محنت کشوں کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار

جموں //محنت کشوں کے عالمی دن کی مناسبت سے اسسٹنٹ لیبر کمشنر اور ان کی ٹیم کی طرف سے ویشنو دیوی نارائنا سپر سپیشلٹی ہسپتال کا دورہ کیاگیاجہاں ایک سیمینار کا انعقادہوا ۔اسسٹنٹ لیبر کمشنر ریاسی پرادیوت گپتا کے ہمراہ لیبر افسر سریندر کمار اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹی ممبر زیپسی بڈیال بھی تھے ۔ اس دوران لیبر کمشنر نے تمام ملازمین سے ان کے حقوق کے بارے میں بات کی ۔گپتا نے کہاکہ محکمہ لیبر کا مقصد تمام ملازمین کو ایک جیسے حقوق فراہم کرنااور ورکروں کا ان کا حق دلاناہے ۔ انہوں نے اس دوران کم سے کم اجرت ایکٹ، ایمپلائز کمپنسیشن ایکٹ اور دیگر لیبر قواین کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے تمام ملازمین کو یقین دلایاکہ وہ ان کی مدد کیلئے ہر وقت دستیاب رہیں گے ۔انہوںنے کہاکہ ناانصافی اور ہراسانی ہونے کی صورت میں کوئی بھی ملازم کسی بھی وقت ان سے مل سکتاہے ۔