حاجن میں شبانہ محاصرہ،دو بھائی گرفتار
علاقے میں احتجاجی مظاہرے ،شیلنگ اور لاٹھی چارج
عازم جان
بانڈی پورہ//حاجن ۔بانڈی پورہ میں شبانہ کریک ڈاؤن کے دوران فورسز نے دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس دوران لوگوں نے گھروں سے باہر آکر زبردست احتجاج کیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق حاجن میں 13 آر آر فوج اور ایس او جی نے رات 10بجے کے قریب محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی جوکئی گھنٹوں تک جاری رہی ۔ اس دوران سید محلہ کے جہانگیر رشید پرے اور ہارون رشید پرے ولد مرحوم عبدالرشید پرے دوبھائیوں کوگرفتار کر لیا۔مقامی لوگوں کے مطابق دونوں کیزبردست مارپیٹ کی گئی ہے ۔گرفتار شدگان کے لواحقین نے کہا کہ دونوں بھائی بے قصور ہیں اور بلا وجہ ان کی مارپیٹ کی گئی ہے جبکہ ان کا باپ بیس سال قبل سرکاری فورسز کے ہاتھوں جان بحق ہوا تھا ۔
سڑک حادثات
ایک شخص لقمہ اجل ،4دیگر زخمی
نیوز ڈیسک
سرینگر// وادی میں سڑک کے مختلف حادثوں میں ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہوئے ۔ بڈگام میں سڑک کے حادثے میں پکھر پورہ کے نزدیک سومو گاڑی زیر نمبر JK13/9266 نے ایک راہگیر خاتون زینہ بیگم زوجہ محمد عبداللہ ساکن کئی گام کو ٹکر مار کر زخمی کر لیا جس کو علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا ۔ لہیہ میں سڑک کے ایک حادثے میں لہدو کے نزدیک ایک آئی 20کار زیر نمبر JK02AL/0021 جس کو ڈرائیورسکلزم توالگن ولد انچن انگچوک ساکن سٹوک لہیہ چلا رہا تھا حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک شخص موقعہ پر ہی جاں بحق ہوا اور تین افراد زخمی ہوئے ۔زخمیوں کو علاج ومعالجہ کیلئے آرمی اسپتال منتقل کیا گیا
وادی ٔنوبرامیں شکایتی کیمپوں کا انعقاد
ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے پر مفتی تصدق کازور
لیہہ//وزیرا علیٰ کے شکایتی سیل کے کواڈنیٹر تصدق مفتی نے ضلع لیہہ کے نوبرا وادی میں شکایتی کیمپوں کا انعقاد کیاجہاں موقعہ پر ہی لوگوں کی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔دِسکت میں ایک کیمپ میں کواڈنیٹر نے منی ہائیڈل پروجیکٹ اور ٹنگڈانگ نالہ کی تعمیر پر جاری کام کا جائز ہ لیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ وقت پر ان پروجیکٹوں کی تکمیل یقینی بنائیں۔کھردونگلا ٹاپ پر بیت الخلاء اوردِسکت قصبے میں پیڈ واش روم کی تعمیر اور خاص دفاتر میں خالی پڑی اسامیوں کو پُرکرنے جیسے معاملات کیمپ کے دوران زیر غور آئے ۔تصدق مفتی نے تُرتُک ٹورسٹ فیسلٹیشن سینٹر میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے بنیادی ضرورت کی چیزوں کی فراہمی کو یقینی بنانے ، خالی اسامیوں کو پُر کرنے اور موجودہ دفاتر کو اَپ گریڈکرنے جیسے معاملات پر غور و خوض ہوا۔ کواڈنیٹر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لائیں تاکہ عام لوگ ان پروجیکٹوں سے مستفید ہوں ۔
مظفر حسین بیگ علیل
وزیراعلیٰ نے صورہ جاکر عیادت کی
