جموں// محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے ریٹائرڈ اسسٹنٹ کلچرل آفیسر عبدالغنی ترالی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔اس سلسلے میں ناظم اطلاعات گلزار احمد شبنم کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں محکمہ کے تمام افسروں اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔میٹنگ میں سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی ۔ڈائریکٹر نے مرحوم ترالی کی خدمات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے محکمہ اطلاعات کی کلچرل وِنگ میں ایک بانی کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دئیے۔ناظم اطلاعات نے کہا کہ مرحوم نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر منعقدہ ثقافتی پروگراموں میں ریاست کی نمائندگی کر کے ریاست کا نام روشن کیا۔اسی طرح کی تعزیتی میٹنگ کا انعقاد جوائنٹ ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن کشمیراور کشمیر صوبے کی کلچرل وِنگ کے علاوہ ضلع اطلاعاتی مراکز ضلع اننت ناگ اور پلوامہ میں بھی منعقد ہوئیں۔