سرینگر// نیشنل کانفرنس نے سرحدی کشیدگی کے باعث آر پار کشمیری عوام کی زندگی اجیرن بنا دیئے جانے پر سخت تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔این سی معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تلخیوں اور رنجشوں کا خمیازہ ہمیشہ کشمیری قوم کو ہی بھگتنا پڑا ہے اور آج بھی یہی ہورہا ہے۔ دونوں پڑوسیوں کے درمیاں کڑواہٹ کے نتیجے میں سرحدوں پر گن گرج کا سماں ہے اور آر پار سرحدی آبادی کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت سے اپیل کی کہ فوراً سے پیش تر اس تشویشناک صورتحال پر بریک لگائیں اور 2003کے کے جنگ بندی معاہدے پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ سے ابھی اپیل کی کہ اپنی اپنی حکومتوں اور سیاسی قیادت کو مذاکرات کی میز پر آنے کیلئے دبائو ڈالیں کیونکہ بات چیت کے سوا اور کوئی بھی طریقہ کارگر ثابت نہیں ہوسکتا۔
لوڈ کیرئیر ڈرائیورکی گرفتاری کے خلاف لار میں احتجاج
گاندربل//ارشاد احمد//ریپورہ لار گاندربل میں سرینگر سے سونمرگ جارہی آرمی کانوائے کی گاڑی نے آٹو لوڈ کیرئیر کے ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا جب وہ اس وقت کسی کے ساتھ موبائل فون پر بات کررہا تھا.عینی شاہدین کے مطابق فوج نے شکیل احمد بٹ ولد مرحوم غلام نبی ساکنہ کھرانہامہ جو پیشہ سے آٹو لوڈ کیرئیر ڈرائیور ہے کواس وقت حراست میں لے لیا جب وہ کسی کے ساتھ موبائل فون پر بات کررہا تھا جس سے فوج کو یہ شک ہوا کہ وہ کانوائے کی اطلاع کسی کو فراہم کررہا تھا۔شکیل احمد بٹ کی گرفتاری کے خلاف درجنوں خواتین نے سمبل منیگام بائی پاس ریپورہ لار کے مقام پردھرنا دیا اور ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی ۔ایس ایچ او لار نے موقع پر پہنچ کر خواتین کو یقین دہانی کروائی جس کے بعد دھرنا ختم کیا گیا ۔
ڈوروکے دکاندار کی مسلسل حراست پر افراد خانہ پریشان
عارف بلوچ
ڈورو//ڈورو شاہ آباد کا دکاندار گذشتہ 37روز سے پولیس حراست میں ہے ۔محمد اشرف گنائی ولد غلام نبی گنائی ساکنہ منڈی پورہ ڈورو پیشے سے دکاندار ستمبرسے پولیس حراست میں ہے۔کشمیر عظمی کے ساتھ ات کرتے ہوئے ان کے بزرگ والد غلام نبی گنائی نے کہا کہ میرا بیٹا جرم بے گناہی کی پاداش میں گذشتہ ایک مہینے سے پولیس لاک اپ میں بند ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اشرف ڈورو میںقائم اپنی ذاتی دکان پر بیٹھا تھا کہ 7 ستمبر کو اُسے دکان سے گرفتار کیا گیا ،اور اُس پر جنگجوں کوسم کارڈفراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا حتٰی کہ بقو ل غلام نبی یہ الزام سراسر غلط ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ یہ سم کارڑجنگجوئوں کو نہیں بلکہ گائوں کے ہی دوسرے لڑکے کو دی گئی ہے جو اشرف کے ساتھ ہی پولیس حراست میں ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اشرف پر مختلف مقدمات 147,148,149,307عائد کئے گئے۔ بیٹے کو پولیس لاک اپ سے رہا کرنے کیلئے اُنہوں نے کورٹ سے ضمانت حاصل کی تاہم رہائی پانے سے پہلے ہی اُن پر دوبارہ مقدمات عائد کر کے مسلسل پابند سلاسل رکھا گیا ،جس کے بعد ایک بار پھر کورٹ سے ضمانت حاصل کی گئی تاہم اُنکی اُمیدوں پر اُس وقت پانی پھیرگیاا جب پولیس نے اشرف کو رہا کر نے کے بجائے اُنہیں سنیٹرل جیل کھربل منتقل کیا ۔غلام نبی کا کہنا ہے کہ اشرف تین کمسن بچوں کا باپ ہے جن میں دو لڑکیاں بھی شامل ہیں اور گھر کا واحد کمائو ہونے کی وجہ سے گھر کی مالی حالت غیر مستحکم ہوئی ہے جبکہ افراد خانہ زہنی انتشار کا شکار ہوئے ہیں ۔اُنہوں نے حکومت و ریاستی پولیس سربراہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اشرف کی رہائی کیلئے اقدامات کریں۔
