سرینگر//محکمہ سیاحت نے آسٹریلیا اور برطانیہ سے آئے ہوئے پانچ ٹریول مصنفوں کیلئے واقف کاری دورے کا اہتمام کیا جنہوں نے لیہہ اور سرینگر کی سیر کی ۔ مصنفین پانچ جون کو لیہہ پہنچے اور سرینگر کی طرف روانہ ہونے سے پہلے انہوں نے پانچ دن کا گنڈولہ ٹریک کا اہتمام کیا ۔ انہوں نے سرینگر میں نیشنل پارک داچھی گام ، رائیل سپرنگ گالف کورس کا بھی دورہ کیا اور وہاں چار دن تک نگین جھیل کے ہاوس بوٹوں میں قیام کیا ۔ ان ٹریول مصنفوں نے اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیر سیاحت تصدق حسین مفتی اور سیکرٹری سیاحت رگزن سنفل سے ملاقات کی جنہوں نے ریاست کے سیاحتی مصنوعات کے بارے میں انہیں جانکاری دی ۔ تصدق مفتی نے اُن کے اخبارات اور میگزینوں میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کیلئے ریاستی سیاحتی مصنوعات کو اجاگر کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے سیاحوں کی حفاظت کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔ ناظمِ سیاحت کشمیر محمود اے شاہ نے کہا کہ ایف اے ایم دورے کے اہتمام کا مقصد بیرونِ ممالک سے تعلق رکھنے والے مصنفوں اور قلمکاروں کو کشمیر سے متعلق مثبت رویہ اپنانے اور اُن کے معروف اشاعت میں کشمیر کا نام مشہور کرنا تھا تا کہ منفی ٹریول ایڈوائیزریز کو ختم کیا جا سکے ۔ مصنفوں کی قیادت گیری بئیر کر رہے تھے جو آسٹریلیا کی کئی کتابوں کے مصنف اور معروف مہم جو رہے ہیں ۔ گیری بئیر نے کہا کہ ہم پُر اُمید ہیں کہ بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے ہم اُن ملکوں میں کشمیر سے متعلق بہتر تصویر پیش کر سکیں تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاح کشمیر کی طرف راغب ہو سکیں ۔ ناظمِ سیاحت کشمیر محمود اے شاہ نے اس موقعہ پر کہا کہ ایف اے ایم دورے کے انعقاد کا مقصد ملک میں کام کر رہے معروف ٹور اپریٹروں کو کشمیر کی بہتر عکاسی کرنا اور منفی تاثرات کو ختم کرنا ہے ۔ دریں اثنا ہندوستان میں مقیم فرانس کے سفیر الیگزنڈر زیزلر نے لیہہ کی طرف روانہ ہونے سے قبل کشمیر کے شہرت یافتہ سیاحتی مقامات کا دورہ کیا جن میں گلمرگ اور بابا ریشی شامل ہیں ۔فرانسیسی سفیر ایک رات کیلئے گگن گیر میں ٹھہرے اورسڑک کے ذریعے لیہہ کی طرف روانہ ہوئے ۔