نئی دہلی //دلی کی ایک عدالت نے لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو24مئی تک جوڈیشل حراست میں دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج راکیش سیال نے تہار جیل کی اس درخواست پربھی سرکاری وکیل کی وضاحت طلب کی جس میں یاسین ملک کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش عدالت کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔اس سے قبل ملک کو جموں کے کوٹ بلوال جیل، جہاں وہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ایام اسیری کاٹ رہا تھا،سے انہیں دلی لیجایا گیا ۔ ادھرجموں کشمیر ہائی کورٹ نے ملک کیخلاف سی بی آئی کے تین کیس کوکھولنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔خیال رہے گذشتہ ہفتے ملک کے قریبی رشتہ داروں نے سرینگر میں ایک پرس کانفرنس میں کہا تھا کہ اْنہوں نے جیل میں اپنی غیر قانونی حراست کیخلاف بھوک ہڑتال شروع کی ہے جس کے دوران اْن کے صحت کی حالت خراب ہوئی ہے جس کے بعدان کے افرد خانہ اور لوگوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
انسانی حقوق کمیشن کا نوٹس
ریاستی سرکار کو رپورٹ پیش کرینکی ہدایت
بلال فرقانی
سرینگر//بشری حقوق کے ریاستی کمیشن نے محمد یاسین ملک کو تفتیشی ایجنسی(این آئی اے) کی طرف سے گرفتارکرنے پر حکومت کو مکمل تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محمد یاسین ملک کو گرفتاری کے دوران ہی این آئی اے نے جموں کے کوٹ بلوال جیل سے پوچھ تاچھ کیلئے دہلی پہنچایا جہاں سے انہیںتہاڑ جیل منتقل کیا گیا۔ ملک کی این آئی اے کی جانب سے گرفتاری کے خلاف بشری حقوق کارکن محمد احسن اونتو نے انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے،جس کی سماعت کے دوران کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) بلال نازکی نے ریاستی چیف سیکریٹری،کمشنر سیکریٹری داخلہ اور پولیس کے سربراہ کے نام نوٹسیں اجرا کرتے ہوئے انہیں کمیشن میں مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اونتو نے کمیشن میں اپنی درخواست میں کہا تھا کہ محمد یاسین ملک معروف سیاسی کارکن ہے،اور انہیں پی ایس اے کے تحت بند کیا گیا اور بعد میں این آئی اے کے سپرد کیا گیا’’جو غیر قانونی ہے۔ محمد یاسین ملک کو22فروری کو پولیس نے حراست میں لیا،جس کے بعد کئی روز تک تھانہ کوٹھی باغ میں نظر بند رکھنے کے بعد7مارچ کو ان پر پی ایس اے کا اطلاق کیا گیا اور جموں کے کوٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا۔
این آئی اے کا نوٹس
گیلانی کے نواسے کی طلبی
سرینگر/اشفاق سعید/ قومی تفتیشی ایجنسی( این آئی اے) نے حریت (گ ) چیئرمین سیدعلی شاہ گیلانی کے نواسے انیس الاسلام شاہ کو29اپریل کو دہلی ہیڈ کوارٹر طلب کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ انیس الاسلام کو بدھ کے روز این آئی اے کی طرف سے مطلع کیا گیا کہ وہ29 اپریل کو قومی تحقیقاتی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر دہلی میں حاضر رہیں۔ انیس شاہ ، گیلانی کے فرزند نسبتی الطاف احمد شاہ کے بیٹے ہیں ۔ الطاف احمد شاہ سال 2017سے تہار جیل میں ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔اس سے قبل این آئی اے نے گیلانی کے دو بیٹوں کی بھی پوچھ تاچھ کی ہے۔