عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//غیر قانونی تجارت، غلط برانڈ کی مصنوعات اور زرعی سامان کے غلط استعمال کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے محکمہ زراعت کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کی مختلف ٹیموں نے کشمیر ڈویژن کے مختلف اضلاع میں کریک ڈاؤن کیا۔ اس دوران وادی کے مختلف مقامات پر کیڑے مار ادویات اور کھاد ڈیلروں و تقسیم کاروں کا اچانک معائنہ کیا گیا جس میں آج تک 6442.75 لیٹر کیڑے مار ادویات اور 196MTs کھادیں ضبط کی گئیں۔مذکورہ اقدام کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لاء انفورسمنٹ کشمیر نے محکمہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ خطے کے کسانوں کو اصلی کھادوں، کیڑے مار ادویات اور بیج کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ اصولوں کی خلاف ورزی پر سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ (کھاد، کیڑے مار ادویات کے ڈیلرز) سے کہا کہ وہ جعلی غیر رجسٹرڈ مصنوعات کے کاروبار میں ملوث ہونے سے باز رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسانوں کو صرف معیاری مصنوعات ہی دستیاب ہوں۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ زرعی آدانوں کا معیار زراعت کے شعبے کی مجموعی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انفورسمنٹ ایجنسی کی جانب سے غیر قانونی تجارت، غلط برانڈ کی مصنوعات اور زرعی آدانوں کے غلط استعمال کے خلاف مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس لعنت کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے عمل کی اعلیٰ سطح پر محکمہ جاتی حکام نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے خطے کی کاشتکار برادری کے مفادات کو برقرار رکھنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مربوط نقطہ نظر کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے عوام الناس اور کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ زرعی مصنوعات کی فروخت یا تقسیم سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ انفورسمنٹ انسپکٹر کو دیں۔