نئی دہلی، ۱۶ اکتوبر (یواین آئی)دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تیزگیندباز محمدعامر ان کے لئے اب تک سب سے چیلنجنگ گیندباز رہے ہیں۔ہندوستانی ٹیم کو نمبر ایک تک لے جانے والے وراٹ نے ٹسٹ اور ون ڈے سبھی فارمیٹ میں نہ صرف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا بلکہ کافی ریکارڈ بھی اپنے نام کیے ۔ کسی بھی غیرملکی ٹیم کے لئے وراٹ سب سے زیادہ چیلنج بن گئے ہیں لیکن جب وراٹ سے یہ پوچھا گیا کہ کس گیندباز کا سامنا کرنا سب سے مشکل ہے تو انہوں نے واضح الفاظ میں پاکستان کے تیزگیندباز عامر کا نام لیا۔ اسپاٹ فکسنگ میں معطلی کے بعد پاکستان کی ٹیم میں پھر سے واپسی کرنے والے محمدعامر بھی کئی مرتبہ وارٹ کوہلی کی تعریف کرچکے ہیں ۔ یہاں تک خود وراٹ نے بھی عامر کی واپسی پر ان سے بات چیت کرکے حمایت کی تھی۔ ہندوستانی کپتان نے کہا تھا کہ عامر کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپس دیکھ کر وہ بے حد خوش ہیں۔ بالی ووڈ ادکار عامر خان کے ساتھ ایک چیٹ شو میں وراٹ نے اس سلسلے میں پوچھے جانے پر کہا کہ پاکستان کے تیزگیندباز محمدعامر دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو انہیں میدان پر پریشان کردیتے ہیں۔ وراٹ نے کہا کہ میں نے اپنے کیریر میں جن بھی گیندبازوں کا سامنا کیا ہے ان میں عامر سب سے زیادہ چیلنجنگ رہے ہیں۔ہندوستانی کپتان نے کہا کہ جب آپ کو محمدعامر کا سامنا کرنا ہوتا ہے تب آپ کو اپنا 'اے گیم' کھیلنا ہوگا نہیں تووہ آپ کو پچ پر ٹکنے نہیں دیں گے ۔ وہ اچھے گیندباز ہیں۔ وراٹ اور پاکستانی گیندباز عامر کے مابین میدان اور میدان کے باہر کئی مرتبہ کافی نزدیکیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔عامر نے کہا تھا کہ وہ وراٹ کے بڑے مداح ہیں۔ تو وہیں وراٹ نے گزشتہ سال ٹی۲۰ عالمی کپ سے پہلے عامر کو اپنا بلا تحفے میں دیا تھا۔یواین آئی۔