کراچی// پی ایس ایل کے سیزن 4 میں آل راونڈر محمد حفیظ ٹیم لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے۔لاہور قلندرز فرنچائز کے مالک فواد رانا کے ساتھ پریس کانفرس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ لاہور قلندرز کی قیادت میرے لیے چیلنج ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے زیادہ میچز پاکستان میں ہونے کی وجہ سے خوش ہوں اور لاہور قلندرز کی کوشش ہے کہ سب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں۔محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کے تھنک ٹینک کو ٹیم کا اچھا کومبی نیشن بنانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں متوازن لگ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی پرفارمنس پر بات نہیں کروں گا بلکہ مستقبل کی پرفارمنس پر نظر ہوگی، لاہور قلندرز کے پاس چیمپئن بننے کے لئے تمام کھلاڑی موجود ہیں۔حفیظنے کہا کہ لاہور قلندرز نے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو امید دلائی اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہے ہیں۔