حسین محتشم
پونچھ//سماجی اصلاحات اور عوامی بہبود کے لئے انتھک کوششوں کے اعتراف میں چوہدری محمد اسد نعمانی چیئرمین سری مستان قبائلی گوجر ویلفیئر فاؤنڈیشن کو یومِ جمہوریہ 2025کے موقعہ پرجموں و کشمیر حکومت کے سرکاری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فاؤنڈیشن کے ایک رکن نے کہاکہ یہ ایوارڈ نعمانی کی پسماندہ طبقوں خصوصاً پیر پنجال خطے کے عوام کی خدمت کے لئے بے لوث خدمات کا اعتراف ہے۔ فاؤنڈیشن کی حالیہ برسوں میں کی گئی بے شمار سماجی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نعمانی کی قیادت میں فاؤنڈیشن نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خصوصی اقدامات کے ذریعے محروم طبقوں کی زندگیوں کو بہتر بنایا ہے۔ نعمانی کی سماجی اصلاحات اور عوامی بہبود کے لئے جدوجہد نے کئی افراد اور اداروں کو ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کی تشکیل میں ان کے مشن میں شامل ہونے کی ترغیب دی ہے۔ یہ ایوارڈ ایک شخص کی مثبت تبدیلی لانے کی قوت کا بہترین مظہر ہے۔ نعمانی کی کامیابی محروم طبقوں کو بااختیار بنانے میں تعاون اور اجتماعی عمل کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ فاؤنڈیشن کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں فاؤنڈیشن کی کور ٹیم نے چوہدری محمد اسد نعمانی کو اس قابلِ فخر اعزاز پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی فاؤنڈیشن کی قیادت جاری رکھیں گے تاکہ سماجی اصلاحات اور بہبود کے لئے مزید کام کیا جا سکے۔ فاؤنڈیشن کی اہم کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے پریس ریلیز میں لکھا گیا’’سری مستان قبائلی گوجر ویلفیئر فاؤنڈیشن نے پیر پنجال کے پسماندہ طبقوں کو ضروری مدد فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اس کے کام نے جموں و کشمیر کے غریب اور محروم طبقوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ ایوارڈ مثبت تبدیلی لانے کے لئے اداروں، حکومت اور افراد کے درمیان تعاون کی طاقت کا اعتراف ہے‘‘۔ لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا میں ڈیولپمنٹ افسر اور مرحوم مولانا محمد شریف نعمانی کے بڑے بیٹے چوہدری محمد اسد نعمانی نے حکومت، خیر خواہوں اور حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس ایوارڈ کو فاؤنڈیشن کے تمام ارکان خصوصاً کور ایگزیکٹو باڈی کے نام منسوب کیا۔