محکمہ اطلاعات کے ملازمین نے ہڑتال ختم کی
سرینگر// محکمہ اطلاعات کے ملازمین نے وزیر اطلاعات چودھری ذوالفقار علی کی یقین دہانی کے بعد اپنی ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔ وزیر موصوف نے ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ اُن کی طرف سے ابھارے گئے معاملات کو باہمی طور حل کیا جائے گا تا کہ محکمہ کے افسروں کے وقار کو برقرار رکھا جا سکے اور ملازمین مزید تندہی اور لگن کے ساتھ اپنا کام کاج جاری رکھ سکیں ۔ محکمہ اطلاعات کے ملازمین یونین کے ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جوائینٹ ڈائریکٹر کشمیر اور جوائینٹ ڈائریکٹر جموں دفاتر کے اشتہاری سیکشن اپنا معمول کا کام کاج شروع کریں گے ۔ ملازمین یونین نے وزیر اطلاعات کی طرف سے محکمہ اور ملازمین کی مجموعی بہبودی کیلئے حال ہی میں کئے گئے اقدامات کی خاطر اُن کی سراہنا کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اُن کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے ۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات کے ملازمین جانفشانی اور بے لوث طریقے پر اپنے فرایض انجام دیتے رہیں گے جس طرح انہوں نے ماضی میں کیا ہے ۔ البتہ ترجمان نے کہا کہ ملازمین کی عزت اور وقار کے ساتھ کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اسے ہر صورت میں برقرار رکھا جانا چاہئے ۔
کشمیریوں کا خون بہانا روز کا معمول:جنید متو
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے پلوامہ میں نوجوان گلزار احمد میر کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا خون بہانا اب روز کا معمول بن گیا ہے اور آئے روز ہلاکتیں موجودہ حکومت کی سب سے بڑی حصولیابی بن کر سامنے آئی ہے۔ پارٹی ترجمان جنید عظیم متو نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت عام شہریوں کی ہلاکتوں اور ظلم و تشدد پر بریک لگانے میں ناکام ہوگئی ہے اور لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔انہوں نے پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے حکمران لب کشائی بھی نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران خصوصاً والدین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں برابر شریک ہے۔ پارٹی لیڈران سکینہ ایتو اورضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر نے بھی اس ہلاکت کی مذمت کی ہے۔
خواتین کیساتھ زیادتیاں
ناقابل برداشت:فریڈم پارٹی
سرینگر//فریڈم پارٹی کے ترجمان نے ریاست کی موجودہ سیاسی بے چینی ،خواتین کی بڑے پیمانے پر بے حرمتی،گرفتاریوں اور تعلیمی اداروں کی مسلسل تالہ بندی پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بلند بانگ دعوئوں کے باوجود شہری اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں اورچور اُچکے گھروں میں گھس کر خواتین کی چوٹیاں کاٹ کر ان کی عزت و ناموس پر حرف لارہے ہیں ۔ترجمان نے گھروں میں گھس کر خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے عمل کو عصمت و عفت ،حمیت و غیرت پر راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صورت حال کسی بھی قوم کے لئے قابل قبول نہیں ہوسکتی ۔موصولہ بیان کے مطابق مزاحمتی قائدین و اراکین کی گرفتاری کے بعد حکومت نے اپنی کامیابی کے ڈھول ضرور پیٹے تھے لیکن عملاََ وہ عوام اور قیادت کے بیچ خلیج پیدا کرنے میں ناکام ہے ،البتہ قوم کو عملاََ سیاسی انارکی اور بے چینی کی جانب دھکیلا جارہا ہے ۔