سرینگر میں یک روزہ تربیتی پروگرام
سرینگر//نیشنل سیمپل سروے آفس ( این ایس ایس او) نے مرکزی حکومت کی وزیر سٹیٹکس اور پروگرام امپلمنٹیشن کے تحت سرینگر میں ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد 17اگست 2017کو نیشنل سیمپل سروے کے 75ویں رائونڈ کے تحت کیاگیا۔ نیشنل سیپمل سروے کے 75ویں رائونڈ میں سوشل کنزمشن آف ہیلتھ، تعلیم اور گھریلو خرداری پر خرچے کے بارے میں تربیت دی گئی۔ اس موقعے پر نیشنل شیمپل سروے آفس سرینگر میں تربیتی کورس کی صدارت ڈائریکٹر الطاف حسین حاجی کررہے تھے جس میں تمام صوبوں کے افسران نے شرکت کرکے مختلف مسائل پر بحث کی اور زمینی سطح پر کام کے تجربے ایک دوسرے کے سات بانٹے۔ اس موقعے پر انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ ڈیٹا جمع کرتے وقت خاص خیال رکھے اور غلطیاں کم کرنے کی کوشش کریں۔
آسیہ اندرابی اور فہمید صوفی پر دوسرا سیفٹی ایکٹ عائد کرنے پر دختران ملت سیخ پا
سرینگر// دختران ملت نے سیدہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی پر پھر سے پی ایس اے عاید کیے جانے پر حکومت کی شدید نکتہ چینی کی ہے۔ 15 اگست کو ان دونوں پر پچھلے پی ایس اے کی مدت مکمل ہوگئی تھی جس کے بعد اب ان پر پھر سے پی ایس اے لگا دیا گیا۔جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ دوسرا پی ایس اے ایسے وقت لگایا گیا جب کہ آسیہ جی کی صحت بہت بگڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یک بیمار خاتون رہنما کے خلاف حکومت انتہائی معاندانہ اور ظالمانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ کیا۔انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابی کے ساتھ ساتھ ان کے شوہر ڈاکٹر قاسم فکتو کو بھی ان کے سیاسی موقف کی بنا پر عتاب کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کی صحت بھی کافی بگڑ گئی ہے۔ ان کی بینائی بہت زیادہ متاثر ہوگئی ہے اور ان کی آنتوں میں بھی زخم پیدا ہوگئے ہیں۔
ٹاٹاسومو سے گر کر بونیار کا شہری جاں بحق
ٖٖظفر اقبال//بونیار اوڑی میں ٹاٹا سومو کی چھت سے گر کر ایک شخص لقمہ اجل بن گیا۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کی دیر شام کو بونیار کے ترکانجن گاوں سے بونیار بازار کی طرف جا ری ایک ٹاٹا سومو جس کی چھت پر سوار 30 سالہ عبدالاحد ولد عبدالعزیز گنائی ساکنہ بچھی ترکانجن بونیار راستے میں گر کر شدید زخمی ہو گیا تھا جسے علاج و معالجے کے لئے ضلع ہسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا جہاں سے اسے سرینگر میڈیکل انسٹیچوٹ منتقل کیا گیا مگر ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ دم توڑ بیٹھا۔
قاضی گنڈ کے متاثرہ اراضی مالکان کو راحت
حقوق کمیشن نے فوری طور معاوضہ ادا کرنے کا حکم صادر کیا
سرینگر//ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے تعمیرات عامہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ قاضی گنڈ کے درخواست دہندگان کو معاوضہ فراہم کرے جن کی اراضی 2005-2006 ء کے دوران ترقیاتی کاموں کے زد میں آئی ۔سیکرٹری ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے مطابق2005-06 کے دوران محکمہ تعمیرات کی طرف سے حاصل کئے گئے اراضی کو 18 فٹ چوڑی سڑک نوسو گائوں سے میر پورہ تک ترقی دینے کے معاملے کو کمیشن کے چیئرپرسن جسٹس بلال نازکی کے سامنے پھر سے پیش کیا گیاجو محکمہ ھٰذا نے تعمیری کام کیلئے ہاتھ میں لیا تھا۔چیئرمین نے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا ۔اسسٹنٹ کمشنر ( مال) اننت ناگ بذات خود پیش ہوئے اور کہا اور ضروری رقم کا انتظام کیا گیا ہے اور وہ جلد ہی متعلقہ لوگوں میں ایک ہفتے کے اندر تقسیم کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر کو چار ہفتوں کا وقت دیا گیا تاکہ وہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرے۔
