سرینگر// تحریک کشمیر کے صدر جنرل محمد موسیٰ نے کہا ہے کہ عذاب ،عتاب اوردھونس دبائو مزاحمتی جماعتوں کے لئے اگر چہ کوئی نئی بات نہیں تاہم ان حالات کا مقابلہ حکمت و تدبر سے کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ جنرل موسیٰ نے کہا کہ مین اسٹریم جماعتوں کا مثبت رویہ اگرچہ اچھی بات ہے تاہم امید ہے کہ یہ محض سیاسی مفاد کا کھیل نہ ہوگا بلکہ درد و کرب میں باضابطہ شمولیت کا آغاز ہوگا ۔
موجودہ صورتحال تشویشناک: خان سوپوری
سرینگر// پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی دلی ریاست میں مسلم تشخص کو مٹانا چاہتی ہے، جس کے خلاف عوام کو ذہنی طور تیار رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی شناخت کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیری عوام اپنا خون دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ادھر پیپلز لیگ کے قائمقام چیئرمین سیدمحمدشفیع نے شبیر احمدشاہ پر کئے گئے حملے کی مذمت کی۔
تحریک حریت کی ہندوارہ کے غمزدگان سے تعزیت پرسی
سرینگر//تحریک حریت نے ہندوارہ کے غمزدہ خاندان تک پارٹی چیئرمین سید علی گیلانی اورجنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔اس سلسلے میں بشیر احمد قریشی کی قیادت میںایک وفد نے جاں بحق کئے گئے طالب علم کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ فوج ایک منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کُشی کررہا ہے اور آج ایک بار پھر مژھل طرز پر فرضی انکاؤنٹر میں ایک اور کشمیری طالب علم کو جاں بحق کیاگیا۔ تحریک حریت بیان میں کہا گیا کہ جموں کشمیر کے عوام نے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پُرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور بھارت نے اس پُرامن تحریک کو بھی بزورِ طاقت کچلنے کیلئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کئے ہوئے ہیں۔وفد میں ضلع کپوارہ کے ضلعی ذمہ داران جن میں منظور احمد، عبدالاحد اور دیگر کارکنان شامل تھے نے بھی شاہد بشیر کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت کیا ۔اس دوران مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتواورینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میںہندوارہ کے طالب علم کی ہلاکت کو قتل نا حق سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کو مارنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مؤدبانہ اپیل کی کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر کشمیریوں کو انصاف دلانے میں اپنا کردارادا کریں۔
اسٹیشن نہ چھوڑیں، اننت ناگ میں تعینات افسران کو ہدات
اننت ناگ//ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ نے ضلع کے افسران کوہدایت دی ہے کہ پیشگی اجازت کے بغیر اپنے اسٹیشن نہ چھوڑیں ۔یہ احکامات مختلف محکموں میںکام کاج میں بہتری لانے اورعوام کے لئے اطمینان بخش خدمات کی فراہمی کویقینی بنانے کے لئے جاری کئے گئے ہیں۔
مذہبی معاملات میں مداخلت بڑا مسئلہ:مولانا قاسمی
سرینگر//جمعیت علماء جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ تین طلاق کے متعلق سپریم کورٹ آف انڈیا کے فیصلہ کے بعد کیفیوژن پیدا ہوگیا ہے ۔جمعیت علماء کا کہنا ہے کہ کا حالیہ فیصلہ متضاد ہے کیونکہ ایک طرف سپریم کورٹ نے صاف کردیا ہے کہ مسلم پرسنل لا مکمل طور محفوظ ہے اسمیں کوئی بھی مداخلت آئین کے خلاف ہے وہیں دوسری طرف مسلم پرسنل لاء میں مبینہ مداخلت کرتے ہوئے سہ طلاق پر چھ ماہ کی روک لگاکر پارلیمنٹ کوانہی چھ ماہ کے اندر اندر اس سلسلے میں قانون بنانے کا حکم دیا ہے لہٰذا یہ فیصلہ متضادبھی ہے اور معاملہ کوبلا وجہ الجھانے اور غیر مسلموں میں کنفیوژن پیدا کرنے کے مترادف بھی،مسلم پرسنل لا ہندوستان کے آئین کی ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے اس لئے طلاق کے معاملہ کی تشریح اور توضیح اور صحیح طریقہ کار کی وضاحت کا حق صرف مسلم علماء ہی کو ہے لہٰذا جمعیت مطالبہ کرتی ہے کہ عدالت عظمیٰ اس مسئلہ کو از خود سلجھانے اور حکومت کو اس سلسلے میں قانون سازی کرنے کا مشورہ دینے کے بجائے ملک کے معتمد اسلامی ادارہ ،،مسلم پرسنل لا بورڈ ،،سے شریعت اسلامیہ کی روشنی میں ایک قانونی مسودہ تیار کراکے سرکاری سطح پر نافذالعمل کرائے مسلم پرسنل لا بورڈ چونکہ تمام مکاتب فکر کا ایک مشترکہ فورم ہے لہٰذا بورڈ تمام آراء کو پیش نظر رکھ کر ایک مسودہ کی ترتیب وتشکیل کریگا جو تمام مکاتب فکر کیلئے قابل عمل ہوگا۔