کا اظہار تعزیت