سرینگر// محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ اور بی لائن سروسز کے اشتراک سے ایران کے موسیقاروں کے اعزاز میں محکمہ کے نئے تعمیر شدہ آڈیٹوریم میں صوفیانہ شامِ موسیقی کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد موسیقی اور صوفی اِزم کے حوالے سے ایران اور کشمیر کے رشتے کو اُجاگر کرتا تھا۔ پروگرام کا افتتاح محکمہ کے ڈائریکٹر منیر الاسلام نے کیا جنہوں نے اپنے افتتاحی کلمات میں ایران اور کشمیر کے تمدن رشتوں کی سراہنا کی۔اس موقعہ پر ایران کے مشہور شاعر ڈاکٹر مصطفی رحمان دوست نے ایران اور کشمیر کے تمدن رشتوں کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے مذہب ، کلچر ، فنون اور موسیقی کے ذریعے ایران کا کشمیر سے رابطہ رہا ہے اور موجودہ منظر نامے میں اِن رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ مشہور کشمیری گلو کار اُستاد مشتاق احمد ساز نواز اور اُستاد منیر احمد میر نے حفیظ شیرازی اور امیر خسرو کا کلام گا کر سامعین کو محظوط کیا۔ پروگرام کے منتظم مرزا غضنفر نے پروگرام کے انعقاد کے حوالے سے بولتے ہوئے کہا کہ اس سے سماجوں کو ملانے میں مدد ملتی ہے اور عقیدتی سیاحت کو بھی فروغ ملتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر کے دورے کے بعد ایرانی مہمان یہاں کے سفیر بن کے جائیں گے ۔ انہوںنے تمدنی ، لسانی ، جغرافیائی ، مذہبی اور دیگر شعبوں میں ایران اور کشمیر کے ہم آہنگی کو بھی اُجاگر کیا۔ مذکورہ گروپ اپنے دورے کے دوران مختلف سیاحتی اور مذہبی مقامات کی سیر کریں گے ۔