بلال فرقانی
سرینگر// محکمہ جل شکتی(پی ایچ ای) ایک طرف صارفین پر پانی کا فیس ادا نہ کرنے کا الزام عائد کر رہی ہے اور دوسری جانب محکمہ میں آن لائن فیس کی ادائیگی کی ویب سائٹ گزشتہ2ماہ سے بیکار ہے۔ جموں کشمیر میں اگرچہ سرکاری محکموں سمیت عوام کو کروڑوں روپے پانی فیس کے واجبات ہیںاور محکمہ اس کی حصولیابی کیلئے کام بھی کر رہی ہے تاہم آن لائن طریقے کار سے فیس کی ادائیگی کرنے والوں کو محکمہ کی ویب سائٹ بیکار ہونے کے نتیجے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
بشارت احمد نامی ایک صارف نے بتایا کہ گزشتہ2ماہ سے وہ کوشش کر رہے ہیں کہ واجب الادا پانی فیس ادا کیا جائے تاہم محکمہ کی وئب سائٹ www.jkphedwaterbilling.com کام نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دور جدید میں جب بیشتر ادائیگیاں ڈیجٹل طریقے اور آن لائن ہو رہی ہیں اور اس محکمہ کی فیس کی وئب سائٹ بیکار ہونا انکی غفلت شعاری کا ثبوت ہے۔ سونہ وار سے تعلق رکھنے والے ایک اورصارف مشتاق احمد نے بھی اس طرح کی شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ جب صارفین پر فیس کی رقم کا بوجھ زیادہ ہوتا ہے تو اکثر اس کی ادائیگی نہیں کرپاتے،تاہم آن لائن طریقے سے انکا وقت بھی بچتا ہے اور فیس کی ادائیگی بھی وقت پر ہوتی ہے۔ان کا تاہم کہنا تھا کہ وئب سائٹ بیکار ہونے کے نتیجے میں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پر رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ سے اپیل کی کہ فوری طور پر بلنگ کی ویب سائٹ کو ٹھیک کیا جائے تاکہ صارفین بروقت فیس کی ادائیگی کرسکے۔