ڈوڈہ//محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے ڈوڈہ میں یکر روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں جاب کارڈ کی ویری فکیشن، آدھار کارڈ کے اندراج پردھان منتری آواس یوجنا، اکائونٹ فریزنگ سمت مختلف مسائل کی عمل آوری کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی۔ ورکشاپ میں دیہی ترقی ڈوڈہ کے تمام ملازمین بشمول گرام سیوک، سیکرٹری، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسران نے شرکت کی اور مذکورہ منصوبہ بندی پر جانکاری حاصل کی۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈوڈہ اختر حسین قاضی نے اپنی افتتاحی تقریر میں تمام علاقائی ملازمین و دیگر عملہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ڈیوٹی میں شفافیت اور ایماندری کا ثبوت پیش کریں اور پنچائتی سطح پر ریکارڈ کو برقرار رکھیں، جس میں پنچائت سطح پر سات رجسٹر اور وقفہ وقفہ کے بعد گرام سبھا کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی گئی۔قاضی نے دیہی علاقائی عملے سے عوامی مفاد کے لئے کام میں شفافیت محنت لگن کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ دیہی علاقہ جات میں لوگوں کے مسائل کا ازالہ ہو سکے۔اس یک روزہ ورکشاپ کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے کیا۔ڈی سی نے ملازمین کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ زمینی سطح پر نمایاں کارکردگی اور معیاری کام پیش کیا گیا ہے نئے کاموں میں جدید طرز کی تبدیلی یقیناً قابل تعریف ہے انہوں نے مزید کہا کہ دیہی ترقی میں مزید بہتری کے امکانات ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی، ضلع پنچایت افسر اور دیگران نے بھی خطاب کیا۔