سرینگر//پی ڈی پی کے سینئرلیڈر اورممبرپارلیمنٹ مظفرحسین بیگ کودل میں دردمحسوس ہونے کے بعدعلاج ومعالجہ کیلئے صورہ انسٹی چیوٹ میں داخل کیاگیا جہاں وہ سنیچرکورات دیرگئے سے انتہائی نگہداشت والے وارڈمیں زیرعلاج ہیں ۔اس دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پیر کوصورہ انسٹی چیوٹ جاکر بیگ کی عیادت کی اوراُنکی فوری صحتیابی کیلئے دعاکی ۔معلوم ہواکہ سنیچرکی شام مظفرحسین بیگ نے دل میں دردمحسوس کیااوراُنہیں صورہ انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیا،جہاں ڈاکٹروں نے مظفربیگ کوعارضہ قلب میں مبتلا پانے کے بعدانتہائی نگہداشت والے وارڈمیں داخل کردیااورتب سے ممبرپارلیمنٹ مظفرحسین بیگ سکمز میں ہی زیرعلاج ہیں ۔اس دوران وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے پیر کوصورہ انسٹی چیوٹ جاکریہاں زیرعلاج پارٹی کے سینئرلیڈرکی عیادت کی ۔وزیراعلیٰ نے مظفرحسین بیگ کی فوری صحتیابی کیلئے دعاکی ۔
لبریشن فرنٹ کا اظہار تعزیت
سرینگر// لبریشن فرنٹ نے نصراللہ پورہ بڈگام میں مرحوم طارق احمد ڈار کی والدہ اور مرحوم مشتاق احمد ڈار کی چاچی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔اس سلسلے میں لبریشن فرنٹ وفد نے نصرا للہ پورہ جاکر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وفد نے مرحومہ کو خراج عقیدت ادا کرے ہوئے کہا کہ اس گھرانے نے تحریک آزادی میں بہت سے مصائب برداشت کئے ہیں۔بیان کے مطابق اس گھرانے کے دونوجوانوں نے آزادی کے لئے اپنے جانواں کا نذرانہ پیش کیاہے۔ وفد میں اشرف بن سلام ، گلزار پہلوان،ٹیکا خان ، علی محمد ،مولوی عبد الرشید اور محمد رمضان نے مرحومہ کے لئے جنت نشینی کی دعائیں کیں۔
مسلم لیگ کامسرت کی بگڑتی صحت پر اظہار تشویش
سرینگر//مسلم لےگ نے پارٹی کے محبوس قائد مسرت عالم بٹ کی کورٹ بلوال جےل جموں مےںبگڑتی صحت پر گہری تشوےش کا اظہار کیا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی کے مطابق مسرت عالم بٹ پہلے ہی کئی جسمانی عارضوں مےں مبتلا ہےں اور ڈاکٹروں کی صلاح کے مطابق انہیں ہر ہفتے مےڈےکل چےک اپ کیلئے جانا پڑتا تھا مگر جب سے انہےں جموں منتقل کےا گےا تب سے صحےح وقت پر علاج و معالجہ نہ ملنے کی وجہ سے اُن کی صحت خطرے کی دہلےز تک پہنچ چکی ہے جو اےک قابل تشوےش اور سنگےن معاملہ ہے ۔بیان کے مطابق مسرت عالم کو سےاسی صفحے سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے لیگ نے مسرت کو وادی منتقل کرنے پر زور دیتے ہوئے رےڈ کراس، ہےومےن رائٹس واچ اور دوسری انسانی حقوق کی عالمی تنظےموں سے مداخلت کی اپےل کی ہے ۔
امیتابھ مٹو نے خالد جہانگیر کو فیلو شِپ کےلئے مبارکباد دی
سرینگر//وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو نے وائس چیئرمین جموں اینڈ کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن شیخ خالد جہانگیر کو یو ایس اے فیلو شِپ کی نامزدگی کے لئے مبارکباد دی ہے ۔انہوںنے کہا”مجھے یہ جان کر بے حد مسرت ہوئی“۔
لورمنڈا میں ریچھ کے حملے میں شہری زخمی
عارف بلوچ
ڈورو //قاضی گنڈلورمنڈا میں ایک شہری ریچھ کے حملے میں زخمی ہوا ہے ،جسے علاج ومعالجہ کیلئے سرینگر اسپتال منتقل کیا گیا ۔60سالہ غلام محی الدین بیگ پیر کی صبح نزدیکی باغ سے مویشیوں کیلئے گھاس لانے گیا تھاکہ تاک میں بیٹھے ایک ریچھ نے اُس پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ مقامی لوگوں نے اُسے ایمر جنسی اسپتال قاضی گنڈ پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اُس کی نازک حالت دیکھ کر اُسے صورہ میڈیکل انسٹچوٹ منتقل کیا ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کے تئیں سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں گذشتہ دو ہفتوں سے ریچھوں کا ایک جھنڈ گھوم رہا ہے لیکن محکمہ وائلڈ لائف نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔اس بیچ ایس ڈی پی او قاضی گنڈ نے لوگوں کو یقین دلایا کہ علاقہ میں جلد پنجرے نصب کئے جائیںگئے ۔