سرینگر//محاذآزادی نے لبریشن کے بانی رہنما امان اللہ خان کو برسی پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ محاذ آزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے امان اللہ خان کو برسی پر احترام بھرا خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ ان جیسی شخصیات قابل تحسین و قابل تقلید ہیں جو مشکلات اور تکالیف کاراستہ اپناکر غیرت اور خود داری کے راستہ پر گامزن رہتے ہیںاور بکنے،جھکنے اورتکھنے سے مبرا جہد مسلسل پر قائم ودائم رہے۔ اعظم انقلابی نے کہا کہ امان اللہ خان کی موت سے وہ ایک دوست،ایک نظریاتی ساتھی سے محروم ہوگئے جس نے اپنا تن من دھن غرض سب کچھ تحریک آزادی کشمیر کے لئے نچھاور کیا اور آنے والے ہر دور میں ان کی کمی محسوس کریں گے۔ ادھر محاذآزادی کے صدر محمد اقبال میر نے امان اﷲ خان کی دوسری برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہا انہوں نے جس محنت اور لگن کے سا تھ سفارتی اور سیاسی سطح پر بیرونی ملکوں میں مسئلہ کشمیر کو حقیقت پسندانہ بنیادوں پراُجاگرکیا وہ کشمیر کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ اقبال میر نے کہاکہ ’میں نے امان صاحب کے ساتھ اپنے پانچ سالہ قرابت میں امان صاحب کو ایک عظیم انسان پایا جسکا اوڑھنا بچھونا کشمیر کی تحریک آزادی تھی ‘۔ دریں اثنا محاذآزادی کے نائب صدر قطب عالم نے جامع مسجد ملہ پورہ سوپور میں نماز جمعہ پر خطاب میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیر میں ہورہی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔اس دوران ماس مومنٹ کے چیئرمین مولوی بشیر عرفانی نے لبریشن فرنٹ کے سربراہ امان اللہ خان کو انکی برسی کے موقعہ پرخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے آزادی کو وہ متوالہ قرار دیا،جنہوں نے کسی بھی صورت میں وقت کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا۔