سرینگر//حریت کانفرنس(گ) کی طرف سے مزاحمتی رہنما محمد یوسف ندیم کے آبائی قصبہ سیندی پورہ بڈگام میں ایک تعزیتی اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب کیا اور محمد یوسف ندیم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم رواں جدوجہدِ کے ایک شاہین صفت حریت پسند رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک انتہائی نکتہ سنج، فہیم، نڈر اور بے باک نوجوان تھا جس میں تحریک کے حوالے سے دانشورانہ صلاحیتیں موجود تھیں۔ گیلانی نے اُنہیں انتہائی بے دردی کے سات جاں بحق کرنے کو انتظامیہ کے طرزِ عمل پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ حیرت کا مقام ہے کہ انتظامیہ قاتلوں کو پناہ دینے سے بھی گریز نہیں کرتی ہے۔ حریت رہنما نے اس عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان حرکتوں اور قاتلانہ سازشوں سے حریت پسند رہنماو¿ں یا کارکنوں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اُن کے پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ تعزیتی اجتماع کی صدارت کے فرائض حریت جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی نے انجام دئے۔ اجتماع سے جن دیگر مزاحمتی رہنماو¿ں یا نمائندوں نے محمد یوسف ندیم کو خراج عقیدت ادا کیا اُن میں نور محمد کلوال(لبریشن فرنٹ)،محمد یوسف بٹ (عوامی ایکشن کمیٹی)، بلال صدیقی(تحریک مزاحمت)،ایڈوکیٹ محمد شفیع ریشی، نثار حسین راتھر، محمد یاسین عطائی (پیپلز لیگ)،حکیم عبدالرشید، سید محمد شفیع، مصعب احمد، غلام محمد ناگو، محمد یوسف نقاش،غلام احمد گلزار، مختار احمد صوفی، محمد یوسف بٹ، سید امتیاز حیدر، نمائندہ کشمیر تحریکِ خواتین کے علاوہ غلام علی گلزار اور محمد علی شجاع شامل تھے۔حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی ہدایت پر مشتاق احمد صوفیءفاروق احمد سوداگر اور محمد یوسف بٹ پر مشتمل ایک وفد نے سیندی پورہ بڈگام جاکر مزاحمتی رہنما محمد یوسف ندیم کی اجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریب میں شرکت کی۔وفد نے اس موقعہ پرموصوف کی رواں تحریک مزاحمت کے تئیں ان کی خدمات اور قربانیوںکو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ موصوف روز اول سے ہی رواں تحریک مزاحمت سے جڑے ہوئے تھے اور ان کے قتل میں جو بھی عناصر ملوث ہیں وہ نہ تو تحریک اور نہ کشمیری عوام کے بہی خواہ ہو سکتے ہیں۔ لبریشن فرنٹ کا ایک وفد جس میں زونل صدر نور محمد کلوال، زونل آرگنائزر بشیر کشمیری ،قائد ظہور احمد بٹ، ضلع صدر بڈگام گلزار احمد پہلوان، اور مولوی عبدالرشید قابل ذکر ہیں نے سیندھی پورہ بڈگام جاکر حریت قائد محمد یوسف ندیم کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے محمد یوسف ندیم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔وفد میںشوکت احمد خان، نذیر احمد بٹ اور سجاد احمد لون شامل تھے۔محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر نے محمد یوسف ندیم کی ہلاکت پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کو نامعلوم افراد نے قتل کرکے مزاحمتی تحریک کو زک پہنچانے کی کوشش کی،جو انتہائی قابل مذمت ہے۔دریں اثنا تحریک مزاحمت کا ایک وفد بلال صدیقی کی قیادت میں سندی پورہ گیا اور یوسف ندیم کے چہارم میں شرکت کر کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرکے ان کے حق میں مغفرت کی دعا کی۔ وفد میں شیخ معصیب ، ریاض احمد اور محمد رفیق شامل تھے۔
بار ایسوسی ایشن بڈگام کا اظہار افسوس
سرینگر//بار ایسوسی ایشن بڈگام نے نامعلوم افراد کے ہاتھوں مزاحمتی لیڈر محمد یوسف ندیم کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا ہے۔اس سلسلے میں بار کی طرف سے ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں بار سے وابستہ سبھی وکلاءنے شرکت کی ۔بار سیکریٹری کے مطابق مرحوم بارایسوسی ایشن بڈگام کے سینئر ممبرایڈوکیٹ محمد مقبول جان کے نزدیکی رشتہ دار تھے۔انہوں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
غلام محمد بلا کی قربانی ناقابل فراموش :مزاحمتی خیمہ
برسی پر دعائیہ تقریب اور فاتحہ خوانی
سرینگر// پیپلز پولیٹکل فرنٹ،پیپلز لیگ، پیپلز فریڈم لیگ ، سالویشن مومنٹ اور اسلامک پولٹیکل پارٹی نے سرکردہ مزاحمتی رہنما غلام محمد بلا کی برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کشمیر کی تحریک آزادی کا ایک ناقابل فراموش کردار ہے جنہوں نے ریاستی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے اندرا عبداللہ ایکارڑ کو مسترد کیا جس کے نتیجے میں انہیںزیر حراست جاں بحق کیا گیا۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے غلام محمد بلا کی43ویں برسی پر سوپور میںایک تقریب کے دوران انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔مصدق عادل نے کہا کہ مرحوم ایک سنجیدہ، حساس اور انقلابی مزاج والے حریت پسند تھے جس نے 1975 میں اندراعبداللہ ایکارڈ کے خلاف تحریک کے دوران سوپور میں عوام کو متحرک کرنے میں کلیدی کردار ادا کیاجس کی بناءپر انہیں ایک سازش کے تحت گرفتار کرکرلیا جس کے بعد سرینگر سنٹرل جیل میں زیرِ چوب جاں بحق کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے43 برس گزرنے کے بعد سے اب تک جو کشمیر کی صورتحال رہی وہ عیاں ہے۔ پیپلز لیگ کی جانب سے ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں لیگ کے حاجی محمد رمضان،غلام قادر راہ،عبدالرشید ڈار،محمد شفیع میر،ماسٹر عبدالرشید،مشتاق احمد صوفی اور غلام نبی بلا کے علاوہ کئی کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر غلام محمد بلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15فروری 1975 کو لیگ کی طرف سے غلام محمد خان سوپوری ،عبدالرزاق بٹ اور غلام محمد بلا کی قیادت میں اندرا عبداللہ ایکارڑ کے خلاف سوپور چوک میں احتجاجی جلوس نکالا گیا جس پر پولیس نے لاٹھی چارج،ٹیئرگیس اور گولیوں کا استعمال کیا۔ اس کارروائی میں خان سوپوری زخمی ہوئے اور غلام محمد بلا کو پولیس نے گرفتار کرکے شدید ٹارچر کرکے زیرحراست جاں بحق کیا۔پیپلز فریڈم لیگ ترجمان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے حکمرانوں نے جس بے دردی کے ساتھ انہیں زیر حراست جاں بحق کیا وہ حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کامصائب و مشکلات کے باوجود اپنے اصولی موقف پر چٹان کی طرح قائم رہنا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ حق کے علمبردار تھے۔اس دوران سالویشن مومنٹ کا ایک وفد نے مرحوم کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔وفد میںفاروق احمد ،جاوید احمد اور مشتاق احمد شامل تھے۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم موت کو گلے لگانے تک اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے رہے ۔