مہاراشٹر کے نوجوانوں کے وفد سے بات چیت
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے منگل کو محکمہ تواضع کے جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ کے کام کاج کوبہتر بنانے اور ریونیومیں اِضافے کے لئے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے کے اقدامات پر زور دیا۔اُنہوں نے اثاثوں اور جاری سیاحت اور گیسٹ ہاؤس کی تعمیر کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سیاحوں کے لئے گیسٹ ہاؤسز، کنونشن سینٹروں اور کانفرنس کی سہولیات کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال پر زور دیا اور سیاحت اور مہمان نوازی سے متعلق ضروریات کے لئے وَن سٹاپ سلوشن فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) اَقدامات کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ماڈل کو اَپنانے سے کارکردگی میں اِضافہ ہوگا اور محکمہ کے لئے اِضافی آمدنی پیدا ہوگی۔میٹنگ میں مختلف سرکاری گیسٹ ہاؤسز میں کرایہ کے ڈھانچے اوربُنیادی ڈھانچے کی تزئین و آرائش پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ،چیئرمین جموں وکشمیر رئیل سٹیٹ ریگولیٹری اَتھارٹی (جے کے آر اِی آر اے) ستیش چندرا،پرنسپل سیکرٹری محکمہ خزانہ سنتوش ڈی ویدیا، کمشنر سیکرٹری محکمہ مہمان نوازی و خاطر تواضع اور پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر ڈاکٹر رشمی سنگھ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری،سیکرٹری پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) بھوپندر کمار،سیکرٹری قانون اچل سیٹھی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ ادھرلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل راج بھون میں مہاراشٹر کے نوجوانوں کے وفد سے بات چیت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان نوجوانوں کا خیرمقدم کیا جو ایک بھارت شریشٹھا بھارت پہل کے تحت یووا سنگم کے لیے جموں و کشمیر کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد دونوں خطوں کے نوجوانوں، بشمول کیمپس اور کیمپس سے باہر طلباء کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔”یووا سنگم نئی تعلیمی پالیسی کی روح کی عکاسی کرتا ہے جس میں تجرباتی تعلیم پر توجہ دی جاتی ہے اور نوجوانوں کو ملک کے بھرپور تنوع اور قدیم ورثے کے متنوع پہلوؤں کو تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر اور مہاراشٹر کے درمیان گہرے روحانی، ثقافتی، جذباتی اور تخلیقی رشتے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کی روایات کی جڑیں عقیدت مندانہ عقائد میں گہری ہیں۔ انہوں نے مندوبین کو یہ بھی بتایا کہ جموں و کشمیر یوٹی میں مہاراشٹر بھون کی تعمیر کے لیے زمین فراہم کی گئی ہے۔اس موقع پر این آئی ٹی سری نگر کے فیکلٹی ممبران اور نوڈل افسران بھی موجود تھے۔