نئی دہلی //محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال جنوب مغربی مانسون 6جون کو کیرالہ کے ساحل پر پہنچے گا۔محکمہ نے بدھ کو ایک پریس ریلیز میں کہا،‘‘ اعدادوشمار کے مطابق یہ اشارے مل رہے ہیں کہ اس سال مانسون کے کیرالہ پہنچنے میں تھوڑی تاخیر ہوگی ۔جنوب۔مغربی مانسون کے 6جون کو کیرالہ پہنچنے کا امکان ہے ۔[؟]اس نے کہاکہ اس میں چاردن آگے پیچھے ہوسکتاہے ۔سال 2005سے 2018کے درمیان صرف ایک بار 2015میں ایساہواہے جب محکمہ موسمیات نے مانسون کی آمد کی جو پیش گوئی کی ہے مانسون کی اصل آمد اس سے بہت زیادہ آگے پیچھے رہی ہے ۔مانسون کے کیرالہ پہنچنے کی عام طورپر تاریخ یکم جون ہوتی ہے ۔اس سے قبل موسم کی پیش گوئی کرنے والی نجی کمپنی اسکائی میٹ نے منگل کو کہاتھا کہ مانسون 4جون کو کیرالہ پہنچے گا ۔اس نے اس میں دودن آگے پیچھے ہونے کی گنجائش رکھی تھی ۔محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ 18اور 19مئی کے درمیان مانسون کے انڈمان کے جنوبی حصہ ،نکوبار جزیرہ اور جنوب مشرقی خلیج بنگال کے آس پاس کے علاقوں میں آگے بڑھنے کے لیے مناسب حالات بن رہے ہیں ۔اسکائی میٹ نے مانسون کے دودن کی تاخیر سے 22مئی کو انڈمان نکوبار جزائر پہنچنے کی پیش گوئی کی تھی ۔یواین آئی۔