ممبران قانون ساز یہ کے Conduct پر ایتھکس کمیٹی کاغور و خوض
سرینگر//ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر کی صدارت میں جموں وکشمیر قانون ساز ایتھکس کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔ ایتھکس کمیٹی کے رول کے بارے میں معاملات پر تفصیلی بحث ہوئی۔ممبران قانون سازیہ عبدالمجید لارمی اور چودھری محمد اکرم جو کمیٹی کے ممبران ہیں نے ممبران کے Conduct کو بہتر بنانے کے بارے میں اپنی تجاویزپیش کیں ۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ کمیٹی ریاست سے باہر اسمبلیوں اور کونسلوں کا جائزہ لینے کے لئے چننئی ،تھروننتھاپورم اور ممبئی کا دورہ کر یں گے تاکہ اس سلسلے میں اُن ریاستوں میںمتعلقہ قوانین کے بارے میں علمیت حاصل کرسکےں ۔میٹنگ میں جموں وکشمیر اسمبلی کے سیکرٹری ایم آر سنگھ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔
حزب پر امریکی پابندی بے معنی: جہاد کونسل
مظفر آباد//متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے امریکہ کی جانب سے حزب المجاہدین پر پابندی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے تسلط سے آزاد ہونے کے لئے کشمیریوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں پیش کیں ہیں۔ امریکہ اپنے بانیوں مارٹن لوتھر کنگ اور جارج واشنگٹن جیسے آزادی پسندوں کی نفی کر رہا ہے، حزب المجاہدین پر پابندی اس کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا خبردار رہے کشمیریوں کی جدوجہد مقامی ہے، ہم ہر صورت میں بھارت سے آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے، ضمیر فروش اور مفاد پرست اس جدوجہد کوکامیابی سے نہیں روک سکتے۔
ترال میں سرکاری سکولوں میں دوپہر کے کھانے کی سپلائی دو ماہ سے بند
ترال// سید اعجازترال کے متعدد سرکاری تعلیمی اداروںکو محکمہ امور صارفین کی جانب سے دو پہر کے کھانے کی سپلائی نا معلوم وجوہات کی بناءپر روک دی گئی ہے جس کی وجہ سے زیر تعلیم بچوں کے ساتھ ساتھ تعینات عملہ بھی پریشانیوں میں مبتلا ہوئے ہیں۔ اساتذہ کے وفد کاکہنا ہے کہ محکمہ کی جانب سے انہیں رکیوزشن فارم فراہم کئے گئے ہیں لیکن ان کے علاقوں میں قائم گھاٹ منشی راشن فراہم کرنے سے یہ کہہ کر انکار کر تے ہیں کہ انکو محکمہ کی جانب سے ہداہت ہے کہ سکولوں کو راشن فراہم نہ کیا جائے ۔
کپوارہ میں معروف ماہر تعلیم غلام محمد بٹ فوت
کپوارہ//ہندوارہ کے راجپورہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر تعلیم غلام محمد بٹ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ پیر مظفرکے والد اور بلاک میڈیکل آ فیسر کرالہ پورہ ڈاکٹر محمد شفیع کی والدہ ٹھنڈی پورہ کرالہ پورہ میں انتقال کر گئے۔اس موقع پر مختلف سماجی و سیاسی تنظمیو ں کے علاوہ ،محکمہ تعلیم ،محکمہ مال اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے غم ذدہ خاندانو ں سے اظہار تعزیت کے علاوہ مرحومین کے حق میں دعائے مغفرت کی ۔علاوہ ازیں کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگاراشرف چراغ نے راجپورہ کے بٹ خاندان ،ڈاکٹر محمد شفیع اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہندوارہ پیر مظفر سے اظہار ہمدردی کی۔
محبوسین کی حالت زار پر تشویش
سرینگر //لبریشن فرنٹ ( حقیقی ) چیئرمین جاوید احمد میراور سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے مشترکہ بیان میں ریاست اور بیرون ریاست جیلوں میں محبوسین کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیل حکام کا رویہ ان کے تئیں انتہائی غیر انسانی اور ظالمانہ ہے ۔انھوں نے کہا کہ محبوسین کو بنیادی اور طبی سہولیات میسر نہیں ۔انھوں نے جودھپور ،راجستھان،جموں ،تہاڑ اور دیگر جیلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تپتی گرمی میں ان قیدیوں کو پنکھا یا اس طرح کی بنیادی سہولیت بھی میسر نہیں اور جو قیدی عمر قید کی سزا بھگت رہے ہیں ،انہیں اہلخانہ اور رشتہ داروں سے ملنے میں کافی دشواریاں محسوس ہورہی ہیں ۔