جمعیت علماء اہلسنت والجماعت جموں وکشمیر کا یہ بھی کہنا ہیکہ مسلمانوں کیلئے شرعی معاملات ومسائل میںاسلامی احکامات کی پیروی ہی لازمی ہے اور یہ انکا آئینی ومذہبی حق ہے۔جمعیت کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے کہا کہ کسی بھی سچے پکے مسلمان کو شرعی معاملات ومسائل میں کسی بھی غیر اسلامی عدالت کی طرف رجوع نہیں کرناچاہئے کیونکہ یہ اسکی غیرت ایمانی وحمیت اسلامی کے خلاف ہوگااور ملکی آئین نے ہمیں شرعی مسائل کو مسلم پرسنل لا کے تحت حل کرنے کا اختیار دیا ہے۔
نعیمہ احمد مہجور بیوائوں کے گائوں میں
سرکار متاثرہ خواتین کی زندگی بہتر بنانے کی وعدہ بند
کپوارہ//اشرف چراغ //ریاست جمو ں و کشمیر میں گزشتہ27سالو ں کے دوران کپوارہ ضلع کا درد پورہ علاقہ سب سے زیادہ متاثر رہا ۔اس گائو ں میں اس وقت بھی ایک سو سے زائد بیوائیں کسمپری کی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ سینکڑوں یتیم بچے اپنے روشن مستقبل کے بارے میں سوچ رہے ہیں ۔اس گائو ں کو بیوائوں کے گائو ں کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔ان بیوائو ں اور یتیم بچو ں کے زخمو ں پر مرہم لگانے کی غرض سے سٹیٹ کمشنر وومنز نعیمہ احمد مہجور نے درد پورہ کا دورئہ کیا ۔دردپورہ کرالہ پورہ کے سرکاری ہائی سکول میں درجنو ں بیوائو ں اور یتیم بچو ں سے خطاب کے دوران نعیمہ احمد مہجور نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آ پ پرانے زخمو ں کو بھول کر اپنی نئی زندگی کی شروعات کریں کیونکہ سرکار آ پ کی بہبودی کے لئے اہم اقدامات اٹھانے جارہی ہے انہو ں نے درد پورہ کی بیوائو ں سے کہا کہ انہیں ان کا درد تب بھی تھا جب وہ بی بی سی اردو سروس سے وابسطہ تھی اوریہ درد اب بھی ہے جب وہ سٹیٹ کمشنر وومز بھی ہے ۔انہو ں نے ہمیں ما ضی کے تلخ یادو ں کو بھول کر اپنے بچو ں کے روشن مستقبل سنوارنے کے لئے جینا ہی ہوگا ۔نعیمہ احمد مہجو ر نے مزید کہا کہ درد پورہ اور کنن پوشہ پورہ کی خواتین کو روز گار دلانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ ان متاثر ہ علاقوں کی خواتین کے چہرو ں پر مسکراہٹ لانے کے لئے وہ کام کررہی ہے ۔انہو ں نے خواتین سے سے کہا کہ عورت کمزرو نہیں ہے بلکہ عورت عظیم ہے اور یہ سب سے زیادہ قوت برادشت رکھ سکتی ہے ۔انہو ں نے بیوائو ں سے کہا کہ آپ نے اپنے ہمسفرو ں کو کھونے کے باوجود بھی جن حالات کا مقابلہ کیا وہ قابل داد ہے ۔اس کے علاوہ بیواہ انجمن کی ریاستی چیر پرسن حنیفہ خان کے علاوہ ،سماجی بہبود کے ضلع سر براہ ممتازاحمد ،پروجکٹ آ فیسر غلام نبی شیخ اور میر غلام رسول درد پوری نے خطاب کیا ۔
عید کے بعد میگڈمائزیشن کے پروجیکٹ روک دیں گے
ہاٹ مکس پلانٹ اونرس ایسوس ایشن کا اعلان
سرینگر// نیو ہاٹ مکس پلانٹ اونرس ایسوسی ایشن حیدرپورہ بائی پاس سرینگر نے کہاہے کہ اگر سرکار نے عید تک ان کی بلیں واگذار نہیں کیں تو وہ عید کے بعد تمام مکس پلانٹ کو بند کرکے میگڈمائزیشن کے سبھی منسوبے روک دیں گے ۔اپنے پریس بیان میں ایسوسی ایشن نے کہاکہ اب تک حکومت کے ذمہ میگڈمائزیشن کی مد پر300کروڑ روپے واجب الادا ہیں جبکہ صرف2015-16مالی برس کے 163کروڑ بقایا ہیں جس کی واگذاری کیلئے سرکار کوئی بھی اقدام نہیں کرتی ہے۔ایسوسی ایشن نے فیصلہ لیا ہے کہ اگر حکومت عید تک ان کے واجب الادا بقایاجات واگذار کرنے میں ناکام ہوتی ہے تو سارے پاٹ مکس پلانٹ کشمیر میں بند کردئے جائیں گے اور احتجاج کی راہ اختیار کی جائے گی ۔
ملازمین کی تنخواہیں28اگست کو واگذار کرنے کی ہدایت
سرینگر//ریاستی حکومت کے ملازمین کی مانگ کے ردِ عمل میں محبوبہ مفتی نے ماہ اگست کی تنخواہیں مہینے کی 28 تاریخ کو ہی عید الاضحیٰ جو کہ اگلے ہفتے منائی جا رہی ہے ، کے پیش نظر واگذار کرنے کی ہدایت جاری کی ۔
ایجیک کا مجوزہ دھرنا ملتوی
سرینگر// ایجیک نے 35اے پر شنوائی کو مؤخر کرنے کے بعد 28اگست کا مجوزہ دھرنا ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ایجیک صدر عبدالقیوم وانی کی سربراہی میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو مسخ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف جمہوری اور قانونی طریقے سے جدوجہد کی جائے گی۔