حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پرمحلہ پاور ہاؤس تا اعلی پیر سڑک خستہ خالی کا شکار ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڈھے پڑے ہوئے ہیں جن سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سڑک نہیں ہے کوئی نالہ ہے۔ اس اہم سڑک کی خستہ حالی کے باعث وہاں سے گزرنے والے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ سے شدید برہمی کا اظہار کیاہے۔سماجی کارکن پرویز مغل نے خبردار کیا ہے کہ اگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 15 دن کے اندر سڑک کی مرمت نہ کی گئی تو وہ احتجاجاً اپنے خرچ پر اس سڑک کی مرمت کرائیں گے اور ضلعی انتظامیہ کو شرمندگی اٹھانی پڑے گی۔علاقہ کے دیگر لوگوں کا کہنا تھا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ان کو چلنے میں دشواریاں آرہی ہیں جبکہ گاڑیوں کا بھی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارہا انتظامیہ کو اس طرف متوجہ کروایا گیا ہے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ذاتی مداخلت کر کے سڑک کی مرمت کروانے کا مطالبہ کیا۔