انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے محفل میلاد
امریکی فیصلہ اسلامی ممالک کے عدم اتحاد کی وجہ: آغا حسن
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے امام باڑہ ہری نار پٹن میں ایک محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اورسینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے سیرت نبویؐ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ۔ آغا حسن نے کہا کہ اگر دنیا کے 56 اسلامی ممالک کی حکومتوں کے درمیان قرآن و سنت کی بنیادوں پر استوار باہمی اخوت و اتحاد کا جذبہ کارفرما ہوتا تو امریکی صدر ایسا فیصلہ کرنے کا تصور بھی نہیں کرتے۔ محفل میلاد میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے والے مقتدر عالم دین آقای موسوی زادہ نے کہا کہ یہود و نصاریٰ کبھی بھی اسلام اور مسلمین کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ محفل میلاد سے جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی، سید محمد حسین اورسید لیاقت حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ سید تقی النقی نے مہمان خصوصی کے خطاب کا ترجمہ کیا۔جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی نے اسلام اور مسلم دشمن قوتوں کے خلاف عالم اسلام کے اتحاد کو وقت کی ناگزیر ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ دنیائے اسلام کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے ۔ اگر اس اسلام اور مسلم دشمن فیصلے کے بعد بھی اسلامی ممالک کی حکومتوں نے کوئی عبرت حاصل نہیں کی اور متحد ہوکر یہود و نصاریٰ کی منصوبہ بندیوں کے سد باب کیلئے تفکر نہیں کیا تو مستقبل میں عالم اسلام کو شدید خطرات اور خدشات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ناظم اطلاعات کے برادرِ اکبر کا انتقال
وزیراعلیٰ،محکمہ اطلاعات اوردینی محاذ کا اظہار تعزیت
سرینگر//ناظم اطلاعات منیرالاسلام کے برادرِاکبرخواجہ عبدالمتین منگل کی صبح صورہ انسٹی چیوٹ میں انتقال کرگئے۔مرحوم کی عمر53برس تھی۔وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی ،محکمہ اطلاعات کے ملازمین ،صحافی برادری اورسماج کے مختلف طبقوں نے ڈائریکٹرانفارمیشن کے ساتھ ہمدردی اورتعزیت کااظہارکیا۔53سالہ خواجہ عبدالمتین کوگزشتہ دنوں علالت کے بعدصورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں داخل کیاگیاتھا۔سنطور ہوٹل کے سابق ملازم اورسابق طلبا لیڈر کی پیدائش ضلع اننت ناگ کے ناتھی پورہ ڈورو میں ہوئی تھی۔ انہوںنے 1992میں کشمیریونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا تھا۔ سوموارکو اُن کی طبیعت کچھ زیادہ خراب ہوئی اورمنگل کی صبح وہ داعی اجل کولبیک کہہ گئے۔اُن کی میت کوصورہ انسٹی چیوٹ سے آبائی علاقہ ناتھی پورہ ڈورواسلام آبادپہنچایاگیاجہا ں شام کے وقت مرحوم کی آخری رسومات انجام دی گئیں ۔نمازجنازہ میں مرحوم کے قریبی عزیزواقارب اوردوست واحباب سمیت سماج کے مختلف طبقوںسے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعدادشامل تھی۔ادھروزیراعلیٰ محبوبہ مفتی ،صحافی برادری ،محکمہ اطلاعات کے ملازمین اورسماج کے مختلف طبقوں نے ڈائریکٹرانفارمیشن کے ساتھ ہمدردی اورتعزیت کااظہارکیا۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے منیر الاسلام کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر ڈویژن کے دفتر میں منگل کو ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ناظم اطلاعات کے برادر کے انتقال پر تعزیت کا اظہا رکیا گیا اورمرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دُعا کی گئی ۔تعزیتی میٹنگ میںمنیر الاسلام اورسوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔مرحوم اپنے پیچھے اہلیہ اور دو بچوں کو چھوڑ گئے ہیں۔ان کی وفات کے سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر کے دفتر کے علاوہ ضلع اطلاعاتی مراکز میں بھی تعزیتی میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا اورسوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت اظہار کیا گیا۔دریں اثناء مسلم دینی محاذ نے عبدالمتین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی تحریک کو ایک بہت بڑا نقصان پہنچا۔ترجمان کے مطابق مرحوم مسلم دینی محاذ کے ایک رہنما تھے۔ترجمان کے مطابق مرحوم نے 1999اور2000کے دوران ڈاکٹر محمد قاسم کے ساتھاہم ساتھی کی حیثیت سے کام کیا۔
سڑک حادثات میں 14افراد زخمی
