جاوید اقبال
مینڈھر//کیری گلہوتہ علاقے کے مکینوںکو درپیش پانی کی سنگین قلت کو دور کرنے کے لئے محکمہ جل شکتی کی جانب سے جاری اسکیموں پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ محکمہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (اے ای ای) مجید چودھری کی ہدایت پر جونیئر انجینئر طارق خان نے جمعرات کو علاقے کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا موقعے پر جاکر جایزہ لیا۔اس دوران جونیئر انجینئر طارق خان نے متعلقہ ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایت دی کہ جاری کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو وقت پر پینے کے لئے صاف پانی دستیاب ہو سکے۔ انہوں نے اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ مقامی افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔دورے کے دوران سماجی کارکن منور خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مقامی لوگوں نے شکایت کی کہ پہاڑی علاقوں میں پانی کی فراہمی ایک بڑا مسئلہ ہے، اور صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔طارق خان نے عوام کو یقین دلایا کہ محکمہ جل شکتی ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے پوری طرح سے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری اسکیموں کو جلد مکمل کیا جائے گا، جس سے علاقے میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا اور عوام کو صاف پانی دستیاب ہوگا۔علاقے کے مکینوں نے محکمہ کے افسران کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری ترقیاتی کام جلد پایہ تکمیل تک پہنچیں گے اور پانی کی قلت کا خاتمہ ہوگا۔یہ پہاڑی علاقہ برسوں سے پانی کی قلت کا شکار ہے، لیکن محکمہ جل شکتی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات لوگوں میں ایک نئی امید جگا رہے ہیں۔