سرینگر//خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے متعلقین کو ہدایت دی ہے کہ وہ راشن بیچنے کے سرکاری گوداموں اور فئیر پرائس شاپس میں 25 اکتوبر سے پائیلٹ بنیادوں پر پی او ایس مشینیں نصب کرنا شروع کر دیں ۔ وزیر موصوف نے ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی او ایس مشینیں نصب کرنا ای پی ڈی ایس کی عمل آوری کا ایک حصہ ہے ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ یہ کام ضلع سانبہ سے شروع کیا جانا چاہئیے تا کہ کوئی بھی تکنیکی دقت آنے کی صورت میں اسے پوری ریاست میں نصب کرنے سے پہلے ہی دور کی جا سکے ۔ پروجیکٹ کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ پی او ایس مشینوں کی بدولت محکمہ کو سرکاری سٹور میں ہونے والے مالی لین دین کے بارے میں جانکاری مل پائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بدولت شفافیت کے عمل کو بھی فروغ حاصل ہو گا ۔ میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ اس پروجیکٹ کے تحت پوری ریاست میں لگ بھگ7 ہزار پی او ایس مشینیں نصب کی جائیں گی اور یہ پورا عمل اگلے تین ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا ۔ وزیر نے کہا کہ موسمِ سرما کے پیش نظر یہ کام جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ بھاری برفباری کی وجہ سے کچھ علاقوں تک رسائی ممکن نہیں ہو پاتی ہے ۔ کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے شفیق احمد رینہ ، ڈائریکٹر کشمیر ایف سی ایس اینڈ سی اے نثار احمد وانی اور دیگر متعلقہ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