سرینگر//وادی میں مختلف سڑک حادثات میں14افراد زخمی ہوئے ۔کولگام میر بازار نوپورہ کراسنگ کے نزدیک ایک حادثے میں ایک ٹاٹا موبائل زیر نمبر8942 JK02AJ/ سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ٹاٹا موبائل میں سوار 12 افراد زخمی ہوئے جن کو علاج ومعالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بارہمولہ میں رجروانی اوڑی کے نزدیک سڑک کے ایک حادثے میںٹاٹا سومو زیر نمبر JK05E/0649 سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں سومو ڈرائیور اور سومو میں سوار ایک شخص سبزار احمدپنڈت ساکن بجہامہ زخمی ہوئے جن کو علاج ومعالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔
موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کریں:میاں الطاف
سرینگر //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ کنگن اسمبلی حلقہ میں برف سے سے پیدا شدہ صورتحال کیلئے اقدامات کریں تاکہ آنے والے دنوں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ میاں الطاف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ برف باری کی وجہ سے کنگن میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔میاں الطاف نے انتظامیہ پر زور دیا کہ برف باری سے بند ہوئی سڑکوں سے جلد از جلد برف ہٹائیں اور بجلی سپلائی بھی بحال کی جائے جو برف باری سے متاثر ہوئی ہے ۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ وہ حلقہ میں تمام ادویات دستیاب رکھنے کے علاوہ 24گھنٹے لوگوں کی خدمات کیلئے تیار رہیں تاکہ آنے والے دنوں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
کشمیری اسکالر علی گڑھ یونیورسٹی
اسٹوڈنٹس یونین کے نائب صدر منتخب
سرینگر//علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات میں ایک نوجوان کشمیری اسکالر سجادسبحان راتھر نے نائب صدرمنتخب ہوکرنئی تاریخ رقم کردی ۔یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ میں ریسرچ کررہے سجادسبحان راتھرنے مدمقابل اُمیدوارکو3ہزارووٹوںسے شکست دی۔صدارتی انتخابات میں بھاجپاممبراسمبلی کے پوتے اجے سنگھ کودھول چٹاتے ہوئے مشکوراحمدعثمانی نے 6700ووٹو ں سے جیت درج کی۔انتخابات کے لئے سوموارکو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹ ڈالے گئے اور نتائج کا اعلان دیر رات گئے ہوا۔ صدر کے عہدہ پر بی ڈی ایس کے طالب علم مشکور احمد عثمانی کو 9071 ووٹ ملے جبکہ بی اے ایل ایل بی کے طالب علماوربی جے پی ممبراسمبلی برولی دلبیرسنگھ کے پوتے اجے سنگھ کو2353 اور ریسرچ کے طالب علم ابوبکر کو2192 ووٹ ملے ہیں۔اس طرح سے مشکورعثمانی نے اپنے قریبی حریف اجے سنگھ کو6719ووٹوں سے شکست دی۔ نائب صدرعہدے کے لئے کشمیری نوجوان اسکالرسجاد سبحان راتھر اور سیکریٹری عہدے پر محمد فہد کو فتح حاصل ہوئی ہے۔نائب صدر کے عہدے کیلئے 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا جس میں فیصل ندیم کو1258، وسیل کے کو 462، راؤ فراز وارث کو 1621، ویرانت جوہری کو 1935،سجاد سبحان راتھر کو 5711 اور اعجاز احمد کو 2605 ووٹ ملے ۔اس طرح سے سجادراتھرنے قریبی مدمقابل کوتین ہزارسے زائد ووٹوں سے ہراکراے ایم یوطلبہ یونین کیلئے پہلے کشمیر ی ہونے کااعزازحاصل کیا۔ سیکریٹری عہدے کیلئے سید عاطف واصفی کو 1871، محمد فہد کو4008، عدنان عامر کو 3664، یاسر علی خان3153 اور عمران خان کو 893 ووٹ ملے ہیں۔اس طرح سے محمدفہدبطورجنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔اس دوران علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین انتخابات میں 10 کابینہ رکن چنے گئے جس میں 2سیٹوں پر طالبات اور باقی 8 سیٹوں پر طلبا نے جیت درج کی ہے۔
عرس مبارک حضرت جانباز ولی ؒ پر انتظامات میسر رکھیں:نیشنل کانفرنس
سرینگر// نیشنل کانفرنس ضلع صدربارہمولہ و سابق وزیر جاوید ڈار نے شمالی کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل حضرت سید جانباز ولیؒکے سالانہ عرس کے پیش نظر عقیدتمندوں کیلئے تمام انتظامات جن میں بجلی، پینے کی پانی، صحت وصفائی ، ٹرانسپورٹ اور غذائی اجناس شامل ہیں،کا وافر اسٹاک دستیاب رکھنے کی اپیل کی۔درایں اثنا سابق رُکن پارلیمان شریف الدین شارق، سینئر لیڈران غلام حسن راہی اور عبدالمجید آخون نے بھی عرس مبارک کے پیش نظر تمام سہولیات دستیاب رکھنے کی اپیل کی۔
اردوجریدے کی اجرائی
سامون نے لوازمات کاجائزہ لیا
جموں//اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکر اصغر سامون نے ایک میٹنگ کے دوران شائع ہونے والے اردو تحقیقی جریدے کے لئے لوازمات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔یہ جریدہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کی طرف سے شائع کیاجارہا ہے۔میٹنگ میں جموں اور کشمیر ڈویژن کے کالجوں کے اساتذہ نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران تحقیقی جریدے کی اشاعت کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر شرکأ نے پرنسپل سیکریٹری کے ایجنڈا کو آگے لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔سامون نے سول سیکریٹریٹ جموں سے سرینگر کی میٹنگ سے ٹیلی فون پر خطاب کیا۔