اننت ناگ میں شکایات کے ازالہ کیلئے سیل کا قیام
اننت ناگ/ /عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے اور سنگل ونڈومیکنزم کے تحت شکایتیں درج کرنے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک نے ڈی سی آفس کمپلیکس میں ایک شکایتی سیل کا قیام عمل میں لایا ہے۔فرض شناس آفیسران کو عوامی شکایات درج کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو کہ ان شکایات کو متعلقہ محکموں اورآفیسران تک پہنچائیںگے تاکہ ان کا ازالہ کیاجاسکے۔عوام کو مطلع کیا جارہا ہے کہ وہ عوامی نوعیت کی شکایات درج کرنے کے لئے ٹول فری نمبر18001807054پر رابطہ قائم کریں۔
ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے روڈ سیفٹی ایکشن پلان کاجائزہ لیا
بانڈی پورہ//عوام کو محفوظ سڑک سہولیا ت فراہم کرنے اور 2020تک حادثات میں 50فیصد تک کمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر کی صدارت میں آفیسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ کے دوران ضلع میں روڈ سیفٹی ایکشن پلان کو ترتیب دینے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ترقیاتی کمشنرنے متعلقین پر جامع روڈ سیفٹی ایکشن پلان کو وضع کئے گئے رہنما خطوط کے تحت ترتیب دینے پر زوردیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے بانڈی پورہ ،سوپور اوربانڈی پورہ سمبل روڈ سمیت تین شاہرائوں کی مرمت کے لئے 72لاکھ روپے خرچ کرنے کامنصوبہ بنایا ہے۔جب کہ محکمہ تعلیم نے روڈ سیفٹی کے بارے میں جانکاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک حادثات کو کم کرنے کے لئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ناجائز تجاوزات ہٹاناناگزیر ہے۔اس موقعہ پر محکمہ پولیس نے بسوں میں اوور لوڈنگ کی روکتھام کیلئے سخت اقدامات کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔
ڈی سی گاندربل نے ای ٹینڈرنگ کیلئے کمیٹی تشکیل دی
گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے منی سیکرٹریٹ گاندربل میں تمام ضلع کے دفاتر کو منتقل کرنے کے سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی۔کمیٹی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نذیر احمد بابا، سی پی او عبدالسلام ماگرے ، اسٹنٹ کمشنر ریونیو بشیر احمد بٹ اور ڈی آئی او این آئی سی بشارت شفیع شامل ہے۔کمیٹی کو یہ ذمہ داری دی گئی کہ وہ ڈرافٹ این آئی ٹی ، ٹینڈرس و دیگر لوازمات کو ضلع ترقیاتی کمشنر کی منظوری حاصل کر کے پورا کریںاور پوری شفافیت کے ساتھ اس پر عمل کریں۔
زونل ایجو کیشن آ فیسر کرالہ پورہ عہدے سے سبکدوش
کپوارہ/اشرف چراغ /زونل ایجو کیشن آ فیسر کرالہ پورہ راجہ ممتازحمد خان محکمہ تعلیم میں 40سالہ فرائض انجام دینے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہوئے ۔ ممتازاحمد خان کے اعزاز میں سرکاری مڈل سکول شولورہ میں رہبر تعلیم اساتذہ نے ایک الودعی تقریب منعقد کی جس میں ضلع کے ہائر سیکنڈری سکولو ں کے پرنسپل ،ضلع پلاننگ ایجوکیشن آفیسر،ڈپٹی چیف ایجو کیشن آ فیسر کپوارہ،تحصیل دار کرالہ پورہ ،بلاک میڈیکل آ فیسر کرالہ پورہ ،زونل ایجوکیشن آ فیسران کے علاوہ اساتذہ اور سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر مقررین نے ممتاز احمد خان کی40سالہ خدمات پر روشنی ڈالی گئی جبکہ انہیں محکمہ تعلیم سے ایک جوش جذبے سے الوادع کیا گیا ۔مقررین نے ممتا زاحمد خان کو بحثیت زونل ایجو کیشن آفیسر ایک بہترین سر براہ قرار دیا ۔
ٹیکنیکل آفیسر کے اعزاز میں الوداعیہ پارٹی
سرینگر//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے ایک تقریب کے دوران آر اینڈ بی کے ٹیکنیکل آفیسر مشتاق احمد کو ملازمت سے سبکدوش ہونے پر الوداع کہا۔اس موقعہ پر ایم ایل سی یاسر یشی ، چیف انجینئر آر اینڈ بی ، پی ایم جی ایس وائی و دیگر افسران موجود تھے۔حاضرین نے اس موقعہ پر مشتاق احمد کو ایک ایماندار ، محنتی اور قابل افسر کہلاتے ہوئے ان کی ستائش کی۔وزیر موصوف نے ریٹرینگ افسر کو اس کے روشن مستقبل کے لئے دعا کی۔ایم ایل سی ریشی نے انہیں ایک شال پیش کیا اور اُن کی ایمانداری کی داد دی۔
مولانا قانونگو،مولانا قمی اورجگموہن سنگھ رینہ کی مبارکباد
سرینگر//انجمن حمایت الاسلام،پیروان ولایت اورآل پارٹیز سکھ کارڈنیشن کمیٹی نے مسلمانانِ جموں وکشمیرکومبارکبادپیش کی ہے۔انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہاکہ یہ دن عالم اسلام کو حضرت ابراہیم ؑ اوران کے جلیل القدر فرزند حضرت اسماعیل ؑ کے صبرآزمودہ قربانیوں کو یاد دلاتے ہوئے اہل اسلام کو اپنی خواہشات پر قابو کرکے دین اسلام کی حفاظت و احکام شریعت کی پابندی کی ذمہ داری کادرس دیتی ہے۔پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی اور صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے امت مسلمہ سے استدعا کی کہ وہ عالم اسلام کی بحرانی صورتحال کو مد نظر رکھ کر عید کی خوشیاں سادگی اور اسلامی حدود کے مطابق منائیں اور مسلم اداروں کی بھر پور امداد کرکے غریب اور مفلوک الحال مسلمانوں کا بھی خیال رکھیں۔آل پارٹیز سکھ کارڈنیشن کمیٹی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینا نے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ عید تمام طبقات میں آپسی بھائی چارے اور محبت کو تقویت دے گی۔محاذ آزادی کے سینئر رکن قطب عالم نے عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مبارک موقع پر غریبوں اور مستحق افراد کی دل جوئی کریں۔تحریک استقامت کے قاید غلام نبی وار نے مسلمانان کشمیر کو عید کی مبارک پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ لوگوں کو درپیش مظالم و مصائب سے نجات حاصل ہو۔
ناظم اطلاعات کی طرف سے صحافی برادری کو عید پر تہنیت
سرینگر//ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ منیر الاسلام نے لوگوں کو بالعموم اور صحافی برادری کو بالخصوص عید الاضحی کے مقدس موقعہ پرعید مبارک پیش کی ہے۔اپنے ایک تہنیتی پیغام میں ناظم اطلاعات نے کہا ” میں اپنی اور اپنے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے عملے کی طرف سے جموں وکشمیر کے صحافی برادری کے تمام ممبران کو عید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔“انہوںنے کہا” میں دعا کرتا ہوں کہ اس مقدس موقعہ کی بدولت اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی رحمتوں اور برکتوں سے نوازے اور ان تمام خوشیوں سے مالا مال کردے جو اللہ کے نیک بندوں کو حاصل ہوتی ہے“۔ادھر کے این ایس عملہ بالخصوص مدیراعلیٰ محمداسلم بٹ نے اُمت مسلمہ کوبالعموم اورمسلمانانِ جموں وکشمیرکوبالخصوص دل کی عمیق گہرائیوں کے ساتھ مبارکبادپیش کی ہے۔