ایوب للہاری کو خراج عقیدت
سرینگر//پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور پیپلزلیگ نے پلوامہ،شوپیاں ، چاڈورہ اور کولگام کے شہداءکو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ کورٹ بلوال جیل سے بھیجے گئے بیان میں غلام محمد خان سوپوری نے کہاکہ ’ ہمارے نوجوان قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے شمع آزادی کو روشن کئے ہوئے ہے ‘۔ انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر کو ہر روز مظلوم کشمیریوں کے خون سے نہلایا جارہا ہے اور وادی کا چپہ چپہ انسانی خون سے لالہ زار بن چکا ہے ۔ادھرپیپلز لیگ کے ضلع پلوامہ صدر عبدالرشید متوں اور محمد یوسف اور دیگر اراکین عرفان احمد شیخ اور ایوب للہاری کے گھر گئے اور لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ پیپلز لیگ کا ایک اور وفد حاجی محمد رمضان اور صدر ضلع مشتاق احمد نے بارہمولہ اور حاجن بانڈی پورہ جاکر جاوید احمد اور عابد احمد کے گھر جاکر لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔
حاجن اور سوناری میں عوام فورسز تشدد کے شکار: کلوال
سرینگر//لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال نے معروف حریت پسند شکیل احمد بٹ پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ زونل صدر نے محبوس شکیل احمد بٹ جنہیں عید الفطر سے قبل پولیس اسٹیشن مہاراج گنج نے گرفتار کیا تھا ‘ کی اسیری کو طول بخشتے ہوئے‘ انہیں بیمار حالت میں ہی سرینگر سینٹرل جیل میں محبوس رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شکیل احمد کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس اسٹیشن کے اندر انتہائی بےدردی کے ساتھ مارا پیٹا گیا جس سے ان کا ایک بازو بھی ٹوٹ گیا۔ انہیں بعدازاں اسی حالت میں سرینگر سینٹرل جیل بھیج دیا گیا جہاں وہ ہنوز بند ہیں اور ہر قسم کی طبی سہولیت سے محروم رکھے جارہے ہیں۔نور کلوال نے کہاکہ بیمار قیدی کو طبی سہولت سے محروم رکھنا دراصل ان کی زندگی کو خطرہ¿ پہنچانے کے مترادف ہے اور ایک پرامن سیاسی رکن کے ساتھ اس ذیادتی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔کلوال نے کہا کہ بھارتی فورسز اور پولیس نے سوناواری خاص طور پر حاجن میں رہائش پذیر لوگوں کے خلاف جارحیت کرنے کی انتہا کی ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔
گاندربل میں من مانے طریقہ پرگاڑی کرایہ لینے پر برہمی
گاندربل//ارشاد احمد//ضلع گاندربل میں چل رہی مختلف علاقوں کے روٹوں پر کمرشل ٹرانسپورٹ کے ڈرائیور کلینروں نے لوٹ مچارکھی ہے۔گاندربل میں مختلف روٹوں پر جن میں صورہ سے کنگن،صفاپورہ،تولہ مولہ،شالہ بگ،سمیت دیگر علاقوں کو جانے والی کمرشل ٹرانسپورٹ سے وابستہ مالکان نے لوٹ مچارکھی۔ایک کلو میٹر تک گاڑی میں سوار مسافر سے 6 یا 7 روپے وصول کئے جاتے ہیں جبکہ محکمہ موٹر ویہیکل نے باضابطہ کلومیٹر سے لیکر تین کلومیٹر تک یا اس سے زیادہ سفر کرنے کے لئے ریٹ مقرر کی ہے جو ہر کمرشل گاڑی میں آویزاں رکھنی کی ہدایت دی گئی ہے ۔گیراج گاندربل کے محمد شفیع کے مطابق بی ہامہ سے لیکر گیراج تک ڈیڑھ کلو میٹر کی مسافت ہے جس کے لئے مجھ سے 6 روپے وصول کئے گئے۔ گاندربل اسسٹنٹ ریجینل ٹرانسپورٹ محکمہ سے رابط کیا گیا تو محکمہ کے انسپکٹر ظہور احمد رنگریز نے کہا کہ کمرشل والوں کے لئے باضابطہ کلومیٹر کے فاصلے تک ریٹ مقرر کی گئی ہے ،خلاف ورزی کرنے والوں کے قانونی کارروائی کی جائے گی ۔