محمد تسکین
بانہال//ادہمپور کے تھارڈ علاقے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پیر کے روز بدستور7 روز سے گاڑیوں کی آمدوررفت کیلئے بند رہی ۔حکام کی تمام تر کوششوں کے باوجود مجموعی طور 14روز سے بند شاہراہ کی جلد بحالی کے امکانات بارشوں اور زمین کھسکنے کیوجہ سے مزید تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں ۔ ادہمپور میں بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی ٓف انڈیا شبھم یادو نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ادہمپور کے تھارڈ علاقے میں بحالی کا کام وقفے وقفے کی بارشوں کے باوجود جاری ہے اور علاقے میں پیر کی دوپہر تک رک رک کر ہورہی بارشوں ، کیچڑ اور چٹانیں شاہراہ کی بحالی میں تین روز کی تاخیر کا باعث بنی ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی شام مزید 4مقامات پر پہاڑی سے بھاری ملبہ گر آیا نیزبھاری چٹانوں کو توڑنے کیلئے بارودی مواد کا پھر استعمال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ منگل کی صبح تک قومی شاہراہ پر کو ٹریفک کیلئے بحال کیا جائیگا اور اس کیلئے رات بھر کام جاری رکھا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ تھارڈ میں ڈھہ گئی شاہراہ کو دوطرفہ ٹریفک کے قابل بنانے کا کام کیا گیا ہے اور پہلے یکطرفہ ٹریفک کو نکالا جائیگا اور سڑک ٹھیک ہونے کے بعد دو طرفہ ٹریفک چلایا جائیگا ۔موسلا دھار بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد متعدد ناکہ بندیوں کی وجہ سے ہائی وے 26 اگست سے بند ہے۔ تاہم اسے 30 اگست کو چند گھنٹوں کے لیے دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر شاہراہ 13 دنوں سے بند ہے۔