ترجمان نے شبیر احمد شاہ کی مسلسل گرفتاری اور سید علی گیلانی ،میرواعظ محمد عمر فاروق ،محمدیاسین ملک اور دیگر قائدین پر عائد مسلسل پابندیوں اور ان کی لگاتار نظر بندی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب حق پر مبنی ایک سیاسی مانگ اور مطالبے کو دبانے کے لئے کیا جارہا ہے لیکن اس کے ردعمل میں جو خلا پیدا ہوا ہے اور اس کے جو عوامل سامنے آئے ہیں ،اس سے صاف ظاہر ہے کہ قوم کو سیاسی سطح پر یتیم بنانے کی شعوری کوشش کی جارہی ہے۔
بٹہ کراٹے جیل میں علیل
سرینگر// لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سیکریٹری جنرل وجاہت قریشی نے تہاڑ جیل میں قید حریت پسندوںکے تئیں جیل حکام کے رویہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے محبوس چیئرمین فاروق احمد ڈارعرف بٹہ کراٹے کی صحت خراب ہے اور انہیں طبی سہولیات بہم نہیں پہنچائی جارہی ہیں اور نہ ہی انہیں ضروری ادویات فراہم کی جارہی ہیں ۔موصولہ بیان کے مطابق انہیں اپنے ساتھ ضروری ادویات رکھنے کی بھی اجازت نہیںاوراس پر طرہ یہ کہ انہیں جرائم پیشہ افراد کی بیرکوں میں بند رکھا گیا ہے ۔
۔25 محرم جلوس کے سلسلے میں
ٹریفک ایڈوائزری جاری
سرینگر//25 محرم الحرام جلوس کے سلسلے میں ٹریفک پولیس نے بارہ مولہ سے سرینگر اور سرینگر سے بارہمولہ جانے والی گاڑیوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرکے لوگوںسے اپیل کی کہ وہ پولیس کو اپنا تعاون دیکر مقررہ راستوں کا ہی استعمال کریں ۔ بارہمولہ سے سرینگر کی طرح جانے والی گاڑیاںجو کپوارہ ،ہندوارہ اور سوپور سے اآئیں گی ،وہ ہائگام سے سمبل اور سمبل سے ایچ ایم ٹی کا راستہ اختیار کریں گی جبکہ بارہمولہ اوراوڑی سے آنے والی گاڑیاں ہامرے گیٹ پٹن سے سمبل ،سمبل سے ایچ ایم ٹی کا راستہ اختیار کریں گی۔سرینگر سے بارہمولہ جانے والی بڑی گاڑیاں ناربل سے ماگام، کنگم ڈارہ ،کھور اورہانجی ویرہ سے پٹن کا راستہ اختیار کریں گی جبکہ سرینگر سے شمالی کشمیر کی طرف جانے والی چھوٹی گاڑیاں ناربل سے جاکر کانہامہ سے آرژندر ہامہ ،گنڈ خواجہ قاسم اورسنگھ پورہ سے پٹن کا راستہ اختیار کرینگی۔
سماجی بہبود کے وزیر ہندوارہ میں عوامی وفود سے ملاقی
اشرف چراغ
کپوارہ//سماجی بہبود اور سائنس و ٹیکنا لوجی کے وزیر اور ممبر اسمبلی ہندوارہ سجاد غنی لون نے ہندوارہ کا دورہ کرنے کے دوران تعمیراتی کامو ں کا جائزہ لیا ۔سجاد غنی لون نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ ہندوارہ میں زیر تعمیر پروجیکٹوں کو مقررہ وقت پر مکمل کریں اور عوامی مسائل کو اولین ترجیحات میں شامل کر کے انہیں فوری طور حل نکالیں ۔سجاد غنی لون نے ڈاک بنگلہ ہندوارہ میں ایک عوامی دربار کے دوران ہندوارہ کے متعدد علاقوں سے آ ئے ہوئے وفود سے ملاقات کی جس کے دورا ن لوگوں نے انہیں اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔اس دوران سجاد غنی لون نے لوگو ں سے کہا کہ وہ ہندوارہ قصبہ کو جا ذب نظر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ لون نے کہا کہ بائیو ٹیکنالوجی پارک ،بنگس سڑک ،سولر پلانٹ سمیت بڑے پروجیکٹوں کا آ غاز عنقریب ہو گا جبکہ ضلع اسپتال ہندوارہ میں مریضو ں کو جدید قسم کی طبی سہولیات سے فراہم ہونگی ۔
شیخ محمد مقبول کے اہل خانہ سے این سی کی تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی قیادت میں ایک وفد سنیچر کوسابق وزیر قانون مرحوم شیخ محمد مقبول کے گھر واقع بارہمولہ جاکر تعزیت پرسی کی اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ وفد میں پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، شمالی کشمیر کے زون سیکریٹری میر غلام رسول ناز اور کئی عہدیداران شامل تھے۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لیڈران نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک ماہرِ قانون تھے بلکہ ایک کامیاب سیاستدان تھے۔ بیان کے مطابق مرحوم محاذ رائے شماری میں بھی سرگرم تھے اور انہوں نے اس تحریک کے سلسلے میں مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے شانہ بہ شانہ کام کیا۔ اس موقع پر صدرِ ضلع جاوید احمد ڈار، ضلع سیکریٹری غلام حسن راہی ،ایڈوکیٹ شاہد علی شاہ ،عبدالمجید آخون اور ایڈوکیٹ نیلوفرنے بھی تعزیت پرسی کی۔
مظاہرین پر طاقت کا استعمال محمدشفیع اوڑی کا اظہار برہمی
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی اوڑی محمدشفیع اوڑی نے وادی میں گیسو تراشی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ جلد از جلد اس پر قابو پانے کیلئے متحرک ہوجائے ۔انہوں نے کہا کہ ان واقعات سے جہاں و ادی میں خواتین خوف و دہشت کا شکار ہیں وہاں اوڑی میں بھی ان واقعات کے بعد لوگوں نے احتجاج کیا اور بونیار میں احتجاج کررہے لوگوں پر پولیس نے طاقت کا استعمال کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت ان واقعات کو روکنے اور ملوث افراد کی نشاندہی کرنے میں ناکام ہوئی اور دوسری طرف ان واقعات کے خلاف احتجاج کررہے لوگوں پر حد سے زیادہ طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے ۔
یاسین ملک دیگر اراکین سمیت ضمانت پر رہا
نیوز ڈیسک
سرینگر// لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دوسرے فرنٹ قائدین و اراکین بشمول شیخ عبدالرشید، بشیر احمد کشمیری ، محمد عظیم زرگر، بشارت احمد بٹ،نذیر احمد پلوامہ،معراج الدین سوٹینگ،اور امتیاز احمد شاہ کو کئی روز کی حراست کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔ کشمیر ی خواتین پر ہورہے مذموم حملوں کے خلاف احتجاج سے روکنے کیلئے پولیس نے یاسین ملک اور دوسرے فرنٹ اراکین کو گرفتار کیا تھا اور سنیچر کوانہیں9روز کی حراست کے بعد سینٹرل جیل سری نگر سے ضمانت پر رہا کردیا گیا ۔
سیاسی مستقبل کا تعین کرنے کا موقع دیں:انقلابی
سرینگر// محاذ آزادی کے سینئر رُکن اعظم انقلابی نے اپنے ایک بیان میں ہندوپاک سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ممالک جنگ بندی لائن کے آرپار کشمیر سے اپنی فوجیں واپس بلائیں اور متحدہ کشمیر کے باسیوں کو اپنی پارلیمنٹ میں جمہوری طریقے سے حق خود ارادیت کے اصول کے تحت کشمیر کے سیاسی مستقبل کا تعیّن کرنے کا موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و سکون کی ضمانت فراہم کرنے کا یہی راستہ باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، چینی اور روسی رہنما دنیا کے سیاسی مسائل کے تصفیہ کیلئے مذاکرات کے عمل کی اہمیّت اور افادیت بیان کر رہے ہیں اور دوسری طرف مشرق اور مغرب میںانتہا پسند اپنے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے بے یقینی کے ماحول میں اضافہ کر رہے ہیں۔انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہ صدر ٹرمپ پوری دنیا کو تیسری جنگ عظیم کی طرف دھکیل رہے ہیںاور اِسی طرح برصغیر میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ سرجیکل اسٹرائیک کے بیانات دیکر ماحول بگاڑنا چاہتے ہیں۔