کلہم ترقی ریاستی معیشت کیلئے اہمیت کا حامل:ویری
اننت ناگ//مال، امداد و باز آباد کاری و پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کہا کہ کلہم ترقی ریاست کے معیشت کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر موصوف اننت ناگ کے ڈاک بنگلہ میں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر اننت ناگ، گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز اننت ناگ کے پرنسپل ، آر اینڈ بی ہائیڈولک اور پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سپر انٹنڈنگ انجینئر ، اے سی آر اننت ناگ ، پی ڈی اے ، بی ڈی اے ، کے ڈی اے کے چیف ایگزیکٹیو افسران ، پہلگام اور ڈورو کے ایس ڈی ایم ، تمام تحصیلدار اور متعلقہ محکموں کے سیکٹورل افسران موجود تھے۔وزیر نے ضلع کی مختلف سڑکوں اور ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے اراضی کے حصول کے عمل کا جائزہ لیا۔ دریں اثنا انہوں نے چیف میڈیکل افسر کو طبی اور نیم طبی عملہ کی نائٹ ڈیوٹی کو یقینی بنانے کے لئے ایک روسٹر ترتیب دینے کی ہدایت دی تاکہ قومی شاہراہ پر مسافروں کے لئے طبی سہولیات یقینی بنائی جاسکے۔ویری نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی پروجیکٹوں کو عملانے میں اپنے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں اور اس سلسلے میں فیلڈ انسپکشن کا سلسلہ جاری رکھیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سال 2017-18 کے لئے ضلع میں 205کروڑ روپے کا کیپکس بجٹ کی منظور ی دی گئی ہے جس میں سے دستیاب 76.11کروڑ روپے میں سے56.32کروڑ روپے اب تک خر چ کئے گئے ہیں۔
زوگیار بارہمولہ میں سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ
فیاض بخاری
بارہمولہ// نارواو بارہمولہ کے زوگیار علاقہ میں رابطہ سڑک کی خستہ حالی کے سبب مقامی آبادی اور ٹرانسپورٹروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پرالزام عائد کرتے ہوئے بتایاکہ زوگیار سے شیری شاہراہ تک رابطہ سڑک کی مرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چہ علاقہ نارواو میں بیشتر سڑکوں کومیکڈامائز کیا گیا تاہم اس سڑک کو نظر انداز کیاگیا ،جس کے نتیجے میں سڑک خستہ حال ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر چہ لوگوں نے اس سڑک کے بارے میں کئی بار انتظامیہ کو آگاہ کیا لیکن یقین دہا ینوں کے باوجود بھی اس سڑک کی مرمت کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔
بارہمولہ میں دو نقب زن گرفتار
۔53 موبائل فون ضبط
فیاض بخاری
بارہمولہ// بارہمولہ پولیس نے نقب زنوں کے ایک گروہ کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو نقب زنوں کو گرفتار کیا گیا اور اُن سے لاکھو ں روپئے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق 8 ستمبر کو رفیع جبار میرولد عبدلجبار میر ساکن دلنہ نے پولیس تھانہ بارہمولہ میں شکایات درج کی تھی کہ 7اور 8 ستمبر کی درمیانی رات کو نامعلوم نقب زنوں نے دلنہ میں اُس کی دوکان کو لوٹ لیا اور دوکان سے کافی تعدادمیں موبائل فون چوری کر لئے تھے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی اورکافی محنت کے بعد نقب زنوںکو پکڑنے میں کامیاب ہوئے جن کی شناخت الطاف احمد بٹ اور ظہور احمد ساکنان کرانکشون سوپور ہوئی ۔ دونوں نقب زنوں کے انکشاف پر پولیس نے ان کے قبضے سے مختلف قسم کے 53 موبائل فون ضبط کئے ۔
تھاجل اوڑی پینے کے پانی سے محروم
اوڑی// ظفر اقبال//اوڑی کنٹرول لائن پر واقعہ تھاجل نامی گاوں کے لوگ گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے پانی سے محروم ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقے کی واٹر سپلائی سکیم گزشتہ ایک ماہ سے مکمل طور خراب ہے اور آبادی پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہی ہے۔انہوںنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عرصہ دراز سے اس سکیم کی مرمت نہیں کی جارہی ہے اورنتیجے کے طور پر علاقے کے لوگ پینے کے پانی سے محروم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ معاملہ کئی بار محکمہ پی ایچ ای کی نوٹس میں لایا گیا لیکن کوئی سدباب نہیں ہوا۔
ٹریفک قوانین کا احترام کریں:صوبائی کمشنر
سرینگر//ائر پورٹ سڑک پرٹریفک کی بلا خلل نقل وحمل کو یقینی بنانے اورسڑک پرٹریفک جامنگ کو کم کرنے کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر نے زائرین حج کے رشتہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرینگر ہوائی اڈے سے زائرین کو لانے کے دوران ٹریفک قوانین کا احترام کریں۔انہوںنے زائرین کے رشتہ داروں کو صلاح دی ہے کہ وہ ہوائی اڈے تک صرف ایک ہی گاڑی کا استعمال کریں۔صوبائی کمشنر نے اپیل کی ہے کہ ائر پورٹ سڑک پر گاڑیوں کی پارکنگ سے اجتناب کیا جائے تاکہ یہاں ٹریفک کی معمول کی آمدورفت میں رخنہ نہ پڑے۔
گاندربل میں عوامی دربار
ارشاد احمد
گاندربل//واکورہ گاندربل میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے موجودہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش شنگلاکی صدارت میں پہلی مرتبہ’’عوامی دربار‘‘کا انعقاد کیا گیا۔ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید شاہنواز حسین،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ آفیسر،ضلع سے وابستہ محکموں کے اعلی افسران،پیپلز ویلفیئر سوسائٹی گاندربل کے زعماء اور ذی عزت شہریوں نے دربار میںشرکت کی۔ اس موقع پر تمام محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کی مفصل جانکاری پیش کی،محکمہ بجلی کے اعلی حکام نے دربار میں موجود ضلع انتظامیہ کے افسران اور شہریوں کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ 1200 کے قریب بوسیدہ ہوچکے بجلی کے کھمبوں کو تبدیل کردیا گیا جبکہ خراب ہوچکے ٹرانسفارمروں کی جگہوں پر نئے لگائے گئے ترسیلی لائینوں کی مرمت کے علاوہ کئی علاقوں میں بجلی کی ترسیلی لائینوں کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش شنگلا نے عوام کی جانب سے ابھارے گئے نکات کو بھی موقع پر ہی متعلقہ اداروں کو حل کرنے کی ہدایت دی۔
حالیہ ایام میں جاں بحق جنگجوئوں کو خراج عقیدت
سرینگر// سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ اور پیپلز لیگ رہنما حاجی محمد رمضان نے حالیہ ایام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔سالویشن مومنٹ بیان کے مطابق امتیاز احمد،فاروق احمد،عدنان سلفی،اسحاق احمد نے کھڈونی اور وانپورہ جاکر لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ پیپلز لیگ بیان کے مطابق تنظیم کے الگ الگ وفود نے غمزدہ کنبوں سے تعزیت کی۔وفود میں جنرل سیکریٹری ماسٹر عبدالرشید ،حاجی محمد رمضان ، صدر ضلع مشتاق احمد اور ضلع صدر عبدالرشید متو شامل تھے۔
اننت ناگ کی لاپتہ خاتون رام بن سے باز یاب
سرینگر //اننت ناگ پولیس نے کوکرناگ کی لاپتہ عورت کو بازیاب کرنے کے بعد اُسے وارثوں کے حوالے کیا۔تھانہ پولیس کوکرناگ میں اس سلسلے میں ایک تحریری شکایت ملی تھی،جس کی بنیاد پر تھانہ کوکرناگ نے گمشدگی رپورٹ درج کرکے لاپتہ عورت کی تلاش شروع کی ۔ اننت ناگ پولیس نے مذکورہ خاتون کو رام بن جموں سے باز یاب کیا ۔
حریت (گ)کارفیع آباد کے غمزدہ کنبے سے تعزیت
سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر حریت کے سینئر راہنماؤں ولی محمد شاہ اور بشیر احمد قریشی نے کژھلو رفیع آبادجاکرشاہد احمد شیخ کو خراج عقیدت ادا کیا اور لواحقین سے تعزیت کی۔وفد نے لواحقین تک گیلانی کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔
راجناتھ سنگھ کا دورہ فضول مشق:لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے حالیہ دورہ کو ــ’فضول مشق‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پوری ریاست کا کوئی بھی شخص بات چیت کے خلاف نہیں ہے اور نہ بات چیت میں کوئی حرج ہو سکتا ہے لیکن بات چیت وہی نتیجہ خیز اور ثمر آور ثابت ہو سکتی ہے جس میں کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کی شمولیت ہو اور مسئلہ کشمیر کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کو اولین ترجیح ہو کیونکہ مسئلہ کشمیر مراعات کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ پورے جموں کشمیر کا مستقبل جڑا ہوا ہے۔
وقف بورڈ وائس چیئرمین سے تعزیت
سرینگر//انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے وقف بورڈ کے وائس چیئر مین پیر محمد حسین کے برادر نسبتی محمد امین اندرابی ساکن اننت ناگ اسلام آباد کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مرحوم نہایت ہی شریف النفس انسان تھے اور ہمیشہ سماجی اور ملی خدمات میں پیش پیش رہتے تھے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ خصوصاََ پیر محمد